New Age Islam
Thu Mar 30 2023, 11:52 PM

Urdu Section ( 17 Sept 2017, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Ulema Should not Twist the Truth (conclusion) (علماء حق کے ساتھ باطل کو ملا کر پیش نہ کریں: پیر سید نصیر الدین نصیر (رحمہ اللہ

 

نیو ایج اسلام، ایڈیٹ بیوریو

5 ستمبر 2017

گزشتہ سے پیوستہ......

ماشاء اللہ ! آپ صاحب علم ہیں مجھے یہ بتائیں کہ کیا بیعت سنت مؤکدہ کا درجہ رکھتی ہے؟  اس لئے کہ ایک ایسی سنت ہے جس پر آپ ﷺ کا بس یونہی ایک عمل رہا ہے اور ایک سنت وہ ہے کہ جس پر آپ ﷺ نے  تاکید کے ساتھ عمل کیا ہے۔ لہٰذا، بیعت اگر سنت مؤکدہ کا وہی درجہ رکھتی تو کوئی بات تھی۔ میں ایسے لوگوں سے اکثر کہا کرتا ہوں کہ مجھے بتایا جائے کہ امام اعظم کا پیر کون تھا ؟ امام شافعی کا پیر کون تھا ؟ امام مالک کا پیر کون تھا ؟ اور امام احمد بن حنبل کا پیر کون تھا؟ امام بخاری ، امام نسائی ، ابن ماجہ اور امام مسلم کے پیروں کا نام کیا ہے؟ ظاہر ہے آپ کو ان کا کوئی پیر نہیں ملے گا اس لئے کہ یہ کسی کے مرید نہیں ہیں۔ لہٰذا، اگر کسی کا مرید ہونا سنت مؤکدہ ہے تو یہ جتنے امام ہیں اور ہم ان کے مقلد ہیں ، تو سوال یہ ہے کہ کیا ہم کسی تارک سنت امام کے مقلد ہیں؟ آپ ذرا غور فرمائیں کہ کیا امام اعظم کوئی تارک سنت امام ہیں کیوں کہ ان کا کوئی پیر ہی نہیں ہے۔ اسی طرح صحاح ستہ کے ائمہ حدیث کے پیر کون ہیں ؟ کیا ہم تارکین سنت جامعین حدیث کی کتابیں پڑھ رہے ہیں۔

سوال : اگر چہ یہ سنت مؤکدہ نہیں ہے لیکن اگر کوئی کامل شیخ مل جائے اور جس کا تعلق رسول اللہ ﷺ سے ہو تو اس کے ہاتھ میں ہاتھ دیا جائے؟

پیر سید نصیر الدین نصیر (رحمہ اللہ): جی ہاں ! ورنہ اگر آپ ایسی بات کریں گے تو کیا جتنے مسلمانوں نے کسی کی بیعت نہیں کی کیا وہ مسلمان نہیں ہیں؟ کیا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہو گئے ؟ اسی لئے جو جاہل لوگ ہیں ان کی بیعت کرنے سے بیعت نہ کرنا بہتر ہے۔ ایسے لوگ ایک درگاہ پر بیٹھ کر لوگوں کو بیعت کر دیتے ہیں ، ان کو نہ تو بیعت کا مفہوم معلوم ہے، نہ وہ دین کے متعلق کچھ بتا سکتے ہیں ، نہ ان کے پاس قرآنی تعلیمات ہیں اور نہ ہی کسی چیز کا علم ہے ، نہ وہ کچھ بتا سکتے ہیں اور نہ ہی کسی سوال کا جواب دے سکتے ہیں ، تو ان کو کیا حق حاصل ہے کہ وہ بیعت کریں۔ اس لئے کہ اس صورت میں تو بیعت کا مقصد ہی فوت ہے۔

لیکن ہاں! اگر آپ کو مرید جمع کر کے پیسے اکٹھے کرنے ہیں اور آپ کو کاروبار کرنا ہے تو ٹھیک ہے۔ پیر مہر علی شاہ صاحب فرمایا کرتے تھے کہ بیعت لینے کے قابل وہ شخص ہے جس کی نظر اعیان ثابتہ پر ہو ، کہ جو بندہ میرے پاس مرید ہونے کے لئے آیا ہے وہ اللہ کے اسماء میں سے کس اسم کا مظہر ہے ، غفور کا؟ رحیم کا ؟ جلال کا ؟ ودود کا ؟ رؤف کا ؟ گویا کہ اسے یہ معلوم ہو کہ وہ کس اسم ذات کا مظہر ہے اور پھر وہ اسے اس کے مطابق وظیفہ بتائے۔ اور ایسے ہی لوگ بیعت لینے کے مستحق ہیں۔ آپ کسر نفسی سے فرمایا کرتے تھے کہ ہم تو ان کے خادم بیٹھے ہیں ، ہم تو اس قابل نہیں ہیں۔ لہٰذا، پیر مہر علی شاہ صاحب نے جو میعار مقرر کیا ہے اس پرتو لاکھوں اور کڑوڑوں میں کوئی ایک ہی ہوگا۔ آج کل ایک وباء کی طرح جو پیری اور مریدی پھیل گئی ہے اور لوگوں کو ہر طرف سے گھسیٹ کر مرید بنایا جا رہا ہے درست نہیں ہے۔

سوال : میں آپ کی توجہ اس طرف بھی دلانا چاہتا ہوں کہ رمضان شریف میں مدینہ الرسول ﷺ کے اندر کچھ لوگ ادھر اُدھر پھر رہے ہوتے ہیں اور لوگوں کو کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں آپ کی منظوری ہو گئی ہے اور آپ کے لئے رسول اللہ ﷺ کا حکم آیا ہے کہ آپ میرے پیر سے مرید ہو جائیں۔اور اس طرح ایسے لوگ وہاں بھی مرید اکٹھے کرتے ہیں۔ یہ کتنی بڑی بد بختی ہے کہ حضور ﷺ کی موجودگی میں بیعت ہو رہی ہے۔

پیر سید نصیر الدین نصیر (رحمہ اللہ): عظیم صاحب! یہ بھی ایک عجیب پہلو ہے کہ وہاں جا کر جو ساری فضیلتوں کا مرکز و منبع ہے اپنی پیری چمکانا۔ کچھ شرم بھی چاہیے اور کچھ حیا بھی چاہیے۔ وہاں جا کر تم اللہ سے اپنی بخشش کی دعاء مانگو کہ ہم تیرے اس محبوب اور کملی والے آقا کی بارگاہ میں آئے ہیں تو ہمارے گناہ معاف فرما ۔ وہاں تو انسان کو پیری اور مریدی بھول ہی جاتی ہے۔ میں تو اللہ کے فضل سے حرم شریف میں جوتے بھی اپنے ہاتھوں میں اٹھا کر چلتا ہوں۔ حالآنکہ میرے ساتھ میرے ساتھی ہوتے ہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ یہاں میں اپنے جوتے خود اٹھاؤں گا۔ اس لئے کہ وہاں ہم ایک غلام کی حیثیت سے جاتے ہیں۔ اپنے آقا کی بارگاہ میں حاضر ہوتے ہیں اور وہاں ہماری کوئی پیری مریدی نہیں ہوتی۔ وہاں کیسی پیری مریدی! اور وہاں ہماری حیثیت ہی کیا ہے!  بلکہ وہاں تو عالم یہ ہے کہ "جس طرف اٹھ گئی دم میں دم آ گیا" ، آپ ﷺ کی اگر ایک نظر پڑ گئی تو ہماری آخرت سنور جائے گی۔ اب وہاں بھی جا کر کوئی لوگوں کو یہ کہے کہ یہاں آؤ اور میری بیعت کرو –تو یہ تو ایک انتہائی حیرت کی بات ہے۔

سوال : تصوف ، بیعت اور یہ خانقاہی نظام – ان تمام کا مظہر وہی ہے جو رسول اللہ ﷺ کے اخلاق حسنہ اور مکارم اخلاق کی تکمیل کرے؟

جی ! آپ ذرا غور کریں کہ ہم اولیاء اللہ اور شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کو نائب مصطفیٰ کیوں کہتے ہیں  اور معین الحق والدین اجمیری کو نائب رسول فی الہند کیوں کہتے ہیں ۔ انہیں ہم رسول اللہ ﷺ کا جانشین اور نائب کیوں کہتے ہیں ؟ سجادہ نشینی کیا ہے؟ سجادہ نشینی یہ تو نہیں ہے کہ آپ ایک خانقاہ میں گدی لگا کر اس پر بیٹھ جائیں۔ رسول اللہ ﷺ کہاں مدفون ہیں اور غریب نواز اجمیری کہاں ہیں ،غوث پاک کہاں بغداد میں ہیں –لیکن سجادہ نشین آپ ﷺ کے ہیں۔

 لہٰذا، سجادہ نشینی میں بھی یہی عنصر ہے کہ صاحب مزار نے جو کام کیا ہے ، انہوں نے جو تبلیغ کی ہیں ، جو تصنیف کی ہیں اور علم کے حوالے سے جو خدمات کی ہیں اور جو میدان جرات میں نکلے ہیں – ان بزرگوں کی ان تمام خدمات کو جو بہ تمام و کمال انجام دے اور ان کے مشن کو آگے بڑھائے ، پوری دنیا میں دین کا پیغام پھیلائے ، وہی سجادہ نشین ہے –خواہ وہ کسی گدی پر اپنے باپ یا داد کی قبر پر مجابر بن کر بیٹھے یا نہ بیٹھے ۔ جس طرح خواجہ غریب نواز اجمیر میں رہ کر اور سات سو سال کے بعد پیدا ہو کر بھی آج تک رسول اللہ ﷺ کے سجادہ نشین ہیں اور قیامت تک رہیں گے۔

 اور ہمارا ایمان ہے کہ خواجہ غیرب نواز اور غوث پاک رسول اللہ ﷺ کے سجادہ نشین ہیں۔ یہ اصل سجادہ نشینی ہے۔ آج کل پوچھا جاتا ہے کہ فلاں دربار کا گدی نشین کون ہے ؟ اور اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ جو کسی درگاہ پر بیٹھا ہوتا ہے وہ سجادہ نشین ہوتا ہے، جو کسی درگاہ کا انتظام و انصرام دیکھتا ہے وہ سجادہ نشین ہوتا ہے۔ ایسے لوگوں سے میں کہا کرتا ہوں کہ ایسی صورت میں تو تمام اوقاف کے جو افسران ہیں وہ تمام بھی سجادہ نشین ہوئے اس لئے کہ انتظام و انصرام تو سارا وہی کرتے ہیں۔ لہٰذا، کوئی اوقاف کے منتظمین کو سجادہ نشین کہتا ہے یا کہنے کے حق میں ہے؟ نہیں! لہٰذا، جو منتظم ہو وہ سجادہ نشین نہیں ہے وہ صرف ایک منتظم ہے۔ اصل سجادہ نشین وہی ہے جو اپنے اکابر کے مشن کو آگے بڑھائے۔ جیسے پیر مہر علی شاہ صاحب غوث پاک کے سجادہ نشین ہیں ، اور اس کی وجہ کیا ہے ؟ اس کی وجہ یہی ہے جو ابھی ہم نے بیان کیا۔

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/ulema-twist-truth-conclusion-/d/112556


New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..