New Age Islam
Wed Nov 19 2025, 12:32 PM

Urdu Section ( 6 Oct 2025, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

History and Civilization of Islam-Part-37 تاریخ وتمدن اسلام

خلیق احمد نظامی

(حصہ۔37)

28 ستمبر،2025

ہندوستان میں جنگ آزادی کی تاریخ سید شہیدؒ سے شروع ہوتی ہے۔انہوں نے اپنے خون سے آزادی کے جس پودے کی آبیاری کی تھی، وہ ایک ایسے وقت میں برگ وبارلایا جب کوتاہ بین نظریں ان گزر گاہوں کو بھول چکی تھیں جہاں سے حزیت اور آزادی کے ان علم برداروں کا قافلہ گزرا تھا۔ اس ضمن میں ایک اور حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے۔ اور وہ یہ ہے کہ جنگ آزادی سید شہیدؒ کی عظیم الشان تحریک کا صرف ایک پہلو ہے۔بعض اوقات ہم کسی ایک پہلو پر اس طرح سے نظریں مرکوز کردیتے ہیں کہ تحریک مجموعی حیثیت او را س کے مقصد و منہاج کے متعلق محدود تصورات نشوونما پاجاتے ہیں۔سید شہیدؒ جس مقصد کے لیے میدان عمل میں داخل ہوئے تھے وہ عقیدہ توحید کو مسلمانوں کی حیات اجتماعی میں ایک زندہ حقیقت کی حیثیت سے بیدار کرنا تھا۔ وہ یہ احساس پیدا کرنا چاہتے تھے کہ۔

ہے زندہ وحدتِ افکار سے ملّت

وحدت ہوفنا جس سے وہ الہام بھی الحاد

وحدت کی حفاظت نہیں بے قوّت بازو

آتی نہیں کچھ کام یہاں عقلِ خداداد

عقیدہ توحید سے جو نظام وجود میں آتاہے اس میں انسانیت کے لیے فوزو فلاح کا پیغام ہے۔’تقویت الایمان‘ میں توحید کو زندگی کے ہر شعبہ میں ایک زندہ حقیقت کی حیثیت سے دیکھنے او ربدعات سے اس تصور کو پاک کرنے کی کوشش براہ راست دل پراثر کرتی ہے او ریہ احساس شدید ہوجاتا ہے کہ۔

زندہ قوت تھی جہاں میں یہی توحید کبھی

آج کیاہے؟ فقط اک مسئلہ علم کلام

سید شہیدؔؒ کی تحریک جہاد کو اسلام کی تاریخ کے وسیع چوکٹے میں سمجھنے او رپیش کرنے کی ضرورت ہے۔تعجب ہے کہ اس تحریک کے فکری اثرات کا جائزہ پورے طور پرنہیں لیا گیا۔بعض معاصرین نے جو سید شہیدؒ کے خلوص، جذبہ اور جدوجہد سے بے حد متاثر تھے، سیاسی حالات کے پیش نظر بعض پہلوؤں کودبا کر پیش کیا۔ سرسید نے انگریز کے انتقامی جذبہ سے بچانے کے لیے مختلف تدابیر اختیار کیں۔ بعض حلقوں میں ان کی تحریک جہا د کو تو نظر انداز کردیا گیا، ان کے خانقاہی نظام کو تنفیذ کو نشانہ ہدف بنالیا گیا۔ ضرورت ہے کہ تحریک کے اثرات کاجائزہ وسیع پس منظر میں لیا جائے۔

سرسید ان کے معاصر تھے۔جب ’آثار الصنادید‘ لکھنے بیٹھے تو 14-15سال سید احمد شہیدؒ او رمولانا محمد اسمٰعیلؒ کی شہادت کے ہوچکے تھے۔ لیکن جب ان کاحال لکھا تو ان کا قلم وجد کرنے لگا۔ ان کے حرف حرف سے عقیدت او رمحبت کاجذبہ ٹپکتا تھا۔ سرسید کو تقلید سے آزادی ان ہی کی تحریک سے ملی تھی۔وہ اپنے آپ کو مولانا محمد اسمٰعیل شہیدؒ کا پیروبتاتے تھے اور ’تقویت الایمان‘ کے متعلق کہتے تھے کہ یہ ’محبت الہٰی‘ میں لکھی گئی ہے۔انہوں نے ایک رسالہ’راہِ سنت وردِّبدعت‘ لکھا تھا، جس میں یہ اثرات صاف نظرآتے ہیں۔ حالی نے ’حیات جاوید‘ میں لکھا ہے: ’مولانا اسمٰعیل شہید کی تصانیت نے ان کے خیالات کی اور زیادہ اصلاح کی۔“ اس طرح ہندوستان کے مسلمانوں کی سماجی اور مذہبی اصلاح کی تاریخ مولانا سید احمد شہیدؒ سے شروع ہوتی ہے۔ بعد کو سرسید نے ان کی تقلید میں قدم آگے بڑھایا، لیکن ان کے حالات اورمسائل اور تھے، اس لیے ان کی تحریک دوسرا رُخ اختیار کر گئی۔

