New Age Islam
Sat Apr 19 2025, 10:40 AM

Urdu Section ( 27 Oct 2022, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Islamophobia! Why and how? اسلاموفوبیا! کیوں اور کیسے

جعفر مسعود حسنی ندوی

26 اکتوبر،2022

کیوں نہ آج بات کی جائے اسلام کی، اسلام سے لوگوں کے ڈرنے کی،گھبرانے کی، خوف محسوس کرنے کی، اسلام کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈہ کی، بے بنیاد الزامات اور غلط تصویر کشی کی، جب کہ اسلام نہ کسی کے لئے کوئی خطرہ ہے او رنہ اس میں کسی کا کوئی نقصان۔اسلام تو سراپا رحمت ہے، سراپا عدل ہے، سراپا انصاف ہے، سراپا نور ہے، سراپا علم ہے، سراپا برکت ہے، سراپا ہدایت ہے، سراپا حق ہے۔ وہ جہاں جائے گا یا جہاں رہے گا، رحمت کامینہ برسے گا، عدل کا سایہ ہوگا، انصاف کی خوشبو ہوگی، نور کی بارش ہوگی، علم کا چشمہ ابلے گا، برکتوں کا نزول ہوگا، حق کا بول بالا ہوگا، ہدایت کی ہوا چلے گی۔ اسلام کو سمجھنے میں غلطی یہ ہوتی ہے کہ ہم مسلمانوں کی طرز زندگی دیکھ کر اسلام کے بارے میں اچھے یا برے ہونے کا فیصلہ کیا جانے لگتا ہے، او ریہی وہ غلطی ہے جس نے ایک بڑی تعداد کو اسلامو فوبیا کے مرض میں مبتلا کردیا ہے۔ اسلام کو اگر صحیح طور پر سمجھنا ہے تو اس کو اس زمانے میں دیکھنا ہوگا جو زمانہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعدصحابہ کرام کا زمانہ ہے اور صحابہ کرام کے بعد تابعین عظام کا زمانہ ہے، وہ تین دور ہیں جن کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسلام کا سب سے بہتر زمانہ قرار دیا ہے۔

آج پندہ سوسال بعد کے مسلمانوں کو جومرکز اسلام سے ہزاروں میل کی دوری پر آباد ہیں او رمختلف قوموں مختلف تہذیبوں، مختلف ثقافتوں او ر مختلف نظریات کے حامل افراد کے درمیان سالوں سے رہنے او رہر چیز میں شریک ہونے کی وجہ سے اپنی بہت سی اسلامی خصوصیات کھوچکے ہیں، ان کی ادھوری اسلامی زندگی دیکھ کر اسلام کے بارے میں کوئی رائے قائم کرنا کیسے انصاف اور حقیقت پر مبنی ہوسکتا ہے۔

اسلام کو اصلی شکل میں دیکھنے کے لئے ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کامطالعہ کرنا ہوگا، صحابہ کرام کی زندگی کو دیکھنا ہوگا، ان کی زندگی کے حالات کو پڑھنا ہوگا، اسلام ہمیں وہاں نظر آئے گا او رہرجگہ ہر موقع پر نظر آئے گا،اسلام ہمیں وہاں مسجدوں میں بھی نظر آئے گا، او رگھر وں میں بھی، سڑکوں پر بھی نظر آئے گا، اوردوکانوں میں بھی، کارخانو میں نظر آئے گا، او ربازاروں میں بھی، کھیتوں میں بھی نظر آئے گا اور باغوں میں میں بھی، آقاؤ ں کے یہاں بھی نظر آئے گا، اور غلاموں کے یہاں بھی عبادات میں بھی نظر آئے گا، اخلاق میں بھی نظر آئے گا، معاملات میں بھی نظر آئے گا، خوشی میں بھی نظر آئے گا، غمی میں بھی نظر آئے گا، امیری میں بھی نظر آئے گا غریبی میں بھی نظر آئے گا، طاقت میں بھی نظر آئے گا، کمزوری میں بھی آئے گا، غرض زندگی کے ہر شبہ، ہر مرحلہ، ہر موقع او رہر معاملہ میں نظر آئے گا، ذرا سوچئے جو اسلام چور کا ہاتھ کاٹنے و قاتل کو پھانسی دینے اور زانی کو کوڑے مارنے کا حکم دیتا ہو کیا اس اسلام کی موجودگی میں کسی، معاشرہ میں چوری، قتل اور عصمت دری کا کوئی واقعہ پیش آسکتاہے؟

جو اسلام جھوٹ، فراڈ، جعلسازی، غلط بیانی اور رشوت خوری کو بدترین گناہ قرار دیتا ہے او رآخرت میں اس پر سخت سزا کی وعید سناتا ہے کیا اس اسلام کی موجودگی میں عدالتوں سے غلط فیصلہ کی توقع کی جاسکتی ہے؟

جواسلام پڑوسیوں، رشتہ داروں، یتیموں اور بیواؤں کا خاص خیال رکھنے پر اتنا زور دیتا ہو اور اس پر بے پناہ اجر و ثواب کی ضمانت لیتا ہو تو کیا ایسے اسلام کی موجودگی میں کسی کا رشتہ دار اور پڑوسی یا کوئی بیوہ یا یتیم بھوکا سوسکتا ہے؟ جو اسلام والدین کی نافرمانی کی بدترین گناہ قرار دیتا ہو او ران کی اطاعت وفرماں برداری کو اولاد کے لئے لازمی قرار دیتا ہو، جو باپ کو جنت کا دروازہ بتاتا ہو، او رماں کے قدموں کے نیچے جنت ہونے کااعلان کرتا ہو کیا اس اسلام کی موجودگی میں کوئی لڑکا یا لڑکی اپنے والدین کی نافرمانی کا خیال بھی اپنے دل میں لاسکتا ہے؟

جو اسلام عورت کے لیے حجاب کو لازم کرتا ہو،مردوزن کے اختلاط کو ناپسند کرتا ہو، مردوں کی نظریں نیچی رکھنے کا حکم دیتا ہو نامحرم کے ساتھ کہیں آنے جانے سے روکتا ہو، کیااس اسلام کی موجودگی میں کسی معاشرہ میں بے راہ روی کا دروازہ کھل سکتا ہے؟

جو اسلام دل و دماغ میں یہ بات پیوست کردیتا ہو کہ خدا ایک ہے، تنہا اسی کی عبادت کرنی ہے، اورتنہا اسی سے مدد چاہنی ہے، صرف وہی ہے جو ہمیں دے سکتا ہے،صرف وہی ہے جوہم سے لے سکتا ہے، صرف وہی ہے جو ہماری ضرورت پوری کرسکتاہے، ایک سوکھا پتہ بھی اس کی مرضی کے بغیر گر نہیں سکتا تو کیا اس کی موجودگی میں ایک انسان دوسرے انسان کو اپنے آگے جھکا کر اس کو بے عزت کرسکتا ہے؟

جو اسلام اپنے ماننے والوں کو یہ حکم دیتا ہو کہ وہ ظالم کو ظلم کرنے سے روکیں، خواہ وہ ظالم ان کابھائی کیوں نہ ہو تو کیا اس اسلام کی موجودگی میں کسی معاشرہ میں ظلم و زیادتی کا کوئی تصور کیا جاسکتاہے؟

جو اسلام یہ کہتا ہو کہ اگر کسی نے کسی کی زمین پر قبضہ کرلیا تو میدان حشر میں وہ زمین ا س کے گلے میں طوق بنا کر لٹکا دی جائے گی تو کیا اس اسلام کی موجودگی میں کوئی شخص کسی کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنے کی جرأت کرسکتا ہے؟

جو اسلام مرنے کے بعد سے پہلے وراثت کی تقسیم کا حکم دیتا ہے اور اس کے لئے اس نے نہایت منصفانہ اورحکیمانہ اصول وضوابط طے کردیئے ہوں اور رشتو ں کی بنیاد پر وراثت کی تقسیم کا پورا ایک نقشہ مرتب کردیا ہو تو کیا اس اسلام کی موجودگی میں ورثا ء میں سے کسی کو ایک دوسرے سے شکایت کا کوئی موقع مل سکتا ہے؟

جو اسلام گورے، کالے اورعربی، عجمی میں کوئی تفریق نہ کرتا ہو اور فضیلت کی بنیاد پر رنگ ونسل کیبجائے صرف اور صرف تقویٰ قرار دیتا ہو تو کیا اس اسلام کی موجودگی میں کسی معاشرہ میں ذات، برادری اور خاندان کی بنیا د پر کسی کو کمتر او رکسی کو بہتر سمجھنے کی غلطی کی جاسکتی ہے؟

جو اسلام جانور تک پر طاقت سے زیادہ بوجھ لادنے سے منع کرتاہو اور یہ کہتا ہو کہ اگر کسی نے ایسا کیا تو قیامت میں اس سے اسی کے بارے میں پوچھا جائے گا تو کیا اس اسلام کی موجودگی میں کسی مزدور سے اس کی طاقت سے زیادہ کام لیا جاسکتا ہے؟

کیا اس اسلام کی موجودگی میں کسی مزدور سے اس کی طاقت سے زیادہ کام لیا جاسکتا ہے؟

جو اسلام اپنے پیروکاروں کو یہ حکم دیتا ہو کہ دودھ دوہنے سے پہلے اپنے ناخن کاٹ لیا کرو، تاکہ تھن میں ناخن چبھنے کی وجہ سے جانور کو تکلیف نہ ہو، ذرا سوچئے جانور کو پہنچنے والی کچھ دیر کی یہ تکلیف بھی پیغمبر اسلام کو گوارہ نہیں تو کیا اس اسلام کی موجودگی میں یہ امکان پایا جاسکتا ہے کہ کسی انسا ن کو کسی انسان سے تکلیف پہنچے؟

جو اسلام یہ کہے کہ جس میں امانت داری نہیں اس میں ایمان نہیں، جس میں ایفائے عہد نہیں اس میں دین نہیں تو کیا اس اسلام کی موجودگی میں کسی معاشرہ میں بے ایمانی اور بد عہدی کا کوئی ہر مرتکب پایا جاسکتا ہے؟

جو اسلام یہ کہتا ہو کہ اللہ کا حق توتوبہ سے معاف ہوجاتا ہے، لیکن انسان کا حق اس وقت تک معاف نہیں ہوتا جب تک کہ اس انسان کا حق ادا نہ کردیا جائے، یا معافی مانگ کر ا س سے اپنے کو معاف نہ کرالیا جائے، ورنہ کل قیامت میں اس کے حق کی ادائیگی اپنی نیکیوں سے کرنی پڑے گی تو کیا اس اسلام کی موجودگی کوئی ایسابیوقوف ہوسکتا ہے جو کسی کا حق مار کر اپنے کو اتنی بڑی مصیبت میں ڈالے؟

جو اسلام شادی کو اتنا آسان بنا دیتا ہو، اور سب سے کم خرچ نکاح کو سب سے مبارک نکاح قرار دیتا ہو کیا اس کی موجودگی میں کوئی غریب لڑکی یا غریب لڑکا بے شادی کے رہ سکتا ہے؟ اوراپنی چہیتی اور لاڈلی بیٹیوں کو دیکھ کر ماں باپ کے چہرہ سے خوشی غائب ہوسکتی ہے؟

جو اسلام بدلہ پر معافی کو سختی پر نرمی کو، توڑنے پر، جوڑنے،لینے پر دینے کو ترجیح دیتا ہوکیا اس اسلام کی موجودگی میں کسی معاشرہ میں نفرت اور کدورت کا کوئی گذر ہوسکتا ہے؟

جو اسلام ایک دوسرے کامذاق اڑانے،برے ناموں سے ایک دوسرے کو پکارنے،ایک دوسرے کی ٹوہ میں لگنے، ایک دوسرے سے بدگمانی کرنے، ایک دوسرے کی غیبت کرنے سے اپنے پیروکاروں کو سختی سے روکتا ہو، کیا اس اسلام کی موجودگی میں کسی معاشرہ کو کھوکھلا کرنے والی یہ برائیاں جو دیمک سے زیادہ خطرناک او رگھن سے زیادہ نقصان دہ ہیں پیدا ہوسکتی ہے؟

یہ تو چند باتیں تھیں جن کا ذکر آپ سے کردیا گیا، اب آپ ہی بتائیے کہ کیا اب بھی آپ اسلام کو اپنے او راپنے سماج کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔

26 اکتوبر،2022، بشکریہ: انقلاب، نئی دہلی

URL: https://newageislam.com/urdu-section/islamophobia!-why-how/d/128278

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..