New Age Islam
Wed Sep 23 2020, 02:36 AM

Urdu Section ( 3 Jul 2019, NewAgeIslam.Com)

Linking Terrorism To Islam: A Global Conspiracy دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا، عالمی سازش


ریاض فردوسی

3جولائی،2019

آکسفورڈ ڈکشنری میں لفظ ٹیررازم کے یہ معنی درج ہیں کہ سیاسی مقاصد کے حصول یا کسی منتخب یا غیر منتخب حکومت کو کسی کا م پر مجبور کرنے کیلئے پر تشدد افعال کے استعمال کو ٹیررازم کہا جاتا ہے۔ لفظ دہشت گردی کو اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ جوڑنے کا کھیل عالمی سازش کا حصہ ہے۔ جس کی خاکہ سازی اور عملی تدابیر میں لانے میں اسلام دشمن عناصر یہودیت ہی  ہے۔ جن کی جی حضوری اور حکم آوری میں مسلم ممالک کے بعض مذہب  اسلام سے بیزار حکمراں اور دیگر ممالک کی مسلم دشمن تنظیمیں پورے مکر و فریب کے ساتھ دہشت گردی کو اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ جوڑنے کی ناپاک کوشش کررہی ہیں اور وہ اسلام کو ’’دہشت گرد‘‘ مذہب اور مسلمانوں کو ’’دہشت گرد‘‘ قوم ثابت کرنا چاہتی ہیں۔ کیوں کہ ہمیں دنیا کا حاکم اور دنیا والوں کے لئے نعمت خداوندی بنایا گیا تھا لیکن ہمارے اکابرین کے علاوہ ہم اس مقام کی اہمیت سے غافل رہیں، فرض حاکمیت ادا ہی نہیں کیا۔اس کے سبب آج ہمارا وجود کسی کے لئے بھی نعمت نہیں۔ حتیٰ کہ ہم اپنے بھائیوں کو شیعہ سنی اور دیگر ناموں سے موسوم کرکے اپنے سے دور کر چکے ہیں۔

ہم مسجدوں کو اے سی اور سنگ مرمر سے مزین کرنے میں مصروف ہیں اگرچہ ہماری ایک آبادی گداگری میں ملوث ہے۔مزاروں کو بہترین طریقے سے سجانے میں لگے ہیں اگرچہ وہاں دست سوال کر نے والوں کی تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے۔

جناب نیلسن روہیلا منڈیلا کو امریکی حکومت ایک زمانے تک دہشت گرد کہتی رہی اگرچہ انہوں نے نسلی امتیاز کے خلاف تحریک میں بھرپور حصہ لیا۔امریکہ اور طاغوتی نظام کے اشاروں پر جنوبی افریقہ کی عدالتوں نے ان پر قتل وغارت، دہشت گردی، ملک کا غدار اورکئی جھوٹے الزامات لگا کر  قید با مشقت کی سزا سنائی۔ نیلسن منڈیلا اسی تحریک کے دوران لگائے جانے والے الزامات کی پاداش میں تقریباً 27 سال پابند سلاسل رہے، اور دہشت گرد کہلاتے رہے۔انھیں جزیرہ رابن پر قید رکھا گیا۔لیکن تحریک کی کامیابی کے بعد 1993ء کا نوبل انعام برائے امن سے نوازا گیا۔ایک شخص کا دہشت گرد دوسرے کے نزدیک آزادی کا مجاہد ہوتا ہے۔

نیتاجی سبھاس چندر بوس،چندر شیکھر آزاد، لالا لاج پت رائے، رام پرساد بسمل،بھگت سنگھ،راج گرو،سکھ دیو اور دیگر محبان و شہیدان ملک ِہندوستان کو انگریزی اخبارات اور رسالے دہشت گرد،لٹیرا، چور، اور ڈاکو ہی لکھتے تھے۔لیکن ہم بھگت سنگھ اور ان کے تمام ساتھیوں کو تحریک آزادی کا عظیم ہیرو کہتے ہیں اور ان سب کو ’شہید‘ کے خطاب سے نوازتے ہیں۔ 1785ء میں فرانسیسی انقلاب کے دوران اور1792، 1793 ء کو فرانسیسی انقلاب کے سالوں میں میکس ملین نے پانچ لاکھ سے زائد افراد کو گرفتار کیا جن میں چالیس ہزار افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ دو لاکھ لوگوں کو بھوک اور پیاس کے ذریعے مارا گیا تھا۔اپریل 1926 ء کوبلغاریہ کے صدر مقام صوفیا کے چرچ کے دھماکہ میں پچاس افراد ہلاک اور 500زخمی ہوجاتے ہیں، یہ دھماکہ بلغاریہ کی کیمونسٹ پارٹی نے کیا تھا جو مسلمان نہیں تھے۔پہلا عالمی جنگ 1930  ء میں ہوا جس میں ۱۷، لاکھ سے زیادہ لوگ مارے گئے۔دوسرا عالمی جنگ 1939۔1945 ء میں ہوا جس میں 55 لاکھ اموات ہوئی۔  1934 ء میں یوگو سلاویہ کے بادشاہ کوقتل کردیا گیا اور قاتل یہودی تھا،1961 ء میں پہلا امریکی جہاز اغوا ہوا جس کا ذمہ دار ایک روسی تھا۔1945ء میں امریکا نے جاپان پر ایٹمی حملہ کیا اور اس حملے میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد جاپانی ہلاک ہوئے۔

 دوسری جنگ عظیم کے بعد 1941ء سے لیکر 1948ء تک یہودیوں نے 260سے زائد دہشتگرد کارروائیاں کیں، ہٹلر نے ساٹھ لاکھ سے زائد یہودیوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔

ویتنام کی جنگ میں 5 لاکھ سے زائد لوگ مارے گئے۔ 1975.۔1979 ء کمبودیا میں3 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی جانیں گئی۔جوزیف سٹالن نے 20 لاکھ انسانوں کی جان لی۔جس میں 15 لاکھ سے زیادہ انسانوں کی جان تڑپا تڑپا کر لی۔مائوتسے تنگ نے 15سے 20 لاکھ لوگوں کو بے دردی سے قتل کروایا ہے۔بینیتو موسیلینی 4لاکھ لوگوں کو قتل کرکے ہی حکومت حاصل کی ہے۔سمراٹ اشوک نے کلنگ لڑائی کے درمیان ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کا قتل عام کرکے کلنگ کی لڑائی فتح کی۔امبارگو کو جاج بش نے عراق بھیجا وہاں اس نے ظالمانہ طریقے سے2لاکھ سے زیادہ انسانوں کی جان لی۔جس میں زیادہ تر معصوم بچے شامل تھے۔ہٹلر نے 60 لاکھ سے زیادہ یہودیوں کا قتل عام کیا اور ناجیوں کے آفس میں ان یہودیوں کی بالوں کے قالین تھے۔یہ ان کی وحشی پن کی انتہا تھی۔ان میں سے ایک بھی مسلمان نہیں تھا۔پھر ہم کیسے دہشت گرد؟اور ہماری کیسی دہشت گردی؟

عجیب طرف تماشہ ہے فلسطین میں کہ جبراَ َقبضہ کرکے اسرائیلی طاغوتی نظام بے گناہ مظلوم مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہے۔ مسلم بہنوں کی عزت کو تار تار کیا جارہا ہے اور اس کے باوجود اگر وہ غیور مسلمان صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں تب وہی دہشت گرد ہیں ؟کیا کسی کا دہشتگرد، کسی کا حریت پسند ہوتا ہے؟کئی سالوں تک روسی حکومت کا افغانستان میں قبضہ رہا اور افغان جوانوں کے جوابی حملوں کو لگاتار روسی اخبارات نے دہشتگردانہ حملہ ہی لکھا تھا۔

وسنیا ہرزیگوینا میں سربوں نے مسلمانوں پر چڑھائی کر کے 10ہزار بے گناہ  مائیں، بہنیں، بچے اور بچیوں کوظلم اور بربریت کا نشانہ بنایا۔ایک کنٹینر میں بند کر کے ہاتھ پائوں باندھ کر ان مظلوم مسلمانوں کوگولیوں سے چھلنی کردیاگیا۔ عراق میں 5لاکھ عراقی شہید کئے گئے۔ لیبیا میں 59ہزار لیبیا کے مسلمان جن میں شیرخوار بچے اور بچیاں شامل تھیں شہید کئے گئے۔ افغانستان میں روس نے جب  چڑھائی کی تھی تو جس کے نتیجے میں ڈیڑھ لاکھ بے گناہ افغانی شہید کئے گئے اور بعدازاں نائن الیون کا بہانہ بناتے ہوئے امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے افغانستان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 20لاکھ عام شہری نام نہاد جنگ کا ایندھن بن گئے۔شام میں 6لاکھ بے گناہ انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔کنبہ کا کنبہ ختم ہوگیا لیکن انسانی حقوق کی بات کرنے والی تنظیموں کوان مظلوموں کی آہ وبکا کہاں سنائی دیتی، اس لئے کہ وہ انسان کہاں۔ ۔۔۔۔۔۔۔ وہ تو مسلمان ہیں ؟اور ہم انسان نہیں ہوتے، اس لئے ہماراکوئی حق کہاں۔ ۔۔ہم تومسلمان ہیں ؟

میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی ہے۔ ان کی کوئی پہچان نہیں کہ وہ انسان بھی ہیں ؟کوئی گھر نہیں۔ کوئی زمین نہیں۔ کشتیوں میں سمندر میں رہنے پر مجبور ہیں۔ وہاں بھی ان کو پناہ نہیں ہے۔سمندر میں پینے کے پانی کی کمی ہے،اس لئے وہ مظلوم اپنا پیشاب جمع کرکے پھر اسے صاف کرکے پیتے ہیں، ان کو مارنے والے بدھ مذہب کے پیروکار ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ چونٹی کو بھی نہیں مارتے۔ بدھ مذہب میں کسی کی جان لینا گناہ عظیم ہے۔ لیکن لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کو قتل کرنے کے بعد بھی ان کو کوئی بھی دہشت گرد نہیں کہہ رہا۔ سارا قصور مسلمانوں کا ہی ہے، اور اسے ظالم پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے پھیلایا بھی گیا ہے۔ان مظلوموں کاسب سے بڑا قصور یہ ہے کہ وہ مسلمان ہیں ؟

کچھ دنوں پہلے اسرائیل کے کچھ نوجوان اپنے ہاتھوں میں ایک بینر لے کر سڑکوں کو نظر آئے جس پر لکھا تھا:

خیبر آپ کا آخری موقع تھا۔   یہودی آج بھی ایسی ہی ذہنیت کو لے کر اپنے دل و دماغ میں دشمنی نبھا رہے ہیں۔ جس پر لکھا ہوتا ہے۔ ”مسلمانوں خیبر کی فتح تمہاری آخری جیت تھی” اب تم ہم سے کبھی نہیں جیت سکتے؟

ملک ہندوستان میں مسلمانوں پر اب جئے شری رام نہ کہنے پر جئے بجرنگ بلی، جئے ہنومان نہ کہنے کی صورت میں روز بروز بھیانک حملے ہی نہیں بلکہ جان تک لی جارہی ہے۔ صرف اس لئے کہ ہم ڈر سے مرتد ہوجائیں۔ لیکن یہ ظالم نہیں جانتے کہ مسلمان موت سے نہیں ڈرتا بلکہ اللہ اور رسولﷺ کی عزت اور ناموس کے لئے زندہ ہے، جس دن اسے لگے گا دین خطرے میں ہے، ناموس رسالت ﷺ کا معاملہ ہے پھر اس کی غیرت ایمانی انشاء اللہ دنیا دیکھے گی۔ مسلمان اپنے اوپر ہرظلم تو برداشت کرسکتاہے، لیکن قانون شریعت پر ایک حرف بھی ہم سے برداشت نہ ہوگا۔

ہمیں عمر ؓ کا انصاف یاد ہے کہ اپنے بیٹے کو قانون الہی توڑنے کے پاداش میں سخت سزا دی تھی۔حتیٰ کے ان کا انتقال ہو گیا۔ ہمیں عثمان ؓیاد ہیں جنہوں نے خوں ریزی نہ ہونے دیا اور خود کو اللہ کے دین پر قربان کردیا۔ ہمیں وہ معصوم علی کرم اللہ وجہ بھی یاد ہیں جو اپنی شہادت پر خوشی منا کر اعلان کرتے ہیں کہ رب کعبہ کی قسم میں کامیاب ہوا۔ہمارے کابرین نے اپنی اپنی قربانی دے کر اس شجر اسلام کی آبیاری کی ہے۔اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ہم بھی ان کی سنت پر عمل کریں گے۔

مسلمان جان دے سکتا ہے۔۔۔مگر ایمان نہیں۔

لفظ جہاد کو شرپسند عناصرنے صرف اور صرف ہمارے خلاف استعمال کیا ہے۔راغب اصفہانی جہاد کی تعریف کرتے ہوئے فرماتے ہیں۔

ترجمہ: دشمن کے مقابلہ و مدافعت میں فوراً اپنی پوری قوت و طاقت صرف کرنا جہاد کہلاتا ہے۔(راغب الصفہانی، المفردات: 101)

شریعت اسلامی کی اصطلاح میں ’’دین اسلام کی اشاعت  و ترویج، سربلندی و اعلاء اور حصول رضائے الٰہی کے لیے اپنی تمام تر جانی، مالی، جسمانی، لسانی اور ذہنی صلاحیتوں اور استعدادوں کو وقف کرنا جہاد کہلاتا ہے۔مولاناسید سلیمان ندوی صاحب لکھتے ہیں :’’جہاد کے معنی عموماً قتال اور لڑائی کے سمجھے جاتے ہیں۔ مگر مفہوم کی یہ تنگی قطعاً غلط ہے، لغت میں اس کے معنی محنت اور کوشش کے ہیں ‘‘ (سیرۃ النبی جلد۔5 صفحہ.210 طبع اول۔ دارالاشاعت کراچی نمبر۔1)جہاد کو ان اقسام میں قرآن اور حدیث نے تقسیم کیا ہے۔

نفس اور شیطان کے خلاف جہاد۔ جہاد بالقرآن یعنی دعوت و تبلیغ۔جہاد بالمال۔ جہاد بالسیف (تلواروں سے یا ہتھیاروں سے)اور سب سے بڑھ کر ظالم کے ظلم کا منھ توڑجواب دینے کے لئے جہاد ضروری ہے۔چاہے طاقت سے ہو، ہتھیاروں سے ہویا زبان سے۔

3جولائی،2019  بشکریہ: روز نامہ صحافت، نئی دہلی

URL: http://newageislam.com/urdu-section/reyaz-firdausi/linking-terrorism-to-islam--a-global-conspiracy--دہشت-گردی-کو-اسلام-سے-جوڑنا،-عالمی-سازش/d/119072

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism



Loading..

Loading..