New Age Islam
Tue Mar 28 2023, 11:02 AM

Urdu Section ( 11 Jun 2018, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Shabe Qadr- A Night to Attain Pleasure of God شب قدر رب کو منانے کی رات

 

کنیز فاطمہ، نیو ایج اسلام

اللہ عزوجل نےسورہ قدر میں ارشاد فرمایا، ترجمہ: بیشک ہم نے اسے شب قدر میں اتارا  ۔اور تم نے کیا جانا کیا شب قدر ۔شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ۔ اس میں فرشتے اور جبریل اترتے ہیں اپنے رب کے حکم سے ہر کام کے لئے ۔ وہ سلامتی ہے صبح چمکنے تک ۔

اس سورت میں اللہ نے انسانوں کو سوال و جواب کے اندازمیں ‘‘شب قدر’’کی عظمت سے آگاہ کیا ہے کہ ایک ہزار مہینے یعنی ۸۳ سال کی عبادت بھی اس مبارک رات کی عبادت کے برابر نہیں ہوسکتے ۔

شب قدر کا معنی اور اس کی وجہ تسمیہ: علامہ محمد حسین ساجدالہاشمی اپنی کتاب ‘‘نور بھری راتیں’’کے صفحہ نمبر ۳۵اور ۳۶ میں لکھتے ہیں:قدر کا معنی عظمت اور شرف ہے۔

عرب کہتے ہیں :لفلان قدر عند فلان فلاں شخص فلاں کے ہاں صاحب عظمت ہے صاحب شرف ہے اس معنیٰ کے اعتبار سے اس شب کو لیلۃ القدر اس لیے کہتے ہیں کہ اس رات عبادت کرنے والا پرور دگا عالم کے حضور صاحب شرف و عظمت ہوتاہے۔

اور اس لئے بھی کہ اس رات کی عبادت قبولیت ،جزا،ثواب اور  اجر کے اعتبار سے ذی قدر ہوتی ہے۔

ابو بکر الوارق کہتے ہیں: اس رات کو لیلۃ القدر اس لئے کہتے ہیں کہ اس میں قدر و شرف والی کتاب عظیم و جلیل فرشتہ عظمتوں و رفعتوں والی امت کے لئے لے کر آیا جس میں نازل ہونے والی کتاب بھی قدر والی ،لانےوالا جبرئیل بھی صاحب قدر اور جس کی طرف آئی وہ امت بھی ذی قدر تو لازم ہے ۔جس رات میں نازل ہو وہ بھی لیلۃ القدر ہو۔

شاید یہی وجہ ہے کہ اس سورۃ طیبہ میں لفظ لیلۃ القدر تین بار آیا اور تینوں کی عظمتوں کی طرف  اشارہ کیا گیا ہو۔

 فضائل شب قدر:

شب قدر جسے اللہ نے لیلۃ القدر کے مبارک خطاب سے نوازہ وہ حسین و جمیل رات جو قرآن کریم کو اپنے آغوش رحمت میں لے آئی اس کے فضائل و برکات کا کیا کہنا اس میں خود قرآن کریم کا نزول ہی سب سے بڑی فضیلت کی بات ہے لیکن صرف اتنا ہی نہیں بلکہ اس کے علاوہ اس میں اور بھی بے شمار رحمت و برکت کا نزول ہوتا ہے جیسے: فرشتوں کی پیدائش ہوئی، حضرت آدم علیہ السلام کا مادہ جمع ہونا شروع ہوا، نبی اسرائیل علیہ السلام  کی توبہ قبول ہوئی۔ انسانوں کی توبہ قبول ہوتی ہے۔ رات  بھر آسمانوں کے دروازے کھلے رہتے ہیں۔

عبداللہ ابن عباس فرماتے ہیں کہ اس رات میں رزق ،زندگی حتیٰ کہ اس سال حج کرنے والوں کی تعداد لوح محفوظ سے نقل کر کے فائلیں فرشتوں کے حوالے کر دی جاتی ہے۔

اس رات لوح محفوظ سے آسمان دنیا کی طرف پورا قرآن نازل ہوتا ہے۔

اس رات آسمان سے بکثرت فرشتے نزول کرتے ہیں جو مومنوں کو سلام کرتے اور  مصافحہ کرتے ہیں ان کے لیے دعا خیر کرتے ہیں اور ان کی دعاؤں پر آمین کہتے ہیں۔

حضرت ابو ہریرہ سے حضور ﷺ کا ارشاد منقول ہے کہ جو شخص ایما ن اور ثواب کی نیت کے ساتھ رمضان کے روزے رکھے نیز شب قدر میں ایما ن کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے عبادت کرے تو اس کے پچھلے گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں۔

اتنی مبارک رات ہمیں ہرسال عطا کی جاتی ہے کہ اگر ہم چاہیں تو اسے تلاش کر اس میں اپنے رب کے حضور توبہ و استغفار کے اپنے تمام گناہوں کو معاف کروا سکتے ہیں ۔

حضرت انس فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ رمضان کا مہینہ آیا تو حضور ﷺ نے فرمایا کہ تمہارے اوپر ایک مہینہ آیا ہے جس میں ایک رات ایسی ہے جو ہزار نعمتوں سے افضل ہے جو شخص اس رات سے محروم رہ گیا گویا ہزار ہا نعمتوں سے محروم رہ گیا۔

