سہیل ارشد،نیو ایج اسلام
(یوم دختران کے موقع پر)
اسلام سے قبل عرب میں عورتوں کو سماجی حقوق حاصل نہیں تھے۔انہیں مردوں کی بالادستی اور ظلم اور ناانصافی کا شکار ہونا پڑتا تھا۔خاص کر وہ کم عمر معصوم بیٹیوں کو زندہ دفن کردیا کرتے تھے۔بیٹیوں کے ساتھ یہ ظلم صرف عرب میں ہی نہیں ہوتا تھا بلکہ دوسرے ممالک میں بھی بیٹیوں کو بوجھ تصور کیا جاتاتھا۔مگر اسلام نے عورتوں اور خصوصاً بیٹیوں کو زندہ رہنے او رانہیں عزت و احترام کے ساتھ زندگی گذارنے کا حق دیا۔ قرآن نے سب سے پہلے بیٹیوں کو قتل کرنے کو ایک گناہ کبیرہ اور سنگین جرم قرار دیا۔ اس سلسلے میں قرآن میں کئی آیتیں موجود ہیں:۔
”بے شک خراب ہوئے جنہوں نے قتل کیا اپنی اولاد کو نادانی سے بغیر سمجھے۔(الانعام:140)
”او رنہ مارو اپنی اولاد کو مفلسی کے خوف سے۔“ (بنی اسرائیل۔31)
”اور جب لڑکی سے پوچھا جائے گا کہ وہ کس جرم میں ماری گئی۔“(التکویر:8)
اسلام کے آنے کے بعد عرب میں بیٹیوں کو زندہ دفن کرنے کی غیر انسانی رسم کا خاتمہ ہوگیا۔ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کو بیٹیوں کو محبت کے ساتھ پرورش کرنے کا درس دیا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود اپنی بیٹی فاطمہؓ سے بے حد محبت رکھتے تھے۔ایک دفعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی محفل میں ایک شخص اپنے کم سن بیٹے اور بیٹی کے ساتھ آیا اور بیٹھ گیا۔ اس نے اپنے بیٹے کو گود میں بٹھا لیا او ربیٹی کو اپنے سامنے فرش پر بٹھا یا۔حضورپاک صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص سے کہا کہ اپنی بیٹی کوبھی اپنی گود میں بٹھاؤ۔
اسلام نے والدین کی وراثت میں سے بیٹیوں کا بھی حصہ مقرر فرمایا۔قرآن کی سورہ النساء میں خدا نے بیٹیوں کا حصہ یوں مقرر فرمایا:
”خدا تمہاری اولاد کے بارے میں تم کو ارشاد فرمایا ہے کہ ایک لڑکے کا حصہ دو لڑکیوں کے حصے کے برابر ہے۔اور اگر اولاد صرف لڑکیاں ہی ہوں دوسے زیادہ توکل ترکے میں ان کا دوتہائی۔اور اگر صرف ایک لڑکی ہوتو اس کا حصہ نصف۔(النساء:11)
اس طرح اسلام صرف بیٹیوں سے محبت کا ہی درس نہیں دیتا بلکہ انہیں سماجی تحفظ بھی فراہم کرتاہے۔ انہیں وراثت میں سے حصہ دے کر ان کے مستقبل کو محفوظ کردیتاہے تاکہ وہ طلاق یا بیوگی کی صورت میں دربدر کی ٹھوکریں نہ کھائیں۔ مختصر یہ کہ قرآن اور سنت میں بیٹیوں کے لئے محبت اور شفقت اور سماجی تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے جو مہذب سماج کے لئے مشعل راہ ہے۔
URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/the-rights-daughters-islam-/d/122962
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism