New Age Islam
Sun May 18 2025, 06:06 PM

Urdu Section ( 13 Jan 2025, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

New Year, New Topics, Knowledge and Literature نیا سال، نئے موضوعات اور علم و ادب

شمیم طارق

11 جنوری 2025

سال گزر گیا اور زندگی کے علاوہ علم کے مختلف شعبوں  میں  بھی تبدیلیاں  چھوڑ گیا مثلاً تعلیم، صحت اور معیشت میں  کئی نئے تجربے اور اقدام کئے گئے ہیں ۔ تاریخ، سائنس اور آثار قدیمہ کے علم میں  بھی ایسی تبدیلیاں  کی گئی ہیں  جن کے بہتر نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے مگر ادب خاص طور سے اُردو ادب، ادبی تہذیبی اداروں  اور روایتوں  میں  وہی زوال آمادہ طریقہ اب بھی جاری ہے جس سے بہتر نتیجے کی توقع ہی نہیں  کی جاسکتی۔ مثال یہ ہے کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز میں  سال میں  ۲؍ بار (جنوری فروری اور جولائی اگست) داخلے کی تجویز پیش کی ہے۔ پہلی سے آٹھویں  جماعت تک کے طلبہ کو پاس کرنے کی پالیسی میں  تبدیلی کی گئی ہے۔ اب پانچویں  اور آٹھویں  میں  ناکام ہونے والے طلبہ اگر رزلٹ کے بعد سپلیمنٹری امتحان میں  بھی ناکام ہوتے ہیں  تو ان کو ترقی نہیں  دی جائے گی۔ صحت کے سلسلے میں  جو اطلاعات ملی ہیں  ان کی بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کہ:

اب نیورو کی پریشانیوں  کا علاج پہلے جیسا مشکل نہیں  ہوگا۔ بغیر سرجری کے بھی علاج کیا جاسکے گا۔

اب بلڈ پریشر بے قابو نہیں  ہوگا۔ آپریشن کے بغیر والو بھی تبدیل کیا جاسکے گا۔

ایسی دوائیں  اور تکنیک استعمال کی جا رہی ہیں جن سے شوگر کا آنکھوں  پر کم سے کم اثر ہوگا اور وہ دیکھتی رہیں  گی۔

شوگر اور وزن دونوں  کم کرنے والی دوائیں  ایجاد کر لی گئی ہیں ۔

مینٹل یعنی ذہنی امراض کا علاج بھی آسان ہوا ہے۔

کینسر کا بھی اب پہلے کے مقابلے زیادہ بہتر اور کم خرچ علاج کیا جاسکے گا۔

کینسر سے بچنے کی ویکسین کی تیاری بھی مکمل ہورہی ہے۔

وزن گھٹانے کی دوا سے اچھی نیند بھی آئے گی۔

دانتوں  کا علاج پہلے سے بہتر اور آسان کیا جاسکے گا۔

دور دراز کے علاقوں  کے مریضوں  کے علاج کے لئے ٹیلی پیتھی کی تکنیک بھی ایجاد کی گئی ہے۔ ڈاکٹر اپنے کیبن (کمرے) میں  بیٹھ کر دور دراز کے مریض کو دیکھ بھی سکے گا اور اس کا علاج بھی کرسکے گا۔

پتھری نکالنے کیلئے اب گردے کے آپریشن کی ضرورت نہیں  پیش آئیگی۔ ٹی سی این ایل یعنی مڑنے والی دوربین کی مدد سے کڈنی اسٹون کی صحیح جگہ کا پتہ لگا کر لیزر کی مدد سے اس کو توڑا جاسکتا ہے وغیرہ۔

 معیشت میں  ہندوستان کے وسائل اور مسائل دونوں  میں  اضافہ ہوا ہے اس کے باوجود ہندوستان کی معیشت دنیا کی پانچویں  بڑی معیشت ہے۔ یہاں  ارب پتیوں  کی تعداد کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ دنیا کی دولت کا ۷؍ فیصد ہندوستانی ارب پتیوں  کے پاس ہے۔ سونے کے ذخائر کے سلسلے میں  ہندوستان ۸؍ ویں  نمبر پر ہے۔ یہاں  زر مبادلہ ۶۰۰؍ بلین ڈالر کے قریب ہے جو روپیہ کی قیمت بڑھانے میں  مدد دیتا ہے۔

 مگر روپے کی قیمت میں  جس تیزی سے کمی آرہی ہے وہ تشویشناک ہے۔ یہ بھی تشویشناک ہے کہ گزشتہ ۱۳؍ برسوں  میں  جن لوگوں  نے ہندوستان کی شہریت ترک کی ہے ان کی تعداد ۱۸؍ لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ یہ بھی مضحکہ خیز ہے کہ ہندوستان کی شہریت چھوڑنے والوں  نے پاکستان، بنگلہ دیش، میانمار، فجی، تھائی لینڈ، نیپال، سری لنکا اور نامیبیا جیسے ممالک کی شہریت اختیار کی ہے جو ترقی اور عالمی اثر و رسوخ میں  ہندوستان کا مقابلہ نہیں  کرسکتے۔ کئی منافع بخش اسکیموں  کے نفاذ اور کافی لوگوں  کو مفت علاج دیئے جانے کے باوجود عام لوگوں  کی مالی حالت اچھی نہیں  ہے۔ ملک کی آبادی کا بہت بڑا حصہ مالی پریشانیوں  میں  مبتلا ہے۔

 محکمۂ آثار قدیمہ کو موہن جوداڑو اور ہڑپا میں  کھدائی کے دوران کئی چیزیں  ملی تھیں ۔ دہلی سے تقریباً ۷۰؍ کلومیٹر دور جمنا کے کنارے باغپت کے ’سنولی‘ میں  ہوئی کھدائی نے کچھ دوسری دریافتوں  اور رجحانات کو ظاہر کیا ہے جن سے غلط فہمیوں  کا ازالہ ہوتا اور نئے حقائق سامنے آتے ہیں ۔ تاریخ فہمی میں  کھدائی سے دریافت باقیات کے علاوہ کاربن ڈیٹنگ سے بھی کام لیا جا رہا ہے جو سائنس ہے۔ سائنسدانوں  نے ہی خبردار کیا ہے کہ ’مرر بیکٹیریا‘ بے قابو ہوسکتے ہیں ۔ اس کی وضاحت یہ ہے کہ ڈی این اے، پروٹین اور کاربو ہائیڈریٹ میں  ایک خاص بات ہوتی ہے اور یہی بات قدرت کی مختلف تخلیقات میں  تفریق پیدا کرتی ہے اس کا مطلب ہے کہ ڈی این اے، پروٹین اور کاربو ہائیڈریٹ جیسے ’مالیکیولس‘ کے دو حصے ہوتے ہیں ۔ پہلا حصہ یا اڈیشن اصل ہوتا ہے اور دوسرا حصہ یا اڈیشن اس کا عکس۔ اسی کو ’مرر امیج‘ کہتے ہیں  جیسے دائیں  اور بائیں  ہاتھ کا عکس۔ ’مرر بیکٹیریا‘ بھی یہی ہے۔ سائنسدانوں  کا کہنا ہے کہ اس بیکٹیریا کے جنگل میں  کھسکنے اور اس کی افرائش کو روکنے کے لئے ہمارے پاس کچھ نہیں  ہے۔

 مثالیں  بہت ہیں  جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ زندگی اور علم کے مختلف شعبوں  میں  کچھ نہ کچھ نیا ہورہا ہے مگر ہمارے مشاعروں ، ادبی تہذیبی اداروں  اور ادبی پروگراموں  کے آج بھی پرانی ڈگر پر چلنے اور سازشوں  کا شکار ہونے کی اتنی مثالیں  ہیں  کہ سب کو ایک مضمون میں  پیش بھی نہیں  کیا جاسکتا۔ غور کیجئے تو فہرستوں  میں  گلیمر، تفریح فراہم کرنے یا پھکڑ پن کرنے، لیڈروں  اور مذہبی طبقے کو گالم گلوج اور پیروڈی کرنے والوں  کے علاوہ چوری کرنے والوں  کو بھی ترجیح دی جارہی ہے۔ ہر طرف متشاعروں  کا غلبہ ہے۔

 ادبی تہذیبی اداروں  کے ذمہ داروں  کے فیصلے لگائی بجھائی، خوشامد اور ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر ہوتے ہیں ۔ اُردو کو فروغ دینے کے بیشتر ادارے سیاست کی نذر ہو کر اپنی افادیت کھوتے جا رہے ہیں ۔ کئی مثالیں  تو ایسی ہیں  کہ وزراء اور تہذیبی اداروں  کے سربراہوں  نے وضع قطع دیکھ کر کسی کو نامزد کر دیا۔ ابھی ۲۴؍ دسمبر کو آئی پی ایس افسر اور ممتاز شاعر قیصر خالد کے ’پاسبان ادب‘ کے زیر اہتمام ’میراث‘ کی کئی تقریبات ہوئیں ۔ ایک صاحب نے قیصر خالد اور اُن کے معاون دانش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو اچھے پروگرام منعقد کرتے ہیں  ان کو مزید اچھا بنائیں  جس کی یہی صورت ہوسکتی ہے کہ سفارش و گزارش والوں  کو طاق پر رکھتے ہوئے ایسے موضوعات پر گفتگو ہو جس سے سامعین کچھ سیکھ سکیں  مثلاً گفتگو کا موضوع ’’سائنسی سماجی علوم اور ادبیات‘‘ ہوسکتا ہے۔ ظاہر ہے اس پر جواب دینے اور سوال کرنے والے یعنی دونوں  کا ذی علم ہونا ضروری ہے۔ ایک بات اور، مشاعروں  کی فہرست سے ان لوگوں  کو دور رکھنا بھی بہت ضروری ہے جو دس بیس غزلوں  میں  عمر گزار دیتے ہیں ۔

11 جنوری، 2025، بشکریہ: انقلاب، نئی دہلی

------------------

URL: https://newageislam.com/urdu-section/new-year-knowledge-literature/d/134319

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

Loading..

Loading..