اس حدیث کے ارشاد فرمانے کا مطلب ہی یہ ہے کہ آقا ﷺ کی امت اس مبارک رات کو تلاش کرکے امت محمدیہ ہونے کا شرف حاصل کرے ۔

اس لئے کہ ہم سے پہلے کی امتوں کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے ہزار ہا سال کی عمر دی تھی جس میں انہیں اچھے اعمال کرکے اتنے سالوں کی نیکیوں سے مستفیض ہونا تھا لیکن امت محمدیہ کو کنتم خیرا امت کا جو خطاب عطا کیا اس کی وجہ سے ان کو اتنا رتبہ ملا کہ کم عمر میں اس ایک رات کے صدقے  انکے ہزار سالہ لوگوں سے بھی زیادہ نیکیاں حاصل کرلے ۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ شب قدر کس مہینے میں  اور کس دن ہے؟

مفسر قرآن پیر کرم شاہ الازہری تفسیر ضیا القرآن جلد پنجم کے صفحہ ۶۲۰میں لکھتے ہیں: رہی یہ بات کہ یہ رات کس مہینہ کی ہے اور کس تاریخ کو آتی ہے؟مہینہ کا فیصلہ تو خود قرآن کریم نے کر دیا کہ قرآن کا نزول رمضان میں ہوا۔ثابت ہوا یہ رات ماہ رمضان ہی کی کوئی رات ہے۔تاریخ کی تعین کے بارے میں علما کا بڑا اختلاف ہے چالیس کے قریب اقوال مذکور ہے لیکن صحیح حدیث میں یہ الفاظ موجود ہیں۔تحرو الیلۃ القدر فی العشر الاواخر من رمضان کہ رمضان شریف کے آخری عشرہ میں لیلۃ القدر کو تلاش کرو۔دوسری حدیث میں ہے کہ آخری عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کرو۔

ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ رمضان کے آخری عشرہ میں ذکر و عبادت کے لئے جتنی کوشش اور جد و جہد فرماتے اتنی زیادہ کوشش دوسر ی راتوں میں نہیں کرتے۔ (مشکوٰہ شریف )

علمائے جمہور کی رائے یہ ہے کہ رمضا ن شریف کی ستائیسویں رات لیلۃ القدر ہے۔حضرت ابی ابن کعب تو اس پر قسم بھی کھایا کرتے تھے۔

اس کو متعین نہ فرمانے میں بھی کئی حکمتیں ہیں تاکہ مسلمان اس رات کی تلاش میں زیادہ نہیں تو کم از کم پانچ طاق راتیں اللہ کے ذکر اورعبادت میں گزاریں۔اگر رات متعین کردی جاتی تو لوگ صرف اسی رات کو ہی جاگتے اور عبادت کرتے۔نیز اس رات کو اگر مقرر کردیا جا تا  تو اسے ذکر و عبادت  میں گزارنے والے تو اجر عظیم کے مستحق قرار پاتے لیکن اسے گناہوں میں صرف کرنے والے بھی سنگین سزا میں مبتلا کئے جاتے۔کیونکہ انہوں نے شب قدر کو پہچانتے ہوئے اسے خدا کی نافرمانی میں ضائع کیا۔

شب قدر کی علامت

حضرت انس حضورﷺ سے نقل کرتے ہیں کہ وہ رات نورانی اور چمکدار ہوتی ہے نہ زیادہ گرم اور نہ زیادہ ٹھنڈی۔

شب قدر کی صبح نکلنے والا سورج چاند کے مانند شعاعوں اور کرنوں کے بغیر طلوع ہوتا ہے۔ سمندر کا کڑوا پانی بھی اس رات میٹھا پایا گیا ہے۔ اس رات میں انوار و تجلیات کی کثرت ہوتی ہے۔ اس رات میں کتے کم بھونکتے ہیں اور گدھے بھی کم بولتے ہیں۔

شب قدر کے اعمال

حضورﷺسے اس رات میں تلاوت قرآن نماز و  دعا وغیرہ منقول ہیں،اس لئے مناسب یہ ہے کہ بقدر استطاعت تلاوت قرآن اور نماز وغیر میں مشغول رہیں،ان سورتوں اور آیتوں کی بھی تلاوت کریں جن کے بارے میں کثیر ثواب کی خشخبری دی گئی ہے۔ مثلا:سورہ بقرہ و آل عمران کی آخری آیات،آیت الکرسی،سورہ زلزال،سورہ اخلاص ،سورہ کافرون ،سورہ نصر،سورہ یسین۔

بکثرت استغفار پڑھیں،نبی کریم ﷺ پر دورود پڑھیں،اپنے لئے اور دوستوں ،رشتہ داروں کیلئے پسندیدہ دعائیں مانگیں،مرحومین کیلئے بخشش و مغفرت کی دعائیں کریں۔اپنے ہاتھ پاؤں،آنکھ،کان،اعضائے جوارح کو گناہوں سے بچائیں۔اپنی وسعت و گنجائش کے مطابق صدقہ کریں۔

انسان کے پاس یہ زندگی چند روزہ ہے اس بنا پر اس کے ایک ایک لمحہ خاص کر رمضان المبارک کے لمحات کی مکمل قدر دانی کرنی چاہئے،نہ جانے زندگی میں پھر یہ لمحات نصیب ہو یا  نہ ہوں،خالق کائنات اپنے پیارے حبیب سرور کائنات کی مکمل تابعداری نصیب فرمائے۔آمین

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/shabe-qadr-night-attain-pleasure/d/115519


New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


 

Loading..

Loading..