مولانا ارشد مدنی
24 اپریل،2025
نئی دہلی: جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے پہلگام کے دہشت گردانہ واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ عمل قراردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہلاک شدگان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے قصور وں کو قتل کرنے والے انسان نہیں درندے ہیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ اسلام میں دہشت گردی کے عمل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ دہشت گردی ایک ناسور ہے جو اسلام کی قیام امن کی پالیسی سے متصادم ہے۔ اس کے خلاف آواز اٹھانا ہر مومن کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا عام مسلمان کشمیر میں امن وامان کو فروغ دیناچاہتاہے، اور اس کے دل میں مذہب سے اوپر اٹھ کر اخوت وہمدردی او ربھائی چارگی کا جذبہ طاقتور اور زندہ ہے۔مولانا نے کہا کہ اس سانحے کو مذہبی رنگ دینا غلط ہے۔ مرنے والوں میں ایک مسلمان بھی شامل ہے اور خبرو ں کے مطابق حملوں کے دوران مقامی لوگوں نے اپنی جان پرکھیل کر بہت سے سیاحوں کو بچایا اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔اس سانحہ سے عام کشمیر ی سخت صدمے میں اور غصے میں ہے۔ اس کااظہار انہوں نے جگہ جگہ مشعل مارچ نکال کر کیا ہے۔
شاہی امام مولاناسید احمد بخاری
”جامع مسجد دہلی کے شاہی امام مولاناسید احمد بخاری نے پہلگام کے واقعہ پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے اس کو حیوانیت کے ننگے ناچ سے تعبیر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس نے ہمارے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور پورا ہندوستان بیک آواز اس کی مذمت کرتاہے۔ شاہی امام نے مذہبی شناخت کو بنیا د بناکر قتل کو ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہوئے اس کو سزا کامستحق قرار دیا۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے غم میں خود کو برابر کا شریک بتایا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس حوالہ سے اس جمعہ کو جامع مسجد میں ایک اہم خطاب بھی کریں گے۔
مولانا محمود اسعد مدنی
”مولانا محمود اسعد مدنی نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 28/ بے قصور سیاحوں کا بے دردی سے قتل کیا جانا انسانیت کش عمل ہے، جس کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔ جو لوگ اسے اسلام سے جوڑ نے کی کوشش کررہے ہیں وہ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے ناواقف ہیں۔ اسلام میں کسی بے قصور انسان کا ناحق قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیت علماء ہند اس موقع پر تمام شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ امن، بھائی چارے اور رواداری کو ہر حال میں برقرار رکھیں۔ ایسے واقعات کا مقصد صرف خوف، نفرت اور فرقہ واریت کو فروغ دینا ہوتا ہے،جسے ہمیں متحد ہوکر ناکام بنانا ہوگا“۔
سید سعادت اللہ حسینی
”جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے اس المناک واقعے پر اپنے گہرے رنج و غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بے قصور جانوں کو اتلاف جن میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں، انتہائی افسوسناک ہے۔ ہماری دعائیں اور ہمدرددیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اس طرح کے وحشیانہ فعل کی کوئی بھی توضیح نہیں کی جاسکتی۔ یہ مکمل طور پر غیر انسانی حملہ ہے، اس کی واضح الفاظ میں غیر مشروط مذمت ہونی چاہئے۔ انہوں نے سول سوسائٹی،مذہبی رہنماؤں او رمیڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں او رایسے بیانیوں سے گریز کریں جو مزید کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہوں یا بے گناہ گروہوں کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہیں۔
ڈاکٹر مفتی مکرم احمد
’’ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے اس حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے شدید غم وصدمہ پہنچاہے۔ جو متاثر ین ہیں ان کے تئیں ہماری ہمدردی ہے او رہم تعزیت پیش کرتے ہیں۔ ہم ان لوگو ں کے ساتھ ہیں، جو لوگ زخمی ہیں ان کے جلد صحت یاب ہونے کی دعاکرتے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، یہ عمل انسانیت کے خلاف ہے اور اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات پیش نہ آئیں“۔
مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی
”مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیرمولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے اس واقعے کو ’غیر انسانی وبزدلانہ عمل‘ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پلوامہ کے سنگین ترین حملے کی تلخی کو ابھی بھلا بھی نہ پائے تھے کہ یہ نیا المناک سانحہ پیش آگیا۔ایسے جرائم کے مرتکبین کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ اصل مجرموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے، تاکہ ملک کے امن وامان کو لاحق خطرات کا سدباب ہوسکے۔ مولانا سلفی نے عوام خاص وعام او رمیڈیا سے صبر وتحمل سے کام لینے کی اپیل کی“۔
پروفیسر اختر الواسع
”ملک کے ممتاز دانشوروں میں شمار پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے سیاحوں کے قتل کر بزدلانہ او رمذموم قرار دیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات اورملزین کو کیفر کردار تک پہنچانے کامطالبہ کیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کا حملہ پاکستان کو شہ کے بغیر کی معیشت، کشمیر کے معاشرہ او ربالخصوص ملک میں ہندوؤں او رمسلمانوں کے درمیان تنازعات پیدا کرنے کی کوششیں ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ سرکار کو سخت کارروائی کرنی چاہئے۔“
مولانا غلام رسول بلیاوی
”ادارہ شرعیہ بہار کے صدر مولانا غلام رسول بلیاوی نے کہا کہ اس دہشت گردی کوملک کا کوئی بھی مسلمان قبول نہیں کرسکتا۔ ہم اپنے اہم وطنوں کی جان ومال او رغزت وآبروں کے تحفظ کے لیے اسی طرح فکر مند او رسنجیدہ ہیں جیسے اپنے جسم وجان اور عزت وحرمت کے لیے فکر مند وسنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ شرعیہ مرکزی حکومت سے اپیل کرتاہے کہ کشمیر کے پہلگام میں جس نے بھی بزدلانہ حرکت کی ہے اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے۔ سیاسی جماعتوں سے بھی ہماری اپیل ہے کہ اس وقت ادھر ادھر کی بات نہ کریں او رملک کی حفاظت کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہوجائیں۔ ان لوگوں کا بھی پتہ لگایا جائے جن کو کوتاہی کے سبب دہشت گردوں کو ایسی انسانیت سوز حرکت کرنے میں کامیابی ملی۔ ملک ایسے لوگوں کی شناخت جاننے کے لیے منتظر ہے۔“
سلمان خورشید
”انڈیا اسلامک کلچرک سینٹر کے صدر وسابق وزیر خارجہ سلمان خورشید نے افسوسناک کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پورا اسلامک سینٹر اس کی سخت مذمت کرتاہے، یہ تو انتہا ہوگئی اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان متاثرین کے ساتھ ہیں اور جو زخمی ہیں ان کے لیے دعا گو ہیں،ایسے وقت میں ضرورت اس بات کی ہے کہ اتحاد قائم رکھیں“۔
مولانا بلا ل عبدالحئی حسنی ندوی
”دارالعلوم ندوۃ العلماء نے ناظم مولانا بلا ل عبدالحئی حسنی ندوی نے پہلگام واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی صحیح مسلمان ایسا کام نہیں کرسکتا ہے۔ حملہ ظالمانہ او رمجرمانہ حرکت ہے، اسلام میں بے گناہوں کے قتل کی قطعی اجازت نہیں ہے، جوکوئی بھی ایسا کام کرے گا، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔“
مولانا خالد رشید فرنگی محلی
”اسلامک سنٹر آف انڈیا فرنگی محل کے چیئر مین مولانا خالد رشید فرنگی محلی امام عیدگاہ لکھنو نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرانہ واقعہ پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کا قتل اسلامی احکام کے خلاف ہے۔اسلام کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ امن وامان قائم رکھیں۔دارالعلوم فرنگی محلی عیدگاہ لکھنؤ میں واقعہ میں ہلاک ہونے والے افراد خاندان سے ہمدردی کرنے اورزخمیوں کی صحت یابی کے لیے ایک دعائیہ جلسہ بھی منعقد کیا گیا۔
مولانا کلب جواد نقوی
”مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا کلب جواد نقوی نے پہلگام حملے کی سخت مذمت کی اور جو لوگ اس حملے میں مارے گئے ہیں ان کے اہل خانہ کوتعزیت پیش کی۔مولانا نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ ہے۔ دہشت گرد ہمیں خوفزدہ کرناچاہتے ہیں تاکہ کشمیر میں بدامنی کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ثابت ہوتاہے کہ اس حملے میں پاکستان ملوث ہے تو اسکو سخت سزا ملنی چاہیے۔ اسرائیل جو غزہ میں کررہاہے وہ بھی کھلی دہشت گردی ہے اس کی بھی مذمت کی جانی چاہیے۔“
--------------
URL: https://newageislam.com/urdu-section/kill-innocent-people-humans-beasts/d/135301
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism