New Age Islam
Tue Nov 05 2024, 02:46 PM

Urdu Section ( 6 March 2019, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Remembrance of Allah Almighty is a Source of Peace and Tranquility-Part 1 اللہ عزوجل کا ذکر اہل ایمان کے دلوں کا سکون ہے


مصباح الہدیٰ قادری ، نیو ایج اسلام

19فروری 2019

رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا:

عن انس بن مالک –رضی اللہ عنہ- عن رسول اللہ ﷺ انہ قال : ذکر اللہ علم الایمان ’ و براءۃ من النفاق ’ و حصن من الشیطان ’ و حرز من النار۔

حضرت انس ابن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرما: اللہ کا ذکر علامت ایمان ہے، اللہ کا ذکر نفاق سے نجات کی ضمانت ہے، اللہ کا ذکر شیطان کے حملوں سے نجات کا ایک مضبوط حصار ہے اور اللہ کا ذکر عذاب جہنم سے نجات کا پروانہ ہے۔

قرآن میں اللہ رب العزت کا فرمان ہے:

وَاذْكُرِ اسْمَ رَبِّكَ وَتَبَتَّلْ إِلَيْهِ تَبْتِيلًا (73:8)

اور اپنے رب کا نام یاد کرو اور سب سے ٹوٹ کر اسی کے ہو رہو۔ ترجمہ کنزالایمان

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اذْكُرُوا اللَّهَ ذِكْرًا كَثِيرًا (41) وَسَبِّحُوهُ بُكْرَةً وَأَصِيلًا (33:42)

اے ایمان والو اللہ کو بہت زیادہ یاد کرو، اور صبح و شام اس کی پاکی بولو۔ ترجمہ کنزالایمان

الَّذِينَ آمَنُوا وَتَطْمَئِنُّ قُلُوبُهُم بِذِكْرِ اللَّهِ ۗ أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ (13:28)

وہ جو ایمان لائے اور ان کے دل اللہ کی یاد سے چین پاتے ہیں، سن لو اللہ کی یاد ہی میں دلوں کا چین ہے۔ ترجمہ کنزالایمان

فَاذْكُرُونِي أَذْكُرْكُمْ وَاشْكُرُوا لِي وَلَا تَكْفُرُونِ (2:152)

تو میری یاد کرو میں تمہارا چرچا کروں گا اور میرا حق مانو اور میری ناشکری نہ کرو۔ ترجمہ کنزالایمان

فَإِذَا قَضَيْتُمُ الصَّلَاةَ فَاذْكُرُوا اللَّهَ قِيَامًا وَقُعُودًا وَعَلَىٰ جُنُوبِكُمْ ۚ فَإِذَا اطْمَأْنَنتُمْ فَأَقِيمُوا الصَّلَاةَ ۚ إِنَّ الصَّلَاةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتَابًا مَّوْقُوتًا (4:103)

پھر جب تم نماز پڑھ چکو تو اللہ کی یاد کرو کھڑے اور بیٹھے اور کروٹوں پر لیٹے پھر جب مطمئن ہو جاؤ تو حسب دستور نماز قائم کرو بیشک نماز مسلمانوں پر وقت باندھا ہوا فرض ہے۔ ترجمہ کنزالایمان

وَاذْكُر رَّبَّكَ فِي نَفْسِكَ تَضَرُّعًا وَخِيفَةً وَدُونَ الْجَهْرِ مِنَ الْقَوْلِ بِالْغُدُوِّ وَالْآصَالِ وَلَا تَكُن مِّنَ الْغَافِلِينَ (7:205)

اور اپنے رب کو اپن ے دل میں یاد کرو زاری اور ڈر سے اور بے آواز نکلے زبان سے صبح اور شام اور غافلوں میں نہ ہونا ۔ ترجمہ کنزالایمان

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا لَقِيتُمْ فِئَةً فَاثْبُتُوا وَاذْكُرُوا اللَّهَ كَثِيرًا لَّعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ (8:45)

اے ایمان والو! جب کسی فوج سے تمہارا مقابلہ ہو تو ثابت قدم رہو اور اللہ کی یاد بہت کرو کہ تم مراد کو پہنچو۔ ترجمہ کنزالایمان

ذکر اللہ کی نوعیتیں

مندرجہ بالا آیات قرآنیہ کا اگر تجزیہ کیا جائے تو اس کا لب لباب یہ نکلتا ہے کہ اللہ کا ذکر اہل ایمان کے دلوں کا سکون ہے۔ ہمارا ظاہر بھی یاد الٰہی میں مشغول ہو اور ہمارا باطن بھی یاد الٰہی میں ڈوبا ہوا رہے۔ اور جیسا کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ: ‘‘اللہ کا ذکر علامت ایمان ہے، اللہ کا ذکر نفاق سے نجات کی ضمانت ہے، اللہ کا ذکر شیطان کے حملوں سے نجات کا ایک مضبوط حصار ہے اور اللہ کا ذکر عذاب جہنم سے نجات کا پروانہ ہے’’۔لہٰذا،  اب ہمیں یہ سوچنا چاہئے کہ وہ کون کون سے امور یا افعال ہیں جن پر ذکر اللہ کا اطلاق کیا جا سکتا ہے ۔ اور ہمیں اس پہلو پر بھی غور کرنا چاہیے کہ ‘کیا کسی ایک مخصوص طرز عمل کے ساتھ ذکر اللہ کو خاص کرنا جائز ہے؟، کیوں کہ اہل تصوف کی خانقاہوں میں ذکر اللہ کے مختلف طریقے رائج ہیں جن کا مقصد دلوں کے زنگ کو مٹانا اور اسے زندہ کرنا ہے ۔ جیسا کہ عصر حاضر کے ایک مشہور و معروف مفکر اور عالم دین مولانا وحید الدین صاحب کا خیال ہے ! وہ اپنی کتاب ‘‘کتاب معرفت’’ کے صفحہ ۲۷۵ پر لکھتے ہیں:

‘‘حقیقت یہ ہے کہ ذکر، اللہ کے اسم ذات کی لفظی تکرار کا نام نہیں ہے۔ ذکر یہ ہے کہ اللہ کے تخلیقی مظاہر میں غور کیا جائے ، تخلیقی کمالات کے ذریعہ اللہ کی عظمت کو دریافت کیا جائے ۔ یہی ذکر ہے ، اور اسی ذکر کے ذریعہ کسی انسان کو اللہ کی اعلیٰ معرفت حاصل ہوتی ہے۔’’

مولانا موصوف کی اس عبارت سے یہ ظاہر ہے کہ وہ ذکر کی صرف مذکورہ صورت کو ہی درست تسلیم کرتے ہیں اور ذکر لسانی ، ذکر قلبی ، ذکر خفی اور مجلس منعقد کر کے ذکر بالجہر جیسی ذکر اللہ کی ان تمام صورتوں کو مسترد کرتے ہیں جو اکابر صوفیاء اور بزرگان دین سے منقول ہیں اور ہماری خانقاہوں میں مروج ہیں ۔ جبکہ اس حوالے سے قرآن کا مطالعہ یہ رہنمائی کرتا ہے کہ ذکراللہ کی مذکورہ بالا صورت کو ذکر کی ایک قسم تو قرار دیا جا سکتا ہے لیکن ذکراللہ کا حصر صرف مذکورہ بالا صورت میں ہی کر دینا درست نہیں ۔ نیز یہ امر بھی قابل توجہ ہے کہ مولانا موصوف نے ذکر کی جو صورت بیان کی ہے اسے اللہ نے قرآن میں ذکر کے بجائے غور و فکر اور تدبر و تفکر جیسے دیگر عناوین کے ساتھ بیان کیا ہے۔ مثلاً:

وَفِي الْأَرْضِ آيَاتٌ لِّلْمُوقِنِينَ (20) وَفِي أَنفُسِكُمْ ۚ أَفَلَا تُبْصِرُونَ (51:21)

اور زمین میں نشانیاں ہیں یقین والوں کو - اور خود تم میں تو کیا تمہیں سوجھتا نہیں۔ ترجمہ کنزالایمان

أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ ۚ وَلَوْ كَانَ مِنْ عِندِ غَيْرِ اللَّهِ لَوَجَدُوا فِيهِ اخْتِلَافًا كَثِيرًا (4:82)

تو کیا غور نہیں کرتے قرآن میں اور اگر وہ غیر خدا کے پاس سے ہوتا تو ضرور اس میں بہت اختلاف پاتے۔ ترجمہ کنزالایمان

كِتَابٌ أَنزَلْنَاهُ إِلَيْكَ مُبَارَكٌ لِّيَدَّبَّرُوا آيَاتِهِ وَلِيَتَذَكَّرَ أُولُو الْأَلْبَابِ (38:29)

یہ ایک کتاب ہے کہ ہم نے تمہاری طرف اتاری برکت والی تاکہ اس کی آیتوں کو سوچیں اور عقلمند نصیحت مانیں۔ ترجمہ کنزالایمان

أَيَوَدُّ أَحَدُكُمْ أَن تَكُونَ لَهُ جَنَّةٌ مِّن نَّخِيلٍ وَأَعْنَابٍ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ لَهُ فِيهَا مِن كُلِّ الثَّمَرَاتِ وَأَصَابَهُ الْكِبَرُ وَلَهُ ذُرِّيَّةٌ ضُعَفَاءُ فَأَصَابَهَا إِعْصَارٌ فِيهِ نَارٌ فَاحْتَرَقَتْ ۗ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ اللَّهُ لَكُمُ الْآيَاتِ لَعَلَّكُمْ تَتَفَكَّرُونَ (2:266)

کیا تم میں کوئی اسے پسند رکھے گا کہ اس کے پاس ایک باغ ہو کھجوروں اور انگوروں کا جس کے نیچے ندیاں بہتیں اس کے لئے اس میں ہر قسم کے پھلوں سے ہے اور اسے بڑھاپا آیا اور اس کے ناتوان بچے ہیں تو آیا اس پر ایک بگولا جس میں آگ تھی تو جل گیا ایسا ہی بیان کرتا ہے اللہ تم سے اپنی آیتیں کہ کہیں تم دھیان لگاؤ ۔ ترجمہ کنزالایمان

قَدْ خَلَتْ مِن قَبْلِكُمْ سُنَنٌ فَسِيرُوا فِي الْأَرْضِ فَانظُرُوا كَيْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الْمُكَذِّبِينَ (3:137)

تم سے پہلے کچھ طریقے برتاؤ میں آچکے ہیں تو زمین میں چل کر دیکھو کیسا انجام ہوا جھٹلانے والوں کا ۔ ترجمہ کنزالایمان

إِنَّ الَّذِينَ اتَّقَوْا إِذَا مَسَّهُمْ طَائِفٌ مِّنَ الشَّيْطَانِ تَذَكَّرُوا فَإِذَا هُم مُّبْصِرُونَ (7:201)

بیشک وہ جو ڈر والے ہیں جب انہیں کسی شیطانی خیال کی ٹھیس لگتی ہے ہوشیار ہوجاتے ہیں اسی وقت ان کی آنکھیں کھل جاتی ہیں۔ ترجمہ کنزالایمان

جاری....

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/remembrance-allah-almighty-source-peace-part-1/d/117932

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism



Loading..

Loading..