سہیل ارشد، نیو ایج اسلام
27 مئی 2025
قرآن مجید کا پہلا مکمل اردو ترجمہ حضرت شاہ ولی اللہ کے صاحبزادے حضرت شاہ عبدالقادر نے اٹھارھویں صدی کی آٹھویں دہائی میں کیا تھا۔ اس کے بعد سے اردو میں قرآن مجید کے بے شمار ترجمے آچکے ہیں ۔ ترجمہ نگاری کے فن کی ترقی کے ساتھ ساتھ قرآن کے بھی ترجموں میں نکھار آتا گیا اور اس کے نتیجے میں قرآن کی تفہیم پہلے کے مقابلے زیادہ آسان ہوگئی ہے۔
اس کے باوجود اب بھی قرآن کے تراجم میں کہیں کہیں ناہمواری اور تشنگی کا احساس ہوتا ہے کیونکہ اردو ایک جدید زبان ہے جس کی پیدائش دسویں
صدی کے آس پاس ہوئی جب کہ عربی زبان جس میں قرآن نازل ہوا ساتویں صدی میں دنیا کی سب سے زیادہ متمول اور ترقی یافتہ زبان تھی۔لہذا ، اردو میں ترجمہ کرتے وقت مترجمین کو عربی کے الفاظ اور فقروں کے قریب ترین ترجمے تک پہنچنے میں دشواری ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ تر مترجمین عربی زبان کے محاوروں خصوصاً ساتویں صدی کے عرب میں رائج و مقبول محاوروں اور اسلوب بیان سے واقف نہیں ہیں۔ وہ ایسے الفاظ اور تراکیب کا لفظی ترجمہ کردیتے ہیں جس کی وجہ سے اصل مفہوم واضح نہیں ہوتا۔ ایسی ہی ایک ترکیب اول المسلمین اور اول مومنین کی ہے جو قرآن میں کئی مقامات پر آئی ہے۔ وہ تراکیب مندرجہ ذیل ہیں:
حضرت موسی علیہ السلام فرماتے ہیں۔
وانا اول المومنین (الاعراف :143)
حضرت محمد,ﷺ فرماتے ہیں۔
وانا اول المسلمین (الانعام : 163)
حضرت محمد ﷺ فرماتے ہیں
اور مجھے حکم ہے کہ میں اول المسلمین بنوں (الزمر :12)
ان سبھی آیتوں کا ترجمہ کرتے وقت مترجمین نے اول المسلمین کا ترجمہ پہلا مسلمان یا پہلا حکم بردار کیا ہے اور اول المومنین کا ترجمہ پہلا ایمان لانے والا یا پہلا قبول کرنے والا کیا ہے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ قرآن میں تمام انبیاء اور توحید میں ایمان رکھنے والی قوموں اور افراد کو مسلم کہا گیا ہے۔ اس لئے اول المسلمین کا ترجمہ پہلا مسلمان یا پہلا حکم بردار درست نہیں ہے ۔ غالباٌ یہ عرب معاشرے کا محاورہ ہے جس کا اردو مترجمین نے لفظی ترجمہ پہلا مسلمان یا پہلا ایمان لانے والا کردیا ہے۔ کیونکہ جب حضرت موسی علیہ السلام کے معاملے میں فرعون کے جادوگر شکست کھاگئے اور انہیں یہ عرفان ہوگیا کہ حضرت موسی علیہ السلام خدا کے سچے رسول ہیں تو وہ بھی ایک خدا پر ایمان لے آئے اور بولے ۔:۔
ان کنا اول المومنین (الشعراء : 51)
کہ ہم پہلے مومن (ایمان لانے والے ) ہیں۔
چونکہ مترجم نے اول المومنین کا ترجمہ پہلا ایمان لانےوالا کردیا ہے اس لئے اس کی تاویل میں لکھنا پڑا کہ چونکہ فرعون کے جادوگروں نے فرعون کی قوم میں سب سے پہلے ایمان کا اعلان کیا اس لئے
ؓ انہوں نے خود کواول المومنین کہا۔ اگر یہ دلیل مان بھی لی جائے تو پھر اول کافر کی ترکیب کا کیا معنی لیا جائے۔ کیا اس کا معنی بھی پہلا کافر ہوگا؟
بنی اسرائیل سے کہا گیا
ولا تکونو اول کافرٍبہٖ (البقرہ : 41)
اور اول کافر نہ بنو
ظاہر ہے اول کافر کا مطلب دنیا کا یا اپنی قوم پہلا کافر نہیں ہے۔
لہذا ، ان آیتوں کے پس منظر سے یہ واضح ہوتا ہے کہ عربی زبان میں اول کافر یا اول مومن محاورے کے طور پر استعمال ہوا ہے اور اس کا لفظی ترجمہ مفہوم کو مبہم بنادیتا ہے۔
اول المسلمیں اور اول المومنین یا اول کافر کے اصل مفہوم کو اگر جاپانی زبان کے تناظر میں سمجھنے کی کوشش کریں تو اس کا مفہوم بالکل واضح ہوجاتا ہے۔ جاپانی زبان پر عربی زبان کا بہت اثر ہے جس طرح فرانسیسی اور دیگر یوروپ زبانوں پر بھی عربی کا اثر ہے۔ جاپانی زبان میں سب سے زیادہ کے لئے ایچی بان کا فقرہ استعمال۔کیا جاتا ہے۔ ایچی کا معنی ایک اور بان کا معنی نمبر۔ یعنی اگر کہنا ہو کہ سب سے زیادہ خوبصورت تو چاپانی میں کہنا ہوگا ایچی بان خوب صورت یعنی ایک نمبر کا خوبصورت۔ سب سے زیادہ مہنگا کو ایچی بان مہنگا۔ خوب صورت کو جاپانی زبان میں اتسو کوشی اور مہنگا کو تکائی کہتے ہیں اس لئے
ایچی بان اتسو کوشی۔۔ سب سے خوبصورت
ایچی بان تکائی ۔۔سب سے مہنگا
دوسرے لفظوں میں
اول خوبصورت یا اول مہنگا
یہ جاپانی زبان کا طرز اظہار یا محاورہ ہے۔
اردو یا ہندی میں کبھی کبھی یہ محاورہ استعمال۔کیا جاتا ہےجیسے
ایک نمبر کا بدمعاش یا ایک نمبر کا شیطان ۔ایسا کرتے ہوئے ہم انجانے میں جاپانی محاورہ یا ترکیب استعمال کررہے ہوتے ہیں۔
اب جاپانی زبان کے تناظر میں اول المسلمین یا اول المومنین کا ترجمہ ہوگا اعلی درجے کا مسلم یا مومن ۔ دوسرے لفظوں میں پکا مسلمان یا پکا مومن۔ اسی طرح اول کافر کا معنی ہوگا پکا کافر ۔۔ قرآن میں کچھ منکرین حق کے بارے میں کہہ دیا گیا ہے کہ ان کے قلب پر مہر لگادی گئی ہے۔ ایسے لوگ کٹر یا پکے کافر ہیں یا منکر اول ہیں۔
لہذا ، جاپانی زبان کے تناظر میں یہ بالکل واضح ہوگیا کہ اول المسلمیں یا اول المومنین کا معنی پہلا مسلمان یا پہلا مومن نہیں بلکہ راسخ العقدیدہ مسلمان یا مومن ہے۔ یہ محاورہ ہے اس لئے اس کا لفظی ترجمہ ابہام پیدا کرتا ہے۔
------------
URL: https://newageislam.com/urdu-section/meaning-awwal-al-muslimeen/d/135677
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism