New Age Islam
Sat Feb 08 2025, 11:26 AM

Urdu Section ( 17 Jul 2014, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

How Islamic is the Caliphate? خلافت کیوں کر اسلامی ہے؟

 

 

مصطفی ایکیول

12جولائی2014

مندرجہ بالا شہ سرخی کچھ قارئین کو احمقانہ لگ سکتی ہے۔ اس لیے کہ اگر ہم اس سے مسلم تجربے کی چودہ صدیاں مراد لیں تو خلافت (یا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی"جانشینی") یقینی طور پر ایک "اسلامی" نظام ہے۔ پہلے خلیفہ ابو بکر کے بعد سے ہی مسلمانوں کی اکثریت نے خلافت کو اپنے مذہب کا ایک لازمی حصہ مانا ہےیہاں تک کہ 1924ء میں جمہوریہ ترکی نے اس کا خاتمہ کر دیا۔

جبکہ اب وہی امت مسلمہ کی ایک غالب اکثریت آج بدنام زمانہ ISIS (‘‘اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا’’ یا صرف IS) کی طرف سے خود ساختہ "خلافت" کو حقارت کی نظروں سے دیکھتی ہے۔ ISIS القاعدہ کے لیے بھی خطرناک اور متشدد ہے جو کہ خود اکثر مسلمانوں کے لئے انتہائی ظالم اور متشدد ہے۔

بلکہ میں مزید ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے مسلمانوں سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا مسلمانوں کو خلافت قائم کرنی چاہئے یا کم از کم ان کا مذہب واقعی ان سے کسی خلافت کا مطالبہ کرتا ہے؟

جب ہم اس مسئلے کی تحقیق اس نقطہ نظر سے کرتے ہیں تو ہمیں بڑی دلچسپ باتیں معلوم ہوتی ہیں: اسلام کے بنیادی مصدر و ماخذ قرآن میں کسی بھی ‘‘خلیفہ’’ کا کوئی حوالہ موجود نہیں ہے۔ قرآن میں اس لفظ کا استعمال ایک بالکل ہی مختلف معنی میں کیا گیا ہے۔ قرآن کی سورۃ 2 آیت 30 میں سب سے پہلے انسان آدم کی تخلیق سے ٹھیک پہلے اللہ اپنے فرشتوں سے فرماتا ہے کہ میں زمین پر اپنا ایک "خلیفہ" پیدا کروں گا۔ اس لفظ کا ترجمہ اکثر لوگوں نے "نائب یا قائم مقام" کیا ہےاور اس کی تشریح بنی نوع انسان کو مرحمت کی گئی رضا مندی کی نعمت کے طور پر کی گئی ہے۔ اس معنی میں تمام انسان "خلیفہ" ہیں؛ وہ اپنی مرضی کے مطابق عمل کرنے کی خدا کی عطا کردہ صلاحیت کے مالک ہیں۔

جب ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی روایت یا "سنتوں" پر نظر ڈالتے ہیں تو  ہم ان اسلامی مراجع میں سیاسی ادارے کے طور پر خلافت کی کوئی واضح بنیاد نہیں پاتے۔ اپنی حیات مبارکہ میں صلی اللہ علیہ وسلم خود اس امت کے سربراہ تھے لیکن انہوں نے اپنی جانشینی کے تعین کا کوئی واضح طریقہ متعین نہیں کیا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسم کے مشہور "خطبۃ الوداع" میں تین باتوں  کا ذکر ہے جس میں انہوں نے فرمایا کہ میں اپنے پیچھے تین چیزیں چھوڑ رہا ہوں: قرآن، سنت اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اہل بیت اطہار۔

ایک نظام کے طور پر خلافت کا قیام اس وقت ہوا جب قرآن مکمل ہو گیا اور نبی صلی اللہ علیہ اس دار فانی سے کوچ فرما گئے۔ نئی وحی اور اس کے سب سے زیادہ مستند مترجم اور شارح دونوں کی غیر موجودگی میں مسلم کمیونٹی کے بزرگوں نے مشورہ کیا کہ اب کیا کیا جائے اور انہوں نے اپنے درمیان میں سے ہی کسی ایک کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا "جانشین" نامزد کرنے کا فیصلہ کیا۔ اور جب ان کی وفات ہو گئی تو ایک نیا خلیفہ منتخب کیا گیا۔

سنی مسلمانوں کا یہ ماننا ہے کہ اولین چار خلفاء ابو بکر، عمر، عثمان اور علی (رضی اللہ عنہم اجمعین) ‘‘راشدین اور مہدین’’ تھے، اس کے بعد خاندانی حکومت کا دور آیا جس نے خلافت کے نظام کو برباد کر دیا اور طاقت و قوت کے بل پر حکومت قائم کرنے کی روایت کا آغاز ہوا۔ اور یہ بڑی حد تک سچ بھی ہے۔ لیکن لوگوں کو یہ بھی دیکھنا چاہئے تھا کہ اولین چار خلفاء کے ادوار بھی ایک مذہب کے طور پر نہیں بلکہ "تاریخی اسلام" کا ایک حصہ تھے۔

بہ الفاظ دیگر بالکل اسی طرح خلافت کا نظام اسلامی نظام نہیں ہے جس طرح کیتھولک مذہب میں پاپائیت کا نظام ہے جیسا کہ ازراہ ترغیب اس کی وضاحت مصر کے علی عبد الرزاق اور ترکی کے سید بے نے ایک صدی پہلے ہی کر دی ہے۔ بہت سے بدعنوان، مطلق العنان اور گنہگار اور بدکار خلفاء کی وجہ سے یہ ثابت ہو گیا کہ یہ ایک سیاسی ادارہ ہے کوئی مذہبی ادارہ نہیں اور ہمیشہ اس کی ستائش نہیں کی گئی ہے۔ "زمین پر خدا کے نائب ہونے کا" ان کا اولوالعزم دعوی ایک مہمل اور بے بنیاد دعویٰ کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔

یقیناً ہو سکتا ہے کہ اس دنیا کے تقریبا 1.2 بلین مسلمان کسی دن نمائندگی اور جوابدہی کے ایک جمہوری طریقہ کار پر مبنی دوبارہ خلافت کی تشکیل کا فیصلہ کر لیں۔ لیکن یہ بھی خلافت قائم کرنے کے فیصلے کی طرح ہی ایک تاریخی فیصلہ ہو گا۔ جبکہ اگر کوئی مسلمان انفرادی طور پر کسی خلیفہ یا کسی دوسرے رہنما کے بغیر ہی قدم آگے بڑھائے تو یہ بہتر ہوگا۔

(انگریزی سے ترجمہ: مصباح الہدیٰ، نیو ایج اسلام)

ماخذ:

http://www.hurriyetdailynews.com/how-islamic-is-the-caliphate-.aspx?pageID=449&nID=69014&NewsCatID=411

URL for English article:

 https://newageislam.com/islamic-society/how-islamic-caliphate/d/98050

URL for this article:

https://newageislam.com/urdu-section/how-islamic-caliphate-/d/98150

 

Loading..

Loading..