سہیل ارشد، نیو ایج اسلام
اللہ کی عبادت ہر مسلمان پر فرض ہے ۔ پانچ اوقات کی نمازیں ، ذکر و اوراد ، درود و سلام اور تلاوت ِ قرآن عبادتوں کی مختلف قس میں ہیں ۔ ذکر کی کثرت کی قرآن میں کئی موقعوں پر تلقین کی گئی ہے ۔ قرآن میں عبادت کے ذیل میں ایک اور بات کی تلقین کی گئی ہے اور وہ ہے راتوں کو عبادت کرنے کی ۔ اگرچہ انسان کی مشقت کا خیال کرکے رات کوعباد ت فرض نہیں کی گئی ہے مگر قرآن کی کچھ آیتوں سے راتوں کو نماز اور ذکر (تلاوت ) کی اہمیت کا علم ہوتاہے ۔ اس کے لئے خدا کی طرف سے بڑے ثواب کا وعدہ کیاگیاہے ۔ راتوں کی عبادت اسلام سے قبل عیسائیوں میں بھی مروج تھی ۔ ان کے یہاں اس عبادت کو مطین کہاجاتاتھا اور اس کا وقت رات کے دوبجے سے سحر تک ہوتاتھا ۔
قرآن اس ضمن میں کہتاہے :
و من الیل فتہجد بہ نافلہ لک عسی ان بیعثک ربک مقاما محمودا (بنی اسرائیل : ۷۹)
’’اور کچھ رات جاگنا یہ اضافی ہے تیرے لئے قریب ہے کہ کھڑا کردے تجھ کو تیرا رب مقام محمود میں ۔ ‘‘
راتوں کی گئی عباد ت کا ثواب یہ ہے کہ خدا بندے کو مقام محمود پر سرفراز کرے گا ۔ اس آیت سے تہجد کی اصطلاح ماخوذ ہے اور لفظہ نافلہ اس بات کی طرف اشارہ کرتاہے کہ یہ نفل عبادت ہے ۔
شبینہ عبادتوں کی تلقین سورہ المزمل میں بھی کی گئی ہے ۔ اس سورہ میں رات کے وقت کی گئی عبادت مثلاً نماز ، ذکر اور تلاوت کو افضل عبادت کہاگیاہے ۔
’’اے کپڑے میں لپٹنے والے ، کھڑا ہو رات کو اگرچ تھوڑا ساہی ہو ، آدھی رات یا اس سے کچھ کم یا اس سے کچھ زیادہ اور قرآن کو ترتیل کے ساتھ پڑھ ۔ (المزمل : ۱ ۔ ۴)
آگے چلکر اسی سورہ میں کہاگیاہے :
’’بیشک تیرا رب جانتاہے کہ تو اٹھتاہے نزدیک اور تہائی رات کے اور آدھی رات کے اور تہائی رات کے اور کتنے ہی لوگ تیرے ساتھ کے ۔ ‘‘ (المزمل : ۲۰)
قرآن کہتاہے کہ دن کو چونکہ انسانوں کو بہت کام رہتاہے اور وہ روزی کے لئے اور دوسرے معاملات زندگی کے سلسلے میں مصروف رہتے ہیں اس لئے پوری دلجمعی سے عبادت نہیں کرسکتے ۔ اس لئے رات کا وقت ان کے لئے بہترین وقت ہوتاہے جب سکون ہوتاہے اور بندہ خشوع و خضوع کے ساتھ جتنی دیر چاہے عبادت کرسکتاہے ۔
بندہ جب دن بھر کی مصروفیا ت سے فارغ ہوکر رات کو تھوڑی دیر آرام کرتاہے اور پھر بستر سے اٹھ جاتاہے اور آرام کو تیاگ کر خدا کے حضور میں عاجزی اور گریہ وزاری کرتاہے تو خدا کو اس کا یہ عمل بہت پسند آتاہے کیونکہ تہجد فرض نہیں ہے بلکہ نفل ہے اسلئے تہجد میں اٹھنے والا اپنی خوشی سے اللہ کی خوشنودی اور رضا کے لئے عبادت و ذکر میں مشغول ہوتاہے ۔ اسی لئے خدا کو بندے کی راتوں کی عبادت بہت پسند ہے اور اس کے لئے بندے کو بے انتہا ثواب کی بشارت دیتاہے ۔
URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/god-loves-night-awakening-/d/118778
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism