New Age Islam
Wed Oct 21 2020, 03:34 PM

Urdu Section ( 18 May 2017, NewAgeIslam.Com)

Muslim Marriage Act like the Hindu Marriage Act ہندو میرج ایکٹ کی طرح مسلم میرج ایکٹ؟

 

مرزا انوارالحق بیگ

18مئی،2017

جس کا خدشہ تھا وہی ہوا۔ حکومت کی اصل نیت سامنے آگئی۔ مسلمان تین طلاق پر بحث کرتے رہے ۔ حکومت کو تین طلاق سے کیوں بیر ہوتا؟ حکومت کو اصل میں مسلمانوں کے شرعی معاملات میں مداخلت کرنی تھی او رنکاح و طلاق کا وہ الہٰی او رمثالی نظام جو کسی بھی مذہب کے پاس نہیں ہے او رجو کہ ملک میں مسلم پرسنل لاء ( اسلامی عائلی قوانین)کے تحت آتا ہے پر ہی شب ہی خون مارنا تھا۔ حکومت کے لئے یکساں سول کوڈ کانفاذ ممکن نہیں تھا اس لئے اسے اپنے در پردہ مقاصد کے حصول کے لئے ایک ایسا راستہ بہت مناسب معلوم ہوا جس سے سانپ بھی مر جائے او رلاٹھی بھی نہ ٹوٹے ۔ اس معاملے میں حکومت کی سازشی حکمت عملی کامیاب ہوتی محسوس ہورہی ہے جس میں مسلمانوں کو تین طلاق کے غیر ضروری فقہی مباحث و اختلاف میں مصروف کردیا اور ہندو میریج ایکٹ کی طرح مسلم میرج ایکٹ کے لئے راستہ ہموار کر لیا۔

اب جب کہ حکومت نے عدالت میں اپنے منشا کا اظہار و اعلان کردیا کہ طلاق کے تمام اسلامی طریقے ظالمانہ ہیں چاہے طلاق بدعت ہو یا طلاق حسن ہو یا احسن ہو سب پر پابندی لگنی چاہیے ، پھر بھی کچھ نادان بحث کررہے ہیں کہ تین طلاق کا ذکر قرآن میں ہے یا نہیں یا حدیث سے ثابت ہے یا نہیں ۔

مسلم میریج ایکٹ کا مطلب ہے۔ فرد کے نکاح و طلاق کے اختیار سلوک کر کے عدالت کو سونپنا ۔مطلب دیگر برادران وطن کی طرح ایک مسلمان کو بھی کسی ناچاقی کے وجہ سے طلاق لینے کے لئے سالہاسال عدالتوں کے چکر کاٹنے اور مقدمے بازی میں اپنی جان و مال صرف کر کے بھی بے مراد اور در ماندہ ہوتے رہنا ہوگا۔ جو پریشانی کے ساتھ ساتھ غیر شرعی عمل ہے۔

خبروں کے مطابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے کل بروز پیر سپریم کورٹ میں تین طلاق پر چل رہی سماعت کے تیسرے دن کہا کہ اگر کورٹ پرسنل لاء میں دی طلاق کو منسوخ کردیتا ہے تو حکومت مسلم کمیونٹی کے لئے نکا ح و طلاق کو منضبط کرنے کے لئے قانون بنائے گی۔

اٹارنی جنرل نے مرکزی حکومت کا موقف رکھتے ہوئے ناصرف ایک ساتھ تین طلاق کی مخالفت کی ہے بلکہ طلاق کے باقی دواسلامی طریقے یعنی طلاق احسن او رطلاق حسن کو بھی خواتین کے ساتھ برابری کے سلوک کے خلاف قرار دیا اور تمام اسلامی طلاق کے طریقوں کو بھی منسوخ کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ ان کی دلیل کے مطابق پورے معاملے کو آئین کے آرٹیکل 14,15یعنی برابری کے حقوق کی بنیاد پر پرکھا جائے۔ اٹارنی جنرل کے اس جواب میں 5ججوں کی بنچ نے پوچھا کہ اگر سب کو ختم کردیا گیا تو مسلم مرد طلاق کیلئے کیا کریں گے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت نکاح و طلاق کے لئے قانون بنائے گی۔

اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ شادی اور طلاق مذہب سے منسلک مسئلہ نہیں ۔ قرآن کی وضاحت کرنا کورٹ کا کام نہیں بلکہ آئینی بینچ کا کام ہی آئین کو روشنی میں مسئلہ کو پرکھنا ہے۔ اس پر آئینی بینچ کے صدر چیف جسٹس جے ایس کھہیر نے کہا کہ آپ جو کہہ رہے ہیں وہ اقلیتی حقوق کو ختم کردے گا، اور ہم صرف آئین کے محافظ نہیں ہیں بلکہ اقلیتی حقوق کے بھی محافظ ہیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ ’ پہلے ہم یہ دیکھے گے کہ طلاق اسلام کا بنیادی حصہ ہے یا نہیں؟‘

حیرت کی بات یہ ہے کہ اس وقت عدالت میں ایک نشست میں تین طلاق دینے پر سماعت ہورہی ہے اور حکومت کا پہلے روز سے یہ مطالبہ تھا کہ تین طلاق پر پابندی لگنی چاہیے لیکن کل اچانک حکومت نے اپنے درپردہ عزائم طشت ازبام کرتے ہوئے ، جس کا خدشہ مسلم پرسنل لاء بورڈ جو مسلم تنظیموں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے پہلے ہی سے تھا، طلاق کے اسلامی نظام ہی کو منسوخ کرنے کامطالبہ کردیا۔

عدالت میں سماعت کے دوران اہم بات یہ رہی کہ اٹارنی جنرل نے عدالت اعظمٰی کو یاد دلایا کہ 2ججوں کی بنچ نے 3طلاق کے ساتھ حلالہ اور تعدد ازواج پر بھی نوٹس لیا تھا، اور مطالبہ کیا کہ کورٹ کو تینوں مسائل پر سماعت کرنی چاہئے ۔ اس پر عدالت اعظمٰی نے کہا کہ حلالہ اور تعددازدواج کا مسئلہ ابھی سماعت کے لئے دروازہ کھلا ہے۔ عدالت نے وضاحت کی کہ فی الحال وقت کی کمی کی وجہ سے صرف تین طلاق پر غور ہورہا ہے، نکاح حلالہ او رمسلم مردوں کو ایک سے زیادہ شادی کی اجازت پر مستقبل میں سماعت ہوگی۔

حیرت انگیز طور سے اس قدر اہم بات جس میں طلاق کے تمام طریقوں کو ختم کرنے کا حکومت نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے، اکاد کا چھوڑ کر مین اسٹریم اخبارات جس میں اردو اخبارات بھی شامل ہیں کور کرنے کی زحمت نہیں کی ہے۔ آخر کیوں؟

18مئی،2017 بشکریہ : پرتاب، نئی دہلی

URL: http://www.newageislam.com/urdu-section/mirza-anwarul-haq-baig/muslim-marriage-act-like-the-hindu-marriage-act--ہندو-میرج-ایکٹ-کی-طرح-مسلم-میرج-ایکٹ؟/d/111199

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..