New Age Islam
Tue Sep 29 2020, 06:45 AM

Urdu Section ( 27 Jan 2013, NewAgeIslam.Com)

Why Should We Not Consider The West Our Saviour? مغرب کو اپنا مسیحا نہ مانے تو پھر کس کو مانے؟

 

اسد مفتی

28 جنوری ، 2013

سب سے پہلے یہ  بتا تاچلوں کے دنیائے اسلام یا امہ یا مسلم ممالک یا جو  بھی آپ کہیں میں صرف 498 یونیورسٹیاں ہیں جب کہ امریکہ میں 5758 ہمارے ہمسائے اور ‘‘دشمن’’  نمبر ایک  بھارت میں امریکہ سے بھی  زیادہ  یعنی  8500 یونیور سٹیاں  ہیں۔ دوسری طرف ڈیلی ٹائمز کے ایک سروے کے مطابق پاکستان میں 285 مذہبی  جماعتیں اور پارٹیاں کام کررہی ہیں جن میں سے 28 سیاسی اور مذہبی جماعتیں جب کہ 124 نے اپنا ٹارگٹ جہاد بنا رکھا ہے۔

مسلم ممالک میں شرح خواندگی 25 سے 28 فیصد کے درمیان ہے اوربعض ملکوں  میں تو محض دس فیصد تک ہے ان کی تعداد 25 ممالک کے لگ بھگ ہے جبکہ ایک بھی مسلم ملک میں شرح خواندگی  سو فیصد نہیں  ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق او آئی سی  میں 76 مسلم ملک شامل ہیں اور ان میں بین الاقوامی سطح  کی محض  پانچ یونیورسٹیاں  ہیں یعنی  تیس لاکھ مسلمانو ں کیلئے ایک یونیورسٹی ...... جبکہ  امریکہ میں 6 ہزار، جاپان میں نو سو پچاس ، چین  میں نو سو اور بھارت میں 8500 نجی و سرکاری یونیورسٹیاں  کام کررہی ہیں ۔ ادھر پوری دنیا میں یہودی کی تعداد ایک کروڑ چالیس لاکھ ہے اورمسلمان سوا ارب، یعنی  ایک یہودی سو مسلمانوں کے برابر ہے، دوسرے لفظوں میں ایک یہودی سو مسلمانوں پر بھاری  ہے۔ گذشتہ ایک صدی میں 71 یہودیوں کو تحقیق  ، سائنس اور ادب کے شعبے میں نمایاں خدمات کے عوض نوبل انعام مل چکا ہے جب کہ مسلم دنیا میں صرف تین افراد یہ انعام حاصل کرسکےہیں۔  یہاں تک کہ ‘‘ کنگ فیصل انٹر نیشنل فاؤنڈیشن سعودی  عرب’’ جوکہ ایک مسلم آرگنائزیشن ہے کہ جانب  سے دیئے  جانے والے کنگ فیصل  ایوارڈ کیلئے میڈیکل سائنس اور تحقیق  و ادب کے شعبے میں کوئی ایک  امیدوار  بھی شرائط  پر پورا نہیں اترتا۔ کیا یہ بات نیل کے ساحل سے لیکر  تا بخاک کا شغر کے مسلمانوں کیلئے باعث  شرم و ننگ  نہیں ہے ڈیڑھ کروڑ  ‘‘خدا کے دھتکار  ے ہوئے ’’  یہودی ہر میدان میں پیش  پیش ہیں؟ 22 عرب ممالک  بھی مل  کر اسرائیل  کی ایک  اینٹ  نہیں اکھاڑ سکے۔  نہ سائنس  میں، نہ تحقیق و ریسرچ  میں نہ میڈیکل  میں اور نہ ہی  بے تیغ یا باتیغ سپاہی  کے طور پر ۔ اس کے برعکس سوا ارب سے زائد مسلمان اختلاف و انتشار اور فتنہ و فساد میں حرف ِ آخر ہیں۔ اسلام کی ترقی یا اسلام کے کارگر ہونے ، یا اسلام کیلئے  کوئی نظام چیلنج  نہ ہونے ، دیا دنیا  تیزی سے اسلام کے قریب یا مشرف بہ اسلام ہوتی جارہی ہے کی  خوش فہمی ، یا اسلام کے نظام تعلیم میں ترقی  پانے یا اسلام ایک مکمل ضابطہ ٔ حیات ہے یا تقویٰ  و خوف خدا کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں سے میرا سوال ہے کہ کیا مغرب کی جدید سائنس و ٹیکنالوجی کے بغیر مسجد  الحرام میں 30 لاکھ افراد کے بیک وقت نمازیں پڑھنے کا عمل ممکن ہوسکتا تھا؟حرم شریف میں بجلی کا جدید نظام ، آسمان کو چھوٹی عمارتیں کیا یہ سب اسلامی تعلیمات کی وجہ سے عالم  وجود  میں آیا؟ یہ سب  مغربی  تعلیم  اور عیسائی یا یہودی سائنس دانوں کی برکت سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔ درجنوں  منزلوں  پر لاکھوں  نمازیوں  کو چند  لمحوں  میں لے جانے والے  (Escalaters  معاف کیجئے گا میرے پاس اس کا اردو متبادل نہیں ہے)  جو ہیں وہ ‘‘مومنوں’’ کی  ایجاد نہیں ہیں،  حرم میں بہترین قسم کا ساؤنڈ سسٹم ہے  جس سے حرم شریف اور اس کے اطراف کی درجنوں بلڈنگوں میں واقع ہزاروں کمروں میں بھی امام کی آواز  واضح سنائی دیتی ہے یہ ساؤنڈ سسٹم  بھی خدا کے مقرب مسلمانوں کی ایجاد نہیں ہے، یہاں یہ بات بھی یاد رکھنے کے قابل ہے کہ یہ وہی ساؤنڈ سسٹم  ہے جس کی ایجاد پر حرم شریف  سے ہی ‘‘حرام’’ کا فتویٰ جاری کیا گیا تھا۔ اللہ اللہ ......

عالمی سطح پر تعلیمی میدان  میں مسلمانوں  کا تناسب 6.3 فیصد ہے اور اسی عالمی سطح پر مسلمان دوسری قوموں سے 85 سال پیچھے  ہیں، جب ساتویں صدی میں تاتاریوں  نے حملہ کیا تو ہم سے ایک بھیانک غلطی  ہوگئی ہم نے دینی علوم کو عصری و جدید علوم کے مقابل  لاکھڑا کیا وہیں سے علم دوستی  جاتی رہی اور آج ہم 700 سال  پیچھے  چلے گئے ۔خلفائے راشدین کے عہد میں سوائے قرآن کریم کے او رکوئی علم مدون تھا نہ رائج ہوا تھا حتیٰ کہ احادیث کی تدوین بھی نہیں  کی گئی  تھی، یہاں سوال اٹھتا ہے کہ پھر ہمارے ‘‘عہد عروج’’ میں کیا تھا؟ جواب ہے غلام تھے ، لونڈیاں تھیں، ہاتھ کاٹنے کی سزا تھی  ، سنگسار تھا، مال غنیمت تھا، متعہ تھا، سازشوں کا انبار تھا، قبائلی  روایات تھیں، غیر جمہوری اقتدار تھا،  تین خلیفوں کی شہادت  تھی۔ کیا نہیں تھا؟ تو  کیا ہمیں  ان کی تعریف  و توصیف  کے پل باندھنے چاہئے ؟  کیا یہی مکمل اور جامع سیاسی و مذہبی حکومت تھی؟ اندلس میں مسلمانوں کی آٹھ سو برس حکومت کے باوجود  آج غرناطہ اور قرطہ کے کھنڈ رات اور الحمراء  کی باقیادت کے سوا اسلام کے پیروکار وں اور اسلامی تہذیب کے آثار کا کوئی نقش نہیں ملتا ، یہی حال سونے کی چڑیاں ہندوستان کا ہے یہاں بھی آگرہ کا تاج محل  ، دلی کا لال قلعہ اور لاہور کی جامعہ مسجد وغیرہ وغیرہ کےسوا مسلمانوں کی ہزار سالہ حکومت اور اس کی تہذیب کا کوئی نشان نہیں  ملے گا۔

تعلیم کی میدان میں  مسلمانوں  کا زوال 1350 کے بعد تیزی  سے ہوا ۔ مسلم سلاطین و شہنشاہوں  میں ایک بڑی کمی یہ تھی  کہ انہوں نے تعلیم گاہوں  کی جانب  کوئی توجہ و دھیان  نہ دیا نہ ہی اتنے مدرسے ، اسکول ، یونیورسٹیاں اور تجربہ گاہیں بنائیں جیسی کہ دوسری  قوموں نے اور نہ ہی تعلیم کو وہ اہمیت دی جو کہ دی  جانی چاہئے  تھی دوسری طرف نصرانی  ، یونانی اور تورانی وغیرہ علوم سے فیض یاب ہوتے رہے اور یہی بعد میں انہوں نے بین الاقوامی شہرت کی تجربہ گاہیں بھی بنوائیں جنہیں ‘‘شمیہ’’ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ مسلمانوں نے جو علوم بالخصوص سائنس کے تئیں بے رخی برتی وہ آج بھی برقرار ہے حکومت چاہے۔ ہندوستان کےمغلوں  کی ہوا ایرانی  صفوں حکمرانوں کی ہو،  عثمانی ترکوں  کی ہو یا دیگر سلاطین کی ہو۔ سوال یہ ہے کہ اسلامی دنیا میں سائنسی  علوم کا مطالعہ کیوں ختم ہوگیا اور  مسلمان اس علمی  ترقی کیوں مستفیض نہ ہوسکے !  طویل  او ر تلخ  واقعات کی تفصیل میں جائے بغیر  میرے حساب  سے جو علم کے دروازے پر دستک  دے گا اسی  کے لئے دروازہ کھلے گا یہی وجہ ہے کہ علم  کا درتو ہے لیکن مسلمانوں کیلئے نہیں  ، جنہوں نے دستک  دی ان  کیلئے ......

 ظالم ہیں مظلوم بھی ہم ہر شر سے منسوب ہیں ہم

ایسا حال  ہوا کیوں اپنا میں بھی  سوچوں تو بھی سوچ

28 جنوری، 2013 بشکریہ : روز نامہ صحافت ، ممبئی

URL:

 http://www.newageislam.com/urdu-section/asad-mufti-اسد-مفتی/why-should-we-not-consider-the-west-our-saviour?-مغرب-کو-اپنا-مسیحا-نہ-مانے-تو-پھر-کس-کو-مانے؟/d/10178

 

Loading..

Loading..