New Age Islam
Sat May 24 2025, 05:51 AM

Urdu Section ( 26 Nov 2024, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Curse of Sectarianism among Muslims مسلمانوں میں فرقہ بندی کی لعنت

گلزار صحرائی

25 نومبر،2024

مکرمی! مسلمانوں میں فرقہ بندی اس حد تک جڑیں جما چکی ہے کہ اب ا س کے بغیر کسی کے مسلمان ہونے کا تصور ہی نہیں کیا جاسکتا۔ہر فرقے کے پیشوا اپنے فرقے کے برحق او رجنتی ہونے اور دوسرے باقی تمام فرقوں کے باطل اور جہنمی ہونے کی خوش فہمی پالے ہوئے ہیں۔ اس کے لیے وہ اس حدیث کو دلیل بناتے ہیں جس میں امت مسلمہ کے 73 فرقوں میں تقسیم ہونے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔مگر دراصل یہ پیشین گوئی ایک تنبیہ کے طور پر کی گئی ہے، نہ کی کسی حکم کے طور پر اس لیے کہ قرآن میں ٹھیک اس کے خلاف حکم دیتے ہوئے فرقہ بندی سے روکا گیا ہے: ’اور سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لو ا ور تفرقے میں مت پڑو‘۔(آل عمران:103) ایک دوسری جگہ کہا گیا: ”بیشک وہ لوگ جنہوں نے اپنے دین کے ٹکڑے ٹکڑے کردیے اور خود مختلف گروہ بن گئے(اے محمد!) تمہارا ان سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا معاملہ صرف اللہ کے حوالے ہے پھر وہ انہیں بتادے گا جو کچھ وہ کیا کرتے تھے۔‘(الانعام:159)قرآن کے ان واضح احکام کے بعد کسی فرقہ بندی کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا، مگر وہ مذہبی پیشوا جو عام حالات میں ڈائرکٹ حدیث سے استنباط کرنے کے قائل نہیں ہیں اور اس معاملے میں کسی فقہی مذہب کی پیروی کو درست مانتے ہیں، فرقہ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے قرآن کی اس واضح ہدایت کونظر انداز کرکے حدیث کی تنبیہی پیشنگوئی کو صرف اس کے ظاہری الفاظ پر محمول کرتے ہوئے اسے نہ صرف ایک حکم کے طور پر قبول کیے ہوئے ہیں بلکہ پورا زور فرقہ بندی کو درست ثابت کرنے پرلگادیتے ہیں۔او رپھر ان کے متبعین بھی اسی خوش فہمی میں مبتلا رہتے ہیں کہ بس ہم جس فرقے میں ہیں وہی برحق او ر جنتی فرقہ ہے۔ یہ فرقہ پرست پیشو ا تو شاید کبھی نہیں سدھریں گے کیونکہ اسی بہانے ان کی دوکانیں چل رہی ہیں، مگر عوام کو ضرور سوچنا چاہئے کہ آپ کس خوش فہمی میں جی رہے ہیں؟ حدیث کے ظاہری الفاظ بھی مان لیں اور یہ بھی مان لیں کہ اس میں جس اٹل حقیقت کی نشاندہی کی گئی ہے وہ ہوکر رہنی ہے، تب بھی جائے گا تو ایک ہی فرقہ جنت میں، باقی 72 /تو جہنم میں ہی جانے ہیں۔ ایسے میں آپ نے کیسے سمجھ لیا کہ آپ جس فرقے میں پیدا ہوگئے وہی جنتی فرقہ ہے؟ یہ تو محض آپ کا حسن ظن ہے نہ کہ کوئی علمی تحقیق۔ اگر خدانخواستہ معاملہ اس کے برعکس ہوا اور آپ بغیر علم ساری زندگی جس فرقے سے چمٹے رہے اور اس کی ہر بات پر عمل کرے رہے وہ 72/ جہنمی فرقوں میں سے ہی ایک فرقہ ثابت ہوا تو آپ کیا کریں گے، کبھی اس پہلو سے بھی سوچا؟ نہیں سوچا تو سوچئے، اور ناجی فرقے میں پیداہونے کی خوش فہمی میں مگن رہنے کے بجائے اپنی انفرادی اصلاح کی فکر کیجئے اور اس کے لیے لازمی ہے کہ آپ شعوری طور پر قرآن وحدیث سے وابستہ ہوں، ان کا فہم حاصل کریں اور ان کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کریں۔ آپ کا اپنا ذاتی عمل ہی آپ کی نجات کا باعث بن سکتاہے نہ کہ محض کسی فرقے میں پیدا ہونا یا اس سے وابستہ ہو۔

25 نومبر،2024،بشکریہ: انقلاب، مراسلات کالم،نئی دہلی

-------------------

URL: https://newageislam.com/urdu-section/curse-sectarianism-muslims/d/133823

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..