New Age Islam
Thu Sep 12 2024, 03:03 PM

Urdu Section ( 9 March 2022, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

False Propaganda of a Pakistani Man against India on Suicide Attack in the Eyes of Islam خود کش حملہ پر ہندوستان کے خلاف ایک پاکستانی شخص کا جھوٹا پروپیگنڈہ اسلام کی نظر میں

کنیز فاطمہ ، نیو ایج اسلام 

8 مارچ 2022

پاکستانی صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں شیعہ مسلمانوں کی ایک مسجد کے اندر کیے گئے خود کش بم حملے کے بارے میں انٹرنیٹ پر مختلف اخبارات پڑھ رہی تھی۔ متعدد رپورٹ سے معلوم ہوا کہ یہ حملہ داعش نے کیا تھا ۔ اس حملے کی پاکستان میں بہت مذمت کی گئی ۔ اس خونریز بم حملے کی مسلمانوں کے ہر مکتبہ فکر کے نمائندوں نے بھرپور مذمت کی ہے۔ لیکن ایک رپورٹ پڑھ کر بہت دکھ ہوا اور حیرت کی انتہا ہو گئی کہ پاکستان میں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو آنکھ بند کرکے اپنی زندگی گزار رہے ہیں ۔ میں بات کر رہی ہوں تجزیہ نگار کہلائے جانے والے پاکستان کے ایک شخص کی جو کہ ماضی میں سابقہ قبائلی علاقوں کے سیکرٹری کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور وہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمود شاہ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ''افغانستان میں اب بھی ایسے عناصر موجود ہیں، جنہیں بھارت سے مالی وسائل ملتے ہیں۔ انہیں جب بھی ادائیگیاں ہوتی ہیں، وہ متحرک ہو جاتے ہیں۔ یہ لوگ انتہائی خطرناک ہو سکتے ہیں۔‘‘

پاکستان میں کچھ لوگ ایسے معلوم ہوتے ہیں جو اپنی کوتاہیوں اور کمیوں  کو چھپانے کے لیے  بات بات پر ہندوستان کی طرف انگلی اٹھانا شروع کر دیتے ہیں۔ ابھی شیعہ مسجد میں جو حملہ ہوا اس کے لیے ہندوستان کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں ! اس سے بڑا جھوٹ اور کیا ہو سکتا ہے ؟ ! ایک مسلمان ہو کر  جھوٹ بولنا ! جھوٹ بولنے کو خوف خدا رکھنی چاہیے ۔

جب آئی ایس آئی ایس نے خود اس خود کش حملہ کی ذمہ داری قبول کر لی تو یہ محمود شاہ کون ہوتے ہیں ہندوستان کے اوپر الزام لگانے والے ؟  اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پیش کرے ۔ اور اگر ثبوت نہیں ہے تو مجھے بتائے کہ اسلام میں بغیر تحقیق و ثبوت کے الزام و تہمات لگانے والے کا کیا حکم ہے ؟  کیا پاکستانی عدالت ایسی جھوٹ بولنے والے پر عدالتی کارروائی چلائے گی؟ کیا اس طرح کا جھوٹ بولنا اسلام میں جائز ہے ؟

اللہ تعالی نے قرآن مجید میں  صاف صاف لفظوں میں ارشاد فرما دیا کہ  انسان کوئی بات بلا تحقیق کے اپنی زبان سے نہ نکالے۔ اگر وہ ایسا کرتا ہے، تو پھر اس کی جواب دہی کے لیے تیار رہے۔ ارشادِ خداوندی ہے:

’’وَلَا تَقْفُ مَا لَيْسَ لَکَ بِہٖ عِلْمٌ إِنَّ السَّمْعَ وَالْبَصَرَ وَالْفُؤَادَ کُلُّ أُولٰئِکَ کَانَ عَنْہُ مَسْئُولًا۔‘‘ (سورۃ الاسراء:۳۶)

ترجمہ: اور اس بات کے پیچھے نہ پڑ جس کا تجھے علم نہیں بیشک کان اور آنکھ اور دل ان سب سے سوال ہونا ہے۔‘‘

مذکورہ آیت میں جھوٹ بولنے سے اس طور پر منع کیا گیا ہے کہ جس چیز کو دیکھا نہ ہو اُس کے بارے میں  یہ نہ کہو کہ میں  نے دیکھا ہے اور جس بات کو سنا نہ ہو اس کے بارے میں یہ نہ کہو کہ میں  نے سنا ہے۔  ایک قول ہے کہ اس آیت  سے مراد یہ ہے کہ جھوٹی گواہی نہ دو ۔

حضرت عبداللّٰہ بن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَانے فرمایا ’’اس آیت سے مراد یہ ہے کہ کسی پرو ہ الزام نہ لگاؤ جو تم نہ جانتے ہو۔(مدارک، الاسراء، تحت الآیۃ: ۳۶، ص۶۲۳)

ابو عبداللّٰہ محمد بن احمد قرطبی رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں ’’خلاصہ یہ ہے کہ ا س آیت میں  جھوٹی گواہی دینے ،جھوٹے الزامات لگانے اور اس طرح کے دیگر جھوٹے اَقوال کی مُمانعت کی گئی ہے۔(تفسیرقرطبی، الاسراء، تحت الآیۃ: ۳۶، ۵ / ۱۸۷، الجزء العاشر)

انسان جب بھی کچھ بولتا ہے تو اللہ کے فرشتے اسے نوٹ کرتے رہتے ہیں، پھر اسے اس ریکارڈ کے مطابق اللہ کے سامنے قیامت کے دن جزا و سزا دی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:

’’مَا يَلْفِظُ مِنْ قَوْلٍ إِلَّا لَدَيْہِ رَقِيْبٌ عَتِيْدٌ‘‘ (سورۂ ق:۱۸)

ترجمہ: ’’وہ کوئی لفظ منہ سے نہیں نکالنے پاتا، مگر اس کے پاس ہی ایک تاک لگانے والا تیار ہے۔‘‘

یعنی انسان کوئی کلمہ جسے اپنی زبان سے نکالتا ہے، اُسے یہ نگراں فرشتے محفوظ کرلیتے ہیں۔ یہ فرشتے اس کا ایک ایک لفظ لکھتے ہیں، خواہ اس میں کوئی گناہ یا ثواب اور خیر یا شر ہو یا نہ ہو۔

جھوٹی گواہی دینے اور غلط الزامات لگانے کی مذمت پر اَحادیث:

            یہاں جھوٹی گواہی دینے اور غلط الزامات لگانے کی مذمت پر 3 روایات ملاحظہ ہوں:

(1)…حضرت عبداللّٰہ بن عمر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَاسے روایت ہے ، رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’ جھوٹے گواہ کے قدم ہٹنے بھی نہ پائیں  گے کہ اللّٰہ تعالیٰ اُس کے لیے جہنم واجب کر دے گا۔(ابن ماجہ، کتاب الاحکام، باب شہادۃ الزور، ۳ / ۱۲۳، الحدیث: ۲۳۷۳)

            اِس آیت اور دیگر روایات کو سامنے رکھ کر  محمود شاہ خود فیصلہ کریں کہ ہندوستان پر ان کی الزام تراشی  کرنا کیا صحیح ہے ۔اسلام کا یہ پیغام ایسے تمام لوگوں کے لیے قابل غور ہے جنہوں نے الزام تراشی کو اپنا فیشن بنا رکھا ہے ۔ جس کا جو دل کرتا ہے وہ دوسروں  پر الزام لگادیتا ہے، جگہ جگہ ذلیل کرتا ہے اور ثبوت مانگیں  تو یہ دلیل کہ میں  نے کہیں  سنا تھا یا مجھے کسی نے بتایا تھا، اب کس نے بتایا، بتانے والا کتنا معتبر تھا؟ اس کو کہاں  سے پتہ چلا؟ اس کے پاس کیا ثبوت ہیں ؟ کوئی معلوم نہیں ۔

جھوٹ بولنا گناہِ کبیرہ ہےاور یہ ایسا گناہِ کبیرہ ہے کہ قرآن کریم میں، جھوٹ بولنے والوں پر اللہ کی لعنت کی گئی ہے۔ ارشادِ ربانی ہے:

’’فَنَجْعَلْ لَّعْنَۃَ اللہِ عَلَی الْکَاذِبِيْنَ‘‘ (سورۂ آلِ عمران: ۶۱)

ترجمہ: ’’لعنت کریں اللہ کی اُن پر جو کہ جھوٹے ہیں۔‘‘

ایک حدیث میں یہ ہے کہ جھوٹ اور ایمان جمع نہیں ہوسکتے، لہٰذا اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے جھوٹ کو ایمان کا منافی عمل قرار دیا ہے۔ حدیث ملاحظہ فرمائیے:

’’عَنْ صَفْوَانَ بْنِ سُلَيْمٍ –رَضِيَ اللہُ عَنْہُ- اَنَّہٗ قِيْلَ لِرَسُوْلِ اللہِ -صَلَّیی اللہُ عَلَيْہِ وَسَلَّمَ-: اَ يَکُوْنُ الْمُـؤمِنُ جَبَاناً؟ فَقَالَ: ’’نَعَمْ.‘‘ فَقِيْلَ لَہٗ: اَ يَکُونُ الْمُـؤمِنُ بَخِيْلاً؟ فَقَالَ: ’’نَعَمْ‘‘. فَقِيْلَ لَہٗ: اَ يَکُوْنُ الْمُـؤمِنُ کَذَّاباً؟ فَقَالَ: ’’لاَ‘‘(مؤطا امام مالک، حدیث : ۳۶۳۰/۸۲۴)

ترجمہ:’’حضرت صفوان بن سلیم رضی اللہ عنہ – بیان کرتے ہیں: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھاگیا: کیا مومن بزدل ہوسکتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا: ’’ہاں۔‘‘ پھر سوال کیا گیا: کیا مسلمان بخیل ہوسکتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نےجواب دیا: ’’ہاں۔‘‘ پھر عرض کیا گیا: کیا مسلمان جھوٹا ہوسکتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا: ’’ نہیں (اہلِ ایمان جھوٹ نہیں بول سکتا)۔‘‘

لہذا جو لوگ جھوٹ بولتے ہیں انہیں جھوٹ بولنے سے توبہ کر لینا چاہیے  کیونکہ جھوٹ دنیا و آخرت میں رحمت سے محرومیت کا سبب بنتا ہے ۔ جھوٹ بولنے والوں سے اللہ تعالی اور اس کا رسول ناراض ہوتا ہے ۔ جھوٹ منافقوں کی علامت ہے ایک سچا مومن کبھی جھوٹ نہیں بول سکتا ۔ لہذا ، ہندوستان پر کسی طرح کا جھوٹا الزام لگانے سے جھوٹوں کو باز رہنا چاہیے ۔

English Article: False Propaganda of a Pakistani Man against India on Suicide Attack in the Eyes Of Islam

URL: https://www.newageislam.com/urdu-section/repentance-propaganda-brigadier-mahmood-shah/d/126536

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..