غلام غوث صدیقی ، نیو ایج اسلام
گزشتہ کچھ سالوں سے دہشت گرد گروہوں خاص طور پر خوارج صفت تنظیم داعش کے ذریعہ جاری قتل و غارت گری ، دہشت گردی ، فتنہ و فساد ، جنگ و جدال اور خود کش دھماکوں جیسے سفاکانہ اور بہیمانہ اقدامات کے نتیجے میں مجموعی طور پر اب تک لاکھوں افراد آگ اور آہن کی نذر ہو چکے ہیں۔ خون کی ندیاں بہہ چکی ہیں، لاکھوں بچے، بوڑھے ، خواتین اور جوان تہ تیغ ہوچکے ہیں۔
ہزاروں بستیاں اجڑ کر ویران ہو چکی ہیں۔ ظلم و بربریت اور خوف و دہشت نے امن و امان اور سکون و اطمینان کی فضا کو خون آلود کر دیا ہے۔ متاثر ہ لوگوں کی مشکلات اور ان کے مصائب و آلام میں کمی آنے کی بجائے ان کی تکالیف روز بروز بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ وہ اپنے گھروں اور شہروں سے بے یار و مددگار ہو کر کھلے آسمان تلے دربدر کی ٹھوکریں کھا نے پر مجبور ہیں یا مہاجرت کرتے ہوئے صحرا اور سمندر کی موجوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ اب ہر لمحہ ظلم و ستم، عصمت دری، درندگی ، ذبح، آگ، گولی اور بم کا سامنا ہے۔ موت ہر طرف عیاں ہے۔
عراق ، شام ، یمن ، افغانستان ، پاکستان ، سوڈان ، صومالیہ اور دیگر متاثرہ ممالک میں مجموعی طور پرجتنی جانوں کا خون بہایا گیا ہے ان میں ۹۹ فیصد مسلمان ہی ہیں۔ یہاں زخم پر نمک چھڑکنے والی بات یہ ہے کہ اب تک یہ دہشت گرد تنظیمیں اپنے مکروہ عزائم اور مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے صرف اسلام اور مسلمانوں کا نام استعمال کر رہی ہیں۔ قرآنی آیات ، احادیث نبویہ اور فقہی عبارات کی بے محل اور غلط تعبیر و تشریح کرکے اپنے غیر شرعی افعال کوجواز فراہم کر رہی ہیں اور اسلامی مصادر سے نا آشنا بھولے بھالے مسلمانوں اور نوجوانوں کو متاثر کر رہی ہیں۔ ان تمام دہشت گرد تنظیموں میں ایک بات مشترک ہے کہ وہ اپنی کارروائیوں کو جہاد کا نام دیتے ہیں۔ لیکن جہاں تک داعش کا تعلق ہے تو یہ اسلامی تعلیمات کی غلط تعبیر و تشریح کرکے اپنے جرائم ، شدت پسندی ، غیر انسانی افعال کو انجام دینے ، مساجد ، مقدس مقامات ، انبیائے الہی اور اولیائے کرام کے مزارات کو تخریب کرنے اور انتہائی درجے کی بے رحمی اور قساوت قلبی کے ساتھ انسانوں خاص طور پر مسلمانوں کا قتل عام کرنے کے سلسلے میں طالبان اور القاعدہ سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پریشان کن بات یہ ہے کہ اب تک ہزاروں نوجوان داعش کی برین واشنگ کا شکار ہو چکے ہیں اور اپنے اپنے ملکوں کو چھوڑ کر داعش کی نام نہاد خلافت کے جھنڈے تلے آکر اسلام اور خلافت راشدہ کی عزت و ناموس کو پامال کرنے میں ہمہ تن مصروف ہیں۔
اس تناظر میں حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ اسلام کی صحیح تعلیمات کی روشنی میں داعش کے خارجی اور انتہاپسندانہ افکار و نظریات کا قرآن و سنت کے دلائل کی روشنی میں خوب رد کیا جائے اور تمام طبقات کے لوگوں کو ان کی ضروریات کے مطابق داعش کے خلاف مدلل اسلامی مواد فراہم کیا جائے تاکہ ان دہشت گردوں کے افکار و نظریات کا خاتمہ ہو جائے، مزید نوجوانوں کو داعش کی بیعت قبول کرنے سے روکا جا سکے اور متاثرہ ممالک میں امن و سلامتی بحال کیا جا سکے۔
کیا داعش ، طالبان ، القاعدہ اور ان جیسی دیگر دہشت گرد تنظیموں کو خوارج کہنا جائز ہے؟
اہل سنت و الجماعت کے متعدد علمائے کرام نے ان جدید دہشت گردوں کی نشاندہی جدید خوارج کے طور پر کی ہے۔ اس کے برعکس کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ ان گروہوں کو خوارج کہنا درست نہیں کیونکہ خوارج اور ان کے خیالات کا تعلق ماضی کی تاریخ سے تھا جن کا ظہور اب دوبارہ نہیں ہو سکتا۔بعض یہ اعتراض کرتے ہیں کہ داعش کو خوارج کے ساتھ متصف کرنا کیسے صحیح ہو سکتا ہے ، جبکہ خوارج تو صرف وہ تھے جنہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے خلاف خروج کیا تھا اس لئے آج کے زمانہ میں ان کا وجود ممکن نہیں ہے ، خوارج تو وہ تھے جو کبائر گناہوں پر تکفیر کرتے تھے اور داعش کبائر گناہوں پر تکفیر نہیں کرتی ہے اور خوارج تو صرف وہ تھے جنہوں نے مسلمانوں کے امام کے خلاف خروج کیا تھا اور شام یا عراق میں مسلمانوں کا کوئی امام نہیں ہے ، بلکہ یہاں کے حکام تو اہل سنت کے ساتھ مخالفانہ رویہ رکھتے ہیں؟ ان متضاد خیالات کے ساتھ ایک سادہ مسلمان پس و پیش میں رہ جاتا ہے کہ وہ کرے تو کیا کرے؟ کیا اسے صورت مسؤلہ میں علمائے کرام پر اعتماد و یقین کرلینا چاہیئے یا پھر احتیاطا غیر جانبدار ہوجانا چاہئے؟ ایسے ہی کچھ سوالات ہیں جن کا جواب اس مضمون میں خوارج کی ۴۳ خصوصی علامات کے حوالے سے دیا گیا ہے۔
(بقیہ آئندہ)
URL to read its short version in English: http://www.newageislam.com/islamic-ideology/ghulam-ghaus,-new-age-islam/isis,-taliban,-al-qaeda-and-other-islamist-terrorists-are-kharijites?-an-analysis-of-40-major-characteristics-of-kharijites/d/106173
غلام غوث صدیقی دہلوی اسلامی صحافی ، انگریزی،عربی ،اردو زبانوں کے مترجم اور نیو ایج اسلام کے ریگولر کالم نگار ہیں۔ ای میل:ghlmghaus@gmail.com
URL: https://newageislam.com/urdu-section/are-isis,-taliban-al-qaeda/d/109905
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism