New Age Islam
Tue Mar 28 2023, 05:44 PM

Urdu Section ( 29 Jul 2019, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Zulhijj - The last Month of Islamic Calendar That Allah Has Chosen to Forgive His Slaves ذوالحجہ - اللہ کی رحمت اور مغفرت کا مہینہ


مصباح الہدیٰ قادری ، نیو ایج اسلام

27 جولائی 2019

ماہ ذوالحجہ کی آمد آمد ہے۔ کئی وجہوں سے اسلام میں اس ماہ مقدس کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، جن میں سے ایک اس ماہ مقدس کا ابوالانبیاء حضرت سیدنا ابراہیم علی نبینا علیہ الصلوٰۃ و التسلیم کی ایک سنت مبارکہ سے ایک خاص نسبت کا حامل ہونا ہے۔ یہ ماہ مقدس دیگر مہینوں سے اس لیے بھی ممتاز ہے کہ اسی ماہ مقدس میں حج بیت اللہ کی ادائیگی کی جاتی ہے اور سنت ابراہیمی کو زندہ رکھتے ہوئے ایام نحر میں محض اللہ کی رضاء و خوشنودی حاصل کرنے کے لئے مخصوص جاوروں کی قربانی بھی پیش کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی اس ماہ مبارک کے چند مخصوص ایام کی قرآن اور سنت رسول مقبول ﷺ میں بے شمار فضیلتیں وارد ہوئی ہیں ۔ قرآن میں اس ماہ مقدس کے ایام مخصوصہ معلومہ کو بکثرت اللہ کا ذکر کر کے ، اس کی تکبیر و تہلیل بیان کر کے اور اپنے لئے اور غریبوں کے لئے اچھی غذاؤں کا اہتمام کرکے منانے کا حکم دیا گیا ہے، مثلا ارشاد باری تعالیٰ ہے؛

وَاذْكُرُوا اللَّهَ فِي أَيَّامٍ مَّعْدُودَاتٍ ….(2:203)

ترجمہ: اور اﷲ کو (ان) گنتی کے چند دنوں میں (خوب) یاد کیا کرو….۔ عرفان القرآن

لِّيَشْهَدُوا مَنَافِعَ لَهُمْ وَيَذْكُرُوا اسْمَ اللَّهِ فِي أَيَّامٍ مَّعْلُومَاتٍ عَلَىٰ مَا رَزَقَهُم مِّن بَهِيمَةِ الْأَنْعَامِ ۖ فَكُلُوا مِنْهَا وَأَطْعِمُوا الْبَائِسَ الْفَقِيرَ (22:28)

ترجمہ: تاکہ وہ اپنے فوائد (بھی) پائیں اور (قربانی کے) مقررہ دنوں کے اندر اﷲ نے جو مویشی چوپائے ان کو بخشے ہیں ان پر (ذبح کے وقت) اﷲ کے نام کا ذکر بھی کریں، پس تم اس میں سے خود (بھی) کھاؤ اور خستہ حال محتاج کو (بھی) کھلاؤ۔ عرفان القرآن

ایام معدودات یا ایام معلومات سے مراد ایام تشریق ہیں جن میں اللہ کی بارگاہ میں قربانی پیش کرنا ہر صاحب استطاعت پر فرض ہے۔

یوم عرفہ کا روزہ

اسی ماہ مقدس کی ۹ تاریخ کو یوم عرفات کہا جاتا ہے جس دن پوری دنیا کے حجاج کرام بلا تفریق رنگ و نسل اور زبان و لباس میدان عرفات میں قیام کرتے ہیں اور بکثرت اللہ کی حمد و ثناء بصورت تکبیر و تہلیل بیان کرتے ہیں ۔ اس دن کے بارے میں رسو ل اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا:

’’صِيَامُ يَوْمِ عَرَفَةَ أَحْتَسِبُ عَلَى اللَّهِ أَنْ يُكَفِّرَ السَّنَةَ الَّتِى قَبْلَهُ وَالسَّنَةَ الَّتِى بَعْدَهُ‘‘(صحیح مسلم)

ترجمہ: یوم عرفات کے روزے کے (رکھنے والوں کے) بارے میں مجھے اللہ سے امید ہے کہ اللہ (اس روزے کے رکھنے والوں کے) گزشتہ ایک سال کے اور آئندہ ایک سال کے گناہ معاف فرما دیگا۔

اس ماہ مقدس کا پہلا عشرہ بے شمار فضیلتوں اور برکتوں کا حامل ہے یہی وجہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنھم اجمعین ان دنوں میں بکثرت اللہ کی تکبیر و تہلیل بیان کیا کرتے تھے، صحیح بخاری کی یہ روایت دیکھیں:

وكان بن عُمَرَ وأبو هُرَيْرَةَ يَخْرُجَانِ إلى السُّوقِ في أَيَّامِ الْعَشْرِ يُكَبِّرَانِ وَيُكَبِّرُ الناس بِتَكْبِيرِهِمَا وَكَبَّرَ محمد بن عَلِيٍّ خَلْفَ النَّافِلَةِ ۔

ترجمہ: عبد اللہ بن عمر اور ابو ہریرہ (ماہ ذو الحجہ) کے پہلے عشرہ میں بازاروں میں جاتے اور (بہ آواز بلند) اللہ کی تکبیر بیان کرتے اور ان دونوں کی تکبیریں سن کر اہل بازار بھی اللہ کی تکبیر بلند کرنے لگ جاتے، اور محمد بن علی (ابن ابی طالب) کا معمول تھا کہ وہ (ان ایام میں) نفلی نمازوں کے بعد اللہ کی تکبیر بلند کرتے تھے۔

نیز مسند احمد کی یہ روایت بھی دیکھیں؛

مَا مِن أَيَّامٍ أَعْظَمَ عِنْدَ اللَّهِ وَلاَ أَحَبَّ إليهِ مِنَ الْعَمَلِ فِيهِنَّ مِن هَذهِ الأَيَّامِ الْعَشْرِ فأكَثُروا فِيهِنَّ مِنَ التَّهْلِيلِ وَالتَّكْبِيرِ وَالتَّحْمِيدِ۔ (مسند احمد)

ترجمہ:اللہ کی بارگاہ میں (ماہ ذوالحجہ) کے (مخصوص) دنوں سے عظیم تر اور کوئی دن نہیں ہے اور اس ماہ کے پہلے عشرہ میں انجام دئے جانے والے اعمال سے زیادہ پسندیدہ عمل اس کی بارگاہ میں کوئی نہیں، لہٰذا تم ان ایام میں تھلیل (لا الٰہ الا اللہ) ، تکبیر (اللہ اکبر) اور تحمید (الحمد للہ) کی کثرت کیا کرو۔

یوم عرفات اللہ کا فرشتوں کے سامنے فخر کا اظہار فرمانا

إِنَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ يُبَاهِى الْمَلاَئِكَةَ بِأَهْلِ عَرَفَاتٍ يَقُولُ انْظُرُوا إِلَى عِبَادِى شُعْثاً غُبْراً(مسند احمد)

ترجمہ: (یوم عرفات کی شام) اللہ عز و جل اہل عرفات کی حالتوں کو دیکھ کر فرشتوں کے سامنے فخر کا اظہار فرماتا ہے اور ارشاد فرماتا ہے کہ میرے (پیارے) بندوں کو دیکھو تو سہی کہ وہ (کس طرح) گرد و غبار میں لپٹے ہوئے حاضر ہیں۔

یوم عرفات اللہ بے حساب اپنے بندوں کو مغفرت عطا کرنا

مَا مِنْ يَوْمٍ أَكْثَرَ مِنْ أَنْ يُعْتِقَ اللَّهُ فِيهِ عَبْدًا مِنَ النَّارِ مِنْ يَوْمِ عَرَفَةَ وَإِنَّهُ لَيَدْنُو ثُمَّ يُبَاهِى بِهِمُ الْمَلاَئِكَةَ فَيَقُولُ مَا أَرَادَ هَؤُلاَءِ (صحیح مسلم)

ترجمہ: یوم عرفات کے علاوہ اور کوئی دن ایسا نہیں ہے کہ جس میں اللہ سب سے زیادہ اپنے بندوں کی مغفرت فرماتا ہو۔ اور اس دن اللہ کی رحمتیں بندوں سے قریب ہو جاتی ہیں ، پھر اللہ اہل عرفات کو دیکھ کر فرشتوں میں فخر کا اظہار فرماتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ سب (میدان عرفات میں جمع ہونے والے میرے بندے مجھ سے) کیا چاہتے ہیں ۔

محترم قارئین، دیکھا آپ نے کہ مذہب اسلام میں ماہ ذوالحجہ کو کیا اہمیت اور کیا کیا خصوصیات حاصل ہیں ۔ اور خاص طور پراس کی ۹ تاریخ یعنی یوم عرفات اللہ کے نزدیک اس قدر پسندیدہ ہے کہ اس دن اللہ رب العزت اہل عرفات کو دیکھ کر خود فرشتوں کے سامنے اپنے بندوں پر فخر کا اظہار فرماتا ہے۔ اور اس دن اللہ اپنے بندوں پر رحمتوں اور برکتوں کی بارش نازل فرماتا ہے اور محض اپنی رحمتوں سے اس دن بے شمار لوگوں کی بخشش اور مغفرت فرماتا ہے۔ لہٰذا ہمیں بھی چاہئے کہ اس ماہ مقدس کے ان قیمتی اور انتہائی بابرکت ایام میں عیش و عشرت کو تج دیں اور خود کو چند دنوں کے لئے مادیت پرستی اور عیش کوشی سے الگ کر کے اللہ کے ذکر اور اس کی تکبیر و تھلیل میں خود کو مصروف کر لیں ، اور خوب خوب اس کی رحمت، برکت اور مغفرت کو اپنے دامنِ تر میں سمیٹنے کی کشش کریں تاکہ کل قیامت میں یہی ہمارے لئے سرمایہ نجات بن سکے۔

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/zulhijj-last-month-islamic-calendar/d/119336


New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism



Loading..

Loading..