New Age Islam
Mon Mar 27 2023, 11:13 AM

Urdu Section ( 3 Jan 2014, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

An Open Letter To Maulana Syed Arshad Madani مولانا سید ارشد مدنی صاحب کے نام کھلا خط

 

اور وہ کہ جب ان پر ظلم و زیادتی ہوتی ہے، تو اپنی فتح و نصرت کے لئے کارروائی کرتے ہیں ...... اور جو اپنے اوپر ظلم کے بعد  اپنا دفاع کریں اور مقابلہ کریں ان پر کوئی مواخذہ نہیں ۔( سورہ شوری: 39 و 41)

۔۔۔۔۔۔۔۔ مولانا سید ارشد مدنی صاحب کے نام کھلا خط ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مکرم و محترم مولانا ارشد مدنی صاحب دام ظلہ

اسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

خدا کرے آپ بخیر و عافیت ہوں۔

آپ کا بیان اشتہار  کے طور پر مختلف اخبارات میں کچھ دن پہلے شائع ہوا، جس میں آپ نے شاہ عبداللہ کی پالیسیوں کی صفائی جمعیۃ العلماء کی طرف سے پیش کرنے کی کوشش فرمائی ہے، اور آپ  نے دارالعلوم اور اس  سے وابستہ بے شمار اداروں  کابھی یہی موقف بتایا ہے، میرے  آپ سے کچھ سوالات ہیں،براہ کرم بذریعۂ اخبار ہی ان کا جواب عنایت فرمائیں ۔

1۔ آپ کے والد محترم مدنی علیہ الرحمہ جن مغربی بیرونی طاقتوں سے ۔ جن میں سرِ فہرت اس وقت ‘‘ ہندوستان میں برطانیہ کے انگریز تھے ’’ کہیں  فرانسیسی  تھے ، کہیں اطالوی ، کہیں روسی ۔ عمر بھر لڑتے رہے ،  اور جلا وطنی اور جیلوں کی سختیاں جھیلتے رہے ، آج سعودی حکومت انہیں  کی گود میں بیٹھی ہوئی ، جزیرۃ العرب میں بالخصوص اور پورے عالم اسلام میں بالعموم انہیں     کی پالیسیوں  پر عمل پیرا ہے، تیل کی کمپنیاں  ہوں یا سیکوریٹی کا با مخابراتی نظام ، وہ انہیں  کی نگرانی میں چل رہا ہے ، کیا کبھی اس پر غور کرنے کا جناب کو موقع ملا؟

2۔ سعودی حکومت نے  امریکہ  کا مکمل طور پر ساتھ دیتے ہوئے ، افغانستان کے دس لاکھ ، اور عراق کے بھی تقریباً دس لاکھ انسانوں کے قتل عام میں سرزمین حجاز کے اڈے انہیں فراہم کرتے ہوئے حصہ لیا، کیا آپ کو اس کی تفصیلات معلوم ہیں؟

3۔ سعودی حکومت  میں چلنے والے ادارے او رمعروف دینی شخصیات آپ کے تمام بزرگوں کو مبتدع اور گمراہ سمجھتے ہیں، سارے صوفیاء ان کے نزدیک قادیانیوں سے زیادہ گمراہ ہیں ، سارے اشعری اور ماتری علما ء  ان کے نزدیک مبتدع اور ضال ہیں، سارے حنفی علماء ان کے نزدیک صحیح سے ہٹے ہوئے ہیں ۔ ان کی یونیورسیٹیوں بالخصوص جامعہ اسلامیہ ۔ مدینہ منورہ میں  M.A اور  P.H.D  کے مقالات میں مولانا  قاسم نانوتوی، مولانا رشید احمد گنگوہی ، مولانا حسین احمد مدنی کو گمراہ ، مبتدع او رمشرک تک قرار دیا گیا ہے، ‘‘ دیوبندیت ’’ کو قادیانیت کی طرح ایک فرقہ کے طور پر پیش کیا گیا ، وہاں کے استاد  ربیع مد خلی آپ کے تمام علما ء تبلیغی جماعت، اور دیوبندی حضرات کو کافر قرار دیتے ہیں ، سعودی حکومت اور اس کے سرکاری علما ء ان کی سرپرستی کرتے ہیں ، مقالات کی منظوری دیتے ہیں ۔ حرمین کے اندر آپ کے بزرگوں کے خلاف تقریریں ہوتی ہیں، کوئی حنفی  عالم، امام حرم تو کیا، کسی مدرسہ میں عقیدہ کا استاد بھی نہیں ہوسکتا ، اس سب کے خلاف کھل کر کبھی آپ نے موقف اختیار کیا؟ کبھی آپ نے شئون اسلامیہ کے وزیر ، اور مفتی عام سےان موضوعات پر باتیں کیں؟ کبھی جامعہ اسلامیہ، یا جامعہ القریٰ ، یا جامعہ محمد بن سعود کے ہال میں آپ کو تقریر کرنے کاموقعہ ملا؟ کیا ان کے عقائد و نظریات آپ کے نزدیک صحیح ہیں؟

4۔ حرمین شریفین کی مادی خدمت اصل ہے یا معنوی اور دینی؟ کیا آنے والے لاکھوں انسانوں کو نمازوں کے بعد یا اس سے پہلے سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق ضروری دینی ہدایات دی جاتی ہیں؟  جب کہ آنے والوں کے ذریعہ بہت سی بے اصولیاں ہوتی ہیں؟ کیا عورتوں اور مردوں کے بے محا با اختلاط سے بچا نہیں  جاسکتا؟ کیا حرمین کے ارد گرد ہوٹلوں  کی قطاریں یہودی اور غیر مسلم کمپنیوں  کی نہیں ہیں؟  کیا ان میں ٹی وی چینلوں  پر ہر طرح کی گندی او ر فحش فلمیں نہیں آرہی ہیں؟ کیا ان پر قابو  نہیں پایا جاسکتا؟  پھر کیا بات ہے کہ سعودی حکومت پر تنقید  کسی چینل یا اخبار  میں نہیں آتی ؟ لیکن اہل علم اور دینی جماعتوں  پر تنقید  یں ہوتی رہتی ہیں ۔

5۔ کیا سعودی حکومت کے تحت حرم کی سرزمین پر ۔ یعنی جزیرۃ العرب میں ۔ سعودی بینکوں، کمپنیوں، اور آزاد اور مخلوط سوپر مارکیٹس کا جال نہیں بچھا ہوا ہے ؟ کیا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کےمقاصد کے خلاف یہ جرم عظیم نہیں ہے؟

6۔ کیا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نےیہ وصیت  نہیں فرمائی تھی ‘‘ أخر جوا الیہود و النصاریٰ من جزیرۃ العرب ’’کیا اس پر عمل ہو رہا ہے ؟ یا جزیرۃ العرب امریکہ کے  حوالے کر دیا گیا ہے؟

7۔ کیا شاہ عبداللہ کے نام سے جدہ او رمدینہ منورہ کے راستے میں جو مخلوط  اور سیکولر یونیورسٹی بنائی گئی ہے ۔ جس سے  وہاں  کےعلمائے حق ناراض ہیں ، اور بہت سے حضرات اس پر سخت تنقید کرچکے ہیں۔ جناب والا نے دیکھی ہے؟ کیا دیگر پورے ملک میں جو دیگر سیکولر یونیورسیٹیاں  ہیں، ان کی تفصیلی  زیارت کا جناب  والا کو موقعہ ملا ہے؟ 

8۔ کیا وزارت حج اور وزارت شئو ن اسلامیہ کے علاوہ  کسی بھی وزارت کا اسلام اور  شریعت سے کوئی تعلق ہے؟ کیا مالیات ، معاشیات ، کھیل کود، سیاحت  خارجہ ، داخلہ ، دفاع ، اور لیبر سے متعلق  وزارتیں کتاب و سنت کے مطابق ہیں؟

 کیا مصر کی اسلامی جماعت کی اسلامی مقاصد والی حکومت کو برخاست کروا کر، اور اس کے لئے اربہا ارب دولت صرف کر کے، ایک صیہونی اور صیلبی اسرائیل نواز اور اسلام دشمن حکومت قائم کروانا آپ کے نزدیک جرم نہیں ہے؟ اگر اس بارےمیں  آپ کو معلومات مکمل طور پر نہیں ہیں، تو کیا  آپ نے سعودی مملکت  کے 56 علما ء کے دستخط  سے جاری ہونے والے بیان کامطالعہ کیا؟ کیا شیخ سلمان عودہ کے شاہ عبداللہ کے نام کھلے خط  کو پڑھنے کاموقعہ ملا؟ کیا جناب والا نے  شیخ  محمد العریفی  کے بیانات نہیں سنے، شیخ سفر الحوالی ، شیخ عائض  القرنی کے بیانات نظر سے گذرے؟ کیا مسجد نبوی  میں خطاب فرمانے والے شیخ صحیبانی کا خطاب جناب نہیں سنا،  کیا شیخ سعود الشریم سے اس موضوع پر تبادلۂ خیال کا موقع نہیں ملا؟  براہ کرم اگر اس کا موقعہ نہ آیا ہو تو کسی شاگرد سے فرمادیں کہ وہ آپ کی خدمت میں ان حضرات کے بیانات پیش کردے، یہ سعودی مملکت  میں رہنے والے سب سے زیادہ مقبول  ، معروف اور مؤثر علما ء اور فضلا ء ہیں، ان کی جرأت اور صداقت اس وجہ سے ہے کہ وہ سرکاری اور درباری مولوی نہیں ہیں؟

10۔ کیاآپ کو معلوم ہے کہ سرزمین شام میں ڈھائی سال سے جاری  حکومت  کے قہر اور اپنے عوام کے قتلِ عام کی کارروائیوں  میں بد ترین دشمن اسلام، بد عقیدہ نصیری ، بشارالاشد نے وہاں کے دو لاکھ مسلمانوں کو شہید کردیا ہے، اور دسیوں  لاکھ  کو بے گھر کیا ہے، پانچ لاکھ  پناہ گزیں سرکاری طور پر ترکی میں ہیں، جن پر طیب اردغان کی حکومت خرچ کررہی ہے، بڑی تعداد میں پناہ گزین لبنان میں ہیں، اردن میں ہیں، عراق میں ہیں،  لیکن مجرم سعودی حکومت نے جزیرۃ العرب کے بارڈر ان مظلوموں ، عورتوں، بوڑھوں ، اور بچوں کے لئے بند کررکھے ہیں، ان کے حق میں  چندہ  کی عوامی مہم پر پابندی لگا رکھی ہے ، اور حکومت خفیہ  طور پر بشا ر کی مدد بھی کررہی ہے، اور ان  مخالف گروپس کی مدد کررہی ہے جو سیکولر اور لادینی ہیں ۔ یہی حکومت ہے جس نے  تیونس  کے بد کردار، مجرم، اسلام دشمن حاکم بن علی  کو اپنی شاہی ضیافت سے نوازا ، یمن کے علی عبداللہ صالح او ریمن کے حوثیوں  ( اثنا عشری  شیعوں) کو یہی نام نہاد اسلامی حکومت  تقویت پہنچا رہی ہے !! اگر اس میں کچھ شک ہوتو شیخ  عبدالمجید زندانی یا کسی بھی غیر جانب دار یمن عالم سے معلوم  کرسکتے ہیں،  براہِ کرم اور شامی علماء سے رابطہ فرمالیں ۔

11۔ ہندوستان میں جن بے گناہ نوجوانوں کو جھوٹے الزامات عائد کر کے ہزاروں  کی تعداد میں مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے گرفتار کر رکھا ہے ، اور آپ  اس سلسلے میں قابلِ قدر جد وجہد فرمارہے ہیں ، کیا آپ نہیں جانتے کہ ان سے زیادہ تعداد میں سعودی حکومت  نے بے گناہوں کو جیلوں  میں ڈال رکھا ہے، جن میں معروف علما ء بھی ہیں، ان کا جرم صرف اصلاحات کا مطالبہ اور اسلامی تحریکات سے تعلق ہے؟ !

12 ۔ کیا آپ نہیں جانتے کہ سعودی حکومت، آل سعود کی جائداد کے طور پر چل رہی ہے، جن کی تعداد تقریباً سات ہزار ہے ، اربہا ارب کی دولت کے وہ غیر شرعی طور پر مالک ہیں، او رلاکھوں ، کروڑوں ملین امریکہ ، برطانیہ اور دیگر یوروپین ملکوں  میں جمع شدہ ہیں، ان کی جو رقمیں عیاشیوں اور بے محا بافضول خرچیوں پر صرف ہوتی ہیں ان کا ہزاروں ، لاکھوں حصہ بھی حرمین پر خرچ نہیں ہوتا، اس میں اگر کچھ شک ہوتو براہِ کرم حرمین کے ملازمین سے تنہائی  میں راز دارانہ طور پر معلوم  کرلیں ۔

13۔ کیا جناب والا  نے سعودی حکومت کے امراء او ر شہزادوں کے محلات  کی زندگی دیکھی ہے؟ کیا عورتوں  کی بے حجابی اور مغربیت زد گی کے بارے میں جناب والا  کو کچھ معلوم ہے؟ کیا جزیرۃ العرب میں آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت  اسی لیے ہوئی تھی؟  کیا آپ کے نزدیک حضرت حسین رضی اللہ عنہ  کے اقدام سے بہتر  یزیدی  حکومت کا اقدام تھا؟  کیا بیرونی  دشمن اسلام طاقتوں کی ایجنسی  ، اسرائیل کے ساتھ خفیہ دوستی،  اسلام نظام کی بخیہ  دری، اور نام نہاد ‘‘ سلفی ’’  فکری کی سرپرستی آپ کے نزدیک اس حکومت کے جرائم نہیں ہیں؟

14۔ آپ کو ‘‘ سعودی حکومت  کے حکمرانوں کی جان و دل سے تائید ’’ کی اپیل کرتے ہوئے،  خوف خدا ، فکرِ  آخرت، اتباع رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  ، علما ء کا استغنا ء ، اپنے اسلاف کی حق گوئی ، جرأت مندی، منکرات پرنکیر اور صاف و صریح گفتگو کا دینی مزاج ان میں سے کسی  چیز کا خیال نہ آیا؟

15۔ کیا آپ کے نزدیک سرکاری، نام نہاد دینی اداروں کی نسبت  ، اور ان کی رکنیت ، اور سعودی سفارت خانہ  سے تعلقات ، اور حج وعمرہ کی سہولیات  ، اور سیاسی آؤ بھگت ، اپنے عقیدہ ، فکر و مسلک  اور اپنے بزرگوں سے وابستگی  سے زیادہ عزیز ہے؟

16۔ کیا آپ کے اس کمزور ، غیر شرعی، مفاد پرستانہ موقف کی دارالعلوم  دیوبند کے اساتذہ ، طلبہ اور متعلقین تائید کرتے ہیں؟  اور بے شمار متعلق  ادارے آپ کے ساتھ  ہیں؟ میں آپ کو دیو بند اور اس کے اداروں  کے منسلکین  کے بارے میں ریفرنڈم کرالینے کی کھلی دعوت دیتا ہوں، کہ مندرجہ ذیل بالا حقائق  سے واقف ہونے کے بعد وہ آپ کے موقف کے مؤید ہوتے ہیں یا نہیں ؟ جب چاہیے یہ ریفرنڈم دیوبند میں کرالیجئے ۔  او ردیکھ لیجئے کہ کتنے لوگ آپ  کے موقف کے مؤید ہیں ۔

رہ گئے ‘‘ نام نہاد سلفی حضرات ’’ جن کے نہ آگے کوئی ہے نہ پیچھے  ، جن کی دکان سعودی حکومت سے شروع ہوئی، اور وہیں سے جن کے گماشتوں کے ذریعہ آپ کے بزرگوں کو گالی دے دے کر ،  اور ان کی کتابیں پھینک پھینک کر ، اور جمعیۃ العلماء ، جماعت تبلیغ ، اور دیوبند  و احناف کے خلاف بغاوت کے جذبات  سے بھر کر اپنے مزدوروں او رملازموں  کو آپ کے محلّہ محلّہ اور گاؤں گاؤں  انتشار پھیلانے کے لیے بھیجا جارہا ہے، گاؤں  گاؤں  فتنے پیدا کر کے مسجد و مدرسے الگ الگ  کردیے گئے ہیں، اور آپ کو دارالعلوم جن کے فتنوں کو روکنے کے لیے کبھی مناظرہ کراتا ہے، کبھی کتابیں چھپواتا ہے ، کبھی کانفرنسیں کرواتا ہے، لیکن آپ سفارت خانہ کے اشارہ پر ان کے ساتھ کھڑے ہوکر ان کی تقویت  پہنچاتے ہیں ، اور سعودی حکومت کی مجرمانہ کارروائیوں کو حرمین کی خدمت کی چادر چھپانا چاہتے ہیں،  اس پر سوائے افسو س کے بر صغیر کا ہر غیرت مند اور کیا کرسکتا ہے؟ !!

کیا آپ کے خادم حرمین اور ان کے مداحوں پر اقبال کا یہ شعر صادق نہیں آتا ؟؟

یہی شیخِ حرم ہے ، جو چرا کر بیچ کھاتا ہے

گلیمِ بوزررضی اللہ عنہ ، ودلقِ اویس رضی اللہ عنہ ، و چادر زہرا رضی اللہ عنہ

فإلیٰ اللہ المشتکیٰ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ واللہ المستعان

والسلام

ناچیز

سلمان حسینی ندوی

4 جنوری، 2014  بشکریہ : انقلاب ، نئی دہلی

URL:

https://newageislam.com/urdu-section/an-open-letter-maulana-syed/d/35126

 

Loading..

Loading..