New Age Islam
Fri Mar 21 2025, 06:19 AM

Urdu Section ( 10 March 2025, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Will Shaikh Hasina Celebrate Eid In Bangladesh? کیا شیخ حسینہ عید بنگلہ دیش میں منائیں گی؟

نیو ایج اسلام اسٹاف رائیٹر

10 مارچ 2025

بنگلہ دیش میں سیاسی اور فوجی سطح پر بہت اتھل پتھل مچی ہوئی ہے اور حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔5 فروری کو بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کے آبائی مکان کو بلوائیوں نے مسمار کردیا تھاکیونکہ اس دن شیخ حسینہ فیس بک لائیو پر قوم سے خطاب کرنے والی تھیں اور ان کی پارٹی نے ملک گیر سطح پر احتجاج اور ہڑتال کا پروگرام طئے کیا تھا۔ حسینہ کے مخالفین کو یہ خوف تھا کہ اگر وہ ملک واپس آگئیں تو وہ دوبارہ اقتدار میں آجائیں گی۔ لہذا ، مخالفین اور محمد یونس کے پس پشت کھیل کھیلنے والی پاکستانی لابی نے اس کے بعد سے ملک میں تشدد اور انتشار میں شدت لانے کا فیصلہ کیا۔اسی سلسلے کی ایک کڑی جمعہ کو ممنوعہ انتہا پسند تنظیم حزب التحریر کا خلافت مارچ تھا۔ اس مارچ کے لئے بظاہر تو یونس حکومت نے اجازت نہیں دی تھی لیکن اسے روکنے میں کوئی خاص دلچسپی بھی نہیں دکھائی۔اس دوران آئی ایس آئی نے بنگلہ دیش کے کئی فوجی کنٹونمنٹ میں اپنے دفتر کھول لئے اور یونس سرکار سے بنگلہ دیشی فوجی افسران کی تربیت کے معاہدے کی آڑ میں حزب التحریر اور القاعدہ کو تقویت دینی شروع کردی اور خلافت کے قیام کے نام پر ملک کے مذہبی شدت پسندوں کو بڑھاوا دینا شروع کردیا۔

 آرمی چیف وقارالزماں کو ہٹانے کی سازش بھی ہونے لگی اور ان کی جگہ پاکستان نواز اور حزب التحریر کے حامی کوارٹر ماسٹر لیفٹیننٹ جنرل فیض الرحمان کو بنگلہ دیش کا آرمی چیف بنانے کی کوشش بھی ہونے لگی۔ اس سے قبل بھی فیض الرحمان وقارالزماں کو ہٹانے کی سازش کرچکے ہیں ۔ 21 جنوری کو پاکستان کے فوجی افسران اور آئی ایس آئی افسران کوفیض الرحمان نے ہی ہلایا تھا اور گفتگو کی تھی۔وہ اسی ماہ عید سے قبل دوبارہ پاکستان جانے والے تھے ۔ اس دورے کا مقصد وقارالزماں کو ہٹا کر آرمی چیف کا عہدہ حاصل کرنے میں پاکستان کی۔مدد حاصل کرنا اور اسلحے حاصل کرنا تھا۔ ادھر مارچ کے پہلے ہفتے میں وقارالزماں سنٹرل افریقن ریپبلک کے دورے پر گئے تھے جہاں بنگلہ دیش کے 9 ہزار فوجی پیس کیپنگ فورس کا حصہ ہیں۔ لیکن جب وہ جمعہ7مارچ کو واپس آئے تو ان کے طیارے کو ڈھاکہ میں اترنے نہیں دیا گیا۔ انہیں اس دن قتل کردینے کا منصوبہ تھا لیکن وقارالزماں تیج پور کے ہوائی اڈے پر اترے اور فیض الرحمان اور پاکستانی لابی کےمنصوبے کوناکام بنادیا۔ یہ خبر کرنل ریٹائرڈآ ر کے سریواستو نے ایک بانگلہ نیوز چینل کودی۔ اس کے بعد وقارالزماں نے فیض الرحمان اور ان کے کئی حامی فوجی افسران کو گرفتار کرلیا اور انہیں نامعلوم مقام پر رکھاگیا ہے۔یہ سارا کھیل اتنے خفیہ طریقے سے ہوا کہ میڈیا کواس کی خبر بھی نہیں لگی۔

لگتا ہے کہ حکومت ہندنے بنگلہ دیش میں پاکستان اور چین کے بڑھتے ہوئے اثر اور ہند مخالف سازشوں کوناکام بنانے کافیصلہ کرلیا ہے اور ا س مقصد کی تکمیل کے لئےاس نے شیخ حسینہ کو فوجی تحفظ کے ساتھ بنگلہ دیش بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔واضح ہو کہ بنگلہ دیش کے قانون داں نیجھوم مجمدار نے ایک بانگلہ ٹی وی چینل کو یہ خبر دی تھی کہ ہندوستان کی وزارت خارجہ کے چار سکریٹری سطح کے افسران نے 4 مارچ سے 7 مارچ تک بنگلہ دیش کا خفیہ دورہ کیا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ 3 مارچ کوبنگلہ دیش کے چیف آف آرمی اسٹاف وقارالزماں افریقہ کے لئے روانہ ہو چکے تھے ۔ان کے غائبانے میں چار ہندوستانی وزارت خارجہ کے سکریٹریوں کابنگلہ دیش جانا پراسرار معاملہ ہے۔وقارالزماں اسی دن بنگلہ دیش لوٹے جس دن ہندوستانی وفد بنگلہ دیش سے وطن لوٹا۔ نیجھوم مجمدار نے چار افسران کے بنگلہ دیش دورےکامقصد سرحدی اورمعاشی معاملے پر گفتگوبتایا۔ لیکن کولکاتا کے ایک سینئیر جرنلسٹ ترون گھوش نے اس دورے کے اصل مقصدپر سے پردہ اٹھایا۔ترون گھوش نے اپنے یوٹیوب چینل پر معتبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ہندوستان کے افسران معاشی معاملوں پر گفتگو کرنے نہیں گئے تھے بلکہ شیخ حسینہ کے بنگلہ دیش میں قیام کا انتظام کرنے کے گئے تھے۔ترون گھوش کے مطابق چار ہندوستانی افسران میں را اور آئ بی کے افسران بھی شامل تھے اور انہوں نے شیخ حسینہ کے لئے کسی محفوظ مکان کی تلاش کی۔ اس سے ترون گھوش نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ہندوستانی حکومت نے شیخ حسینہ کوبنگلہ دیش بھیجنے کی تاریخ کا تعین کرلیا ہے۔ اور غالبا وہ عید سے قبل ہی بنگلہ دیش لوٹیں گی کیونکہ ترون گھوش کے ہی مطابق شیخ حسینہ نے کہا ہے کہ وہ عید بنگلہ دیش میں منائیں گی۔

ان تمام اطلاعات سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہےکہ بنگلہ دیش میں پاکستان اور چین کے خطرناک عزائم کو دیکھتے ہوئے آخر کار کوئی فیصلہ کن قدم اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور پاکستان کے خطرناک۔منصوبوں کو ناکام بنانے کا ایک ہی کاگر ذریعہ ہے شیخ حسینہ کو واپس مسند اقتدار پربٹھانا اور ان کے ذریعہ پاکستان نواز تنظیموں اور افراد کا قلع قمع کرنا۔ ترون گھوش کاقیاس ہے کہ 26 مارچ سے پہلے ہندوستان بنگلہ دیش میں کوئی بڑا فوجی اور سیاسی اقدام کرسکتا ہے۔

---------------------

URL: https://newageislam.com/urdu-section/shaikh-hasina-celebrate-bangladesh/d/134829

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..