پھرحالی بھی سید شہیدؒ اور خاندان ولی اللہی کو مذہبی سرگرمیوں سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ انہوں نے ایک زمانہ میں نواب صدیق حسن خاں کی تائید میں ایک رسالہ لکھا تھا۔ ایک بار غالب کونماز کی پابندی نہ کرنے پر مذہبی اور احتسابی انداز میں متوجہ کیاتھا۔ ان کی ’بیوہ کی مناجات‘ سید شہیدؒ او رمولانا اسمٰعیل شہیدؒ کی تحریک نکاح بیوگان کی صدائے بازگشت ہے۔ وہ سوشل ریفارم کاذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں: ”مسلمانوں میں ظاہراً دوشخصیتوں کے سوا، کہ دونوں دلّی کی خاک سے اُٹھے، کسی نے سوشل رفارم پر ہاتھ نہیں ڈالا۔ایک مولانا اسمٰعیل، دوسرے سید احمد خاں“(حیات جاوید،ص 641)۔ سید مولانا اسمٰعیلؒ کی حق گوئی کے قائل تھے، اور یہ ایک وصف تھا جس کی اپنے عہدکے علماء میں کمی پاتے تھے۔ ایک خط میں لکھتے ہیں: ”میں بڈھا  ہوں اوراپنی عمر میں ہر فرقہ کے بہت بڑے بڑے شخصوں کو دیکھا ہے۔ اسی چیز نے اور اسی خیال نے کلمۃ الحق کے کہنے سے ان کو باز رکھا۔ مولانا اسمٰعیل شہید اگر اسی قسم کے خیالات میں مبتلا رہتے، تو ہندوستان میں شرک وبدعت کی تاریکی کیسے دور ہوتی“(خطوط،ص 169)

بعد کے دور میں مولانا ابوالکلام آزاد سید شہیدؒ کی تحریک جہاد کے زبردست معترف تھے۔انہوں نے مولانا عبدالرحیم کی ’الدُ رّ المنثور‘پر اپنی نوجوانی میں مقدمہ لکھا تھا۔ ان کے استاذ مولانا محمد یوسف رنجور کے باپ مولانا محمد یحییٰ علی تحریک مجاہدین کے زبردست مبلغ تھے۔ ان کی ساری جائداد ضبط کرلی گئی او ران کوانڈمان بھیج دیا گیا۔وہا ں سے انہوں نے اپنی اہلیہ کو خط لکھا کہ ”خداکا شکر ہے کہ تم اس آزمائش کے لیے منتخب کیا گیا“۔ یہ جذبہ جانسپاری سید شہیدؒ کی سرکردگی میں ہر مجاہد کے دل کو گرما ئے ہوئے تھا۔ مولانا آزاد کے دو رفیق۔۔۔اجمل خاں اور ہمایوں کبیر۔۔۔ مجاہدین کے خاندان سے تھے۔ مولانا آزاد نے ’تذکرہ‘ میں جس طرح سید شہیدؒ کی تحریک کواسلام کی تاریخ عزیمت میں جگہ دی ہے، وہ ان کی فکر کے بنیادی خطوط کو روشن کرتی ہے۔ ایک ایک لفظ سے عقیدت کاجذبہ اور اتباع کاجوش ٹپکتا ہے۔ وہ حال اپنا لکھ رہے تھے،لیکن سید شہیدؒ ے ان کی شخصیت پرجواثر ڈالا تھا، اس کے پیش نظر وہ ان کو بھلا نہ سکتے تھے۔ ایک بار خاکسار سے گفتگو میں فرمانے لگے: ”میرے والد کی والادت 1831 ء میں ہوئی تھی۔ اسی سال جب جنگ بالاکوٹ لڑی گئی تھی۔“ اتنا جملہ کہہ کر انہوں نے چند لمحوں کے لیے آنکھیں بند کرلیں او رمیں نے ایسا محسوس کیاکہ وہ ماضی کے گریز پانظاروں کو اپنے تصور میں مقید کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جب آنکھیں کھولیں تو ان میں ایک خاص چمک تھی۔ ان کے باپ اگر جنگ بالاکوٹ کے سال میں پیداہوئے تھے، تو انہوں نے اپنی زندگی اس مسلک اور ان مجاہدانہ سرگرمیوں کی تائید میں صرف کردی، جو سید شہیدؒ کی جہد وسعی کا مرکز ومحور تھا۔ ضرورت ہے کہ مذہبی، ادبی، سماجی، سیاسی سب میدانوں میں سید شہیدؒ کی تحریک کے عمل اور ردِّ عمل کا تجزیہ کیا جائے۔(جاری)

------------------

Related Article: History and Civilization of Islam تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-2 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-3 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-4 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-5 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-6 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-7 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-8 تاریخ و تمدنِ اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-9 تاریخ و تمدنِ اسلام

 Related Article: History and Civilization of Islam-Part-10 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:  History and Civilization of Islam-Part-11 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-12 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-13 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-14 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-15 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-16 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-17 تاریخ و تمدنِ اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-18 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-19 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-20 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-21 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-22 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-23 تاریخ و تمدنِ اسلام

Related Article: History and Civilization of Islam-Part-24 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:  History and Civilization of Islam-Part-25 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:  History and Civilization of Islam-Part-26 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:  History and Civilization of Islam-Part-27 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:  History and Civilization of Islam-Part-28 تاریخ و تمدنِ اسلام

Related Article:  History and Civilization of Islam-Part-29 تاریخ و تمدنِ اسلام

Related Article:  History and Civilization of Islam-Part-30 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:  History and Civilization of Islam-Part-31 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:  History and Civilization of Islam-Part-32 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:  History and Civilization of Islam-Part-33 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:   History and Civilization of Islam-Part-34 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:   History and Civilization of Islam-Part-35 تاریخ وتمدن اسلام

Related Article:   History and Civilization of Islam-Part-36 تاریخ وتمدن اسلام

URL: https://newageislam.com/urdu-section/history-civilization-islam-part-37/d/137124

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..