New Age Islam
Thu Nov 13 2025, 07:37 AM

Urdu Section ( 5 Aug 2022, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Martyrdom of Imam Hussain, Patience and Perseverance شہادت امام حسین اور صبر و استقامت

کنیز فاطمہ ، نیو ایج اسلام

5 اگست 2022

· تاریخ اسلام میں بے شمار شہادتیں ہوئیں لیکن کربلا کی سرزمین پر ہونے والا امام حسین کا واقعہ دیگر تمام شہادتوں سے مختلف اور منفرد ہے ۔

· شہادت حسین کے فکری پہلووں کو سمجھنے اور حسینی خصوصیات کو اس کے صحیح خدو خال کے ساتھ بیان کرنے کی بجائے ،اس عظیم واقعہ کو چند غیر ضروری رسم و رواج کا مجموعہ بنا کر محدود کر دیا گیا ہے ۔

· آج اہل فکر و نظر جب شہادت امام حسین کا تجزیہ کرتی ہیں تو انہیں بھی اس بات کی حقیقت تک رسائی ہو جاتی ہے کہ واقعہ کربلا میں صبر و استقامت اور ایثار و قربانی کی جتنی بہترین مثال ملتی ہے وہ تاریخ کے اوراق میں کہیں بھی مندرج نہیں ۔

۔۔۔

ہر سال ماہ محرم کی دسویں تاریخ کو حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور آپ کے اہل بیت کی شہادت کے تاریخ ساز واقعہ کی یاد تازہ ہو جاتی ہے ۔مگر المیہ یہ ہے کہ شہادت حسین کے فکری پہلووں کو سمجھنے اور حسینی خصوصیات کو اس کے صحیح خدو خال کے ساتھ بیان کرنے اور انہیں میدان زندگی میں عملی جامہ پہنانے کی بجائے ، لوگوں نے اس عظیم واقعہ کو چند غیر ضروری رسم و رواج کا مجموعہ بنا کر محدود کر دیا ہے ۔یہ حالت اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ہمارے معاشرے میں فکر و تدبر کی کمی ہے جبکہ قرآن مقدس نے بے شمار مواقع پر واقعات پر غور و فکر کرنے اور ان سے نصیحت حاصل کرنے کی ترغیب دلائی ہے ۔واقعہ امام حسین سے انسان کو نہ صرف صبر و استقلال اور ایثار و قربانی کا درس ملتا ہے بلکہ فکر و عمل اور حق و انصاف کی پاسداری کرنے کا جذبہ ملتا ہے ۔

تاریخ اسلام میں بے شمار شہادتیں ہوئیں لیکن کربلا کی سرزمین پر ہونے والا امام حسین کا واقعہ دیگر تمام شہادتوں سے مختلف اور منفرد ہے ۔ اس انفرادیت کی کئی وجوہات ہیں ۔ ایک نمایاں وجہ یہ ہے کہ امام حسین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسہ تھے اور براہ راست نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی گود میں پرورش پانے کا شرف حاصل کیا اور بچپن میں نبی اکرم کے مبارک کندھوں پر سواری کی۔اس واقعہ میں سب سے اہم سبق یہ ہے کہ ظلم اور ظالم کے آگے کبھی سر نہ جھکایا جائے ۔لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ غیر ضروری طور پر انسان اپنی جان کو ہلاکت میں ڈالے اور قتل و غارت گری اور ظلم و ستم سے محفوظ رہنے کا باعزت طریقہ ہو تو اسے اختیار نہ کیا جائے ۔

اسلام ظلم وتشدد ، فتنہ و فساد ، قتل و دہشتگردی کو سختی سے ناپسند کرتا ہے ۔ اسلام کا معنی ہی امن و سلامتی ہے اور کائنات پر بسنے والی تمام مخلوقات ، انسان ، چرند و پرند ، حیوان اور چیونٹیوں تک کو اسلام نے امان دے رکھا ہے ۔اسلام نے ہرے بھرے درختوں کی حفاظت اور ماحولیات کے رکھ رکھاو کی ترغیب دلائی ہے ۔ اسلام نے ایک انسان کو دوسرے انسانوں پر عائد حقوق کی ادائیگی کا حکم دیا ہے ۔لیکن جب معاشرے میں ظلم کا رواج ہو جائے ، اور ظالم کسی طرح اپنے ظلم اور سرکشی سے باز نہ آئے تو پھر اسلام ظلم کے خلاف حسب قدرت آواز اٹھانے اور لڑنے کی تعلیم دیتا ہے کیونکہ اگر ایسا نہ کیا جائے تو حق مغلوب اور باطل غالب آجائے گا۔سیرت رسول کے مطالعہ سے ہمیں یہ باتیں اچھی طرح سمجھ آتی ہیں اور ان پر سب سے بہترین عمل کرکے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسہ امام حسین نے قیامت تک آنے والی تمام نسلوں کو یہ تعلیم دے دی کہ دامن صبر کو کبھی نہ چھوڑنا ، اور ظالم کے ظلم کے آگے کبھی نہ جھکنا ۔

کربلا میں ہونے والی امام حسین کی شہادت دنیا کے لوگوں کو یہ واضح پیغام بھی دیتی ہے کہ اے لوگوں جنگ میں اپنی طرف سے پہل نہ کرو ۔امام حسین کے واقعہ کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے آخری وقت تک جنگ ٹالنے کی تمام تر کوششیں کی اور یزیدیوں کو و عظ و نصیحت کرتے رہے ۔لیکن جب یزیدیوں نے حق کے علمبردار امام حسین کی بات نہ سنی اور انہیں اور ان کے ساتھ اہل بیت کے افراد اور معزز ساتھیوں کو قتل کرنے پر مصر رہے تب امام حسین نے جنگ کی جوابی کارروائی کی کوشش فرمائی ۔ در حقیقت یہ جنگ نہ تھی کیونکہ جنگ دو فوجوں کے درمیان ہوا کرتی ہے۔ امام حسین کے پاس فوج نہیں تھی بلکہ خاندان کے کچھ افراد ، بچے ، پاکباز خواتین اور جاں نثار معزز ساتھی تھے ۔ یہ واقعہ صرف جارحیت کے مقابلہ اپنے دفاع کا تھا ۔ تاریخ کے اوراق اس بات کے گواہ ہیں امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے سخت بھوک و پیاس کے عالم میں بہترین دفاع کی کوششیں کیں۔ اس حسینی کارنامہ سے دنیا بھر کے دبے کچلے مظلوموں کو صبر و استقامت اور حق پر قائم رہنے کی تعلیم ملتی ہے ۔

آج اہل فکر و نظر جب شہادت امام حسین کا تجزیہ کرتی ہیں تو انہیں بھی اس بات کی حقیقت تک رسائی ہو جاتی ہے کہ واقعہ کربلا میں صبر و استقامت اور ایثار و قربانی کی جتنی بہترین مثال ملتی ہے وہ تاریخ کے اوراق میں کہیں بھی مندرج نہیں ۔صبر و تحمل اور استقامت کی اس داستان کو کتابوں کے اوراق پر لکھنا بہت آسان ہے لیکن اسے عمل میں لاکر روئے زمین پر اتنا عمدہ انقلاب پیدا کرنا اب شاید کسی میں ممکن نہیں ۔

۔۔۔

کنیز فاطمہ نیو ایج اسلام کی مستقل کالم نگار اور عالمہ و فاضلہ ہیں۔

URL: https://newageislam.com/urdu-section/martyrdom-imam-hussain-perseverance/d/127649

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..