گریس مبشر،
نیو ایج اسلام
28 جولائی 2023
عربی-ملیالم، ملیالم زبان کو عربی
میں لکھنے کا طریقہ ہے۔ عربی میں اٹھائیس حروف ہیں۔ ملیالم رسم الخط کا استعمال کرتے
ہوئے ان میں سے صرف پندرہ ہی لکھے جا سکتے ہیں۔ باقی تیرہ خط نہیں لکھے جا سکتے۔ ملیالم
کے حروف علت 'أ', 'آ', 'ای', 'ایی', 'او' 'اوو' وہ حروف ہیں جو عربی میں ہی لکھے جا
سکتے ہیں۔ 'اے'، 'ای'، 'آئی'، 'او'، 'یو' عربی میں ایک جیسے نہیں ہیں۔ مثال کے طور
پر، کوئی عربی حرف ایسا نہیں ہے جسے ملیالم حرف 'چا' کی جگہ استعمال کیا جا سکے۔ ایک
عربی حرف ہے جس کا تلفظ 'جا' ہے۔ حرف 'جا' کو جو ایک نقطے سے لکھا جاتا ہے، دو مزید
نقطے جوڑ کر 'چا' بنایا جاتا ہے۔ اس طرح ملیالم سے عربی رسم الخط میں ہر حرف کو تبدیل
کیا جاتا ہے۔ ایک جیسے تلفظ والے عربی الفاظ سے مسلم ثقافت سے متعلق ملیالم حروف کو
تبدیل نہیں کیا جا سکتا، اس لیے ملتے جلتے عربی حروف میں معمولی ترمیم کرکے نئے حروف
بنائے گئے۔ لہذا، اس طرح عربی ملیالم کو کیرالا کے مسلمانوں کی تکثیریت پر مبنی بقائے
باہمی کی پیداوار مانا جا سکتا ہے۔ شمالی ہندوستان کی طرح مخصوص زبانوں کے ذریعے الگ
شناخت رکھنے کے بجائے، کیرالا کے مسلمانوں نے عربی رسم الخط میں ترمیم کے ساتھ ملیالم
زبان کو اپنایا۔ لسانی تکثیریت کے اس پہلو کو جنوبی ہندوستان میں بے مثال سماجی ہم
آہنگی کی وجہ کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
اس کی ابتدا
صحیح وقت کا تعین نہیں کیا جا سکتا
کہ عربی ملیالم کی تشکیل کب ہوئی۔ ہاں! یہ سمجھنا چاہیے کہ کیرالہ کے مسلمان ابتدائی
اسلامی ادوار میں ایک کمیونٹی کے طور پر تشکیل پائے تھے اور یہاں مذہبی علوم کی تشکیل
تب سے ہوئی جب سے حالات عام مسلمانوں تک پہنچے۔ الور ایس پرمیشورن پلائی نے 1953 میں
شائع ہونے والی اپنی کیرالہ کی ادبی تاریخ میں عربی ملیالم کی ابتداء آج سے چھ سو سال
پہلے قرار دیا ہے، (جلد: 1، 1953:228)۔ کچھ حقائق پر نظر ڈالتے ہوئے، یہ سمجھا جا سکتا
ہے کہ عربی ملیالم کی شروعات 9ویں صدی سے ہوئی (O.
Abu, Arabimalayala Sahityam, 1970:16-17)۔ کے. ابوبکر لکھتے ہیں کہ تاریخ میں نویں صدی عیسوی سے یہاں مسلمانوں
کی موجودگی کا ثبوت ملتا ہے اور عربی ملیالم کو کم از کم اتنا ہی زیادہ پرانا مانا
جا سکتا ہے۔
کیا عربی
ملیالم ایک زبان ہے؟
ماہر لسانیات او ابو کہتے ہیں کہ
عربی ملیالم ایک زبان ہے اور اس زبان کے اپنے ہی اصول و قواعد ہیں، (History
of Arabic-Malayalam Literature,22(عربی ملیالم ادب کی تاریخ، 22)۔ سی کے کریم بھی اس رائے کا اظہار کرتے
ہیں (کیرالہ مسلم ڈائریکٹری، 170)۔ کے شمس الدین کہتے ہیں کہ عربی ملیالم، ملیالی زبانوں
میں سے ایک کی تحریری شکل ہے۔ (مپلا ملیالم زبانوں کا مرکب ہے)۔ لیکن ایم این کاراسری
کہتے ہیں کہ عربی ملیالم صرف مالاباری مسلمانوں کی تحریری زبان ہے۔ بہر صورت، عربی-ملیالم
بھی عربی رسم الخط کا مکمل استعمال کرتے ہوئے، ملیالم زبان کو ایک الگ رسم الخط میں
جمع کرتے ہوئے اپنی کچھ اصولیاتی اور لسانیاتی خصوصیات کو ظاہر کرتی ہے۔
عربی ملیالم کا وجود صرف زبانی
بول چال کے ذریعے ہی نہیں تھا۔ اس زبان کی ٹھوس بنیاد اس کا رسم الخط ہے، 'مالا لٹریچر'
(روایتی گیت) لطف اندوزی کے ذرائع اور ایک بھرپور ادب۔ قدیم عرب تاجروں کے سامراجی
مفادات نہیں تھے۔ انہوں نے وسیع ترین انسانی ثقافت کو اہمیت دی۔ ساز و سامان اور خدمات
کے تبادلے کے ساتھ یہاں ایک مضبوط سماجی رشتہ بھی موجود تھا۔ اس لیے بہت سے عربی الفاظ
ملیالم کی بول چال کی زبان میں وقوع پذیر ہوئے۔
بہت سے عربی الفاظ ہیں جو ملیالم
بول چال میں ملیالی روایت میں عربی-ملیالی سماجی ہم اہنگی کے دیرپا اثر کے طور پر استعمال
ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر دیکھیں؛ رحمت، منزل، مسافر، چھایا، ہامک، ذکر، درس، الف،
عادت، محبت، بہر، نکاح، مہر، پوریشا، مونجتی، منوہاریکا، ادکم، کتوشا، پوتھی، بیٹر،
بندھوکا وغیرہ۔
ایسے ہی تجربات
جہاں مسلمان رہتے تھے وہاں کی مقامی
زبان کو عربی رسم الخط میں لکھنے کا رواج تھا۔ مثلاً عربی-پنجابی، عربی-تمل، عربی-کنڑ،
عربی-سندھی وغیرہ۔ اسی طرح ہسپانوی مسلمانوں نے ہسپانوی زبان کو عربی رسم الخط میں
لکھا۔ اسے الجامیدو کہا جاتا تھا۔ اس رسم الخط میں کئی کتابیں لکھی گئی ہیں۔ عربی ملیالم
کی طرح، اسے 1492 کے آس پاس حکومتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا اور اس کا ایک بڑا حصہ
تباہ کر دیا گیا (سید عزیز الرحمن، 2002، 493-491)۔
جب مذہبی علوم مسلمانوں کے لیے
ناگزیر ہو گئے اور اسی تلفظ کے ساتھ عربی حروف سے مسلم ثقافت سے وابستہ کچھ ملیالم
حروف کو تبدیل کرنے میں کامیابی نہیں ملی، تو مسلمانوں کو مقامی زبان میں عربی رسم
الخط استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ایک مذہبی ضرورت کے نتیجے میں پیدا ہوئے، عربی
ملیالم نے ثقافت کا بھی کام کیا۔
مزاحمت کی
علامت
مپیلا لوگوں نے عربی ملیالم ایجاد
کی اور اس طرح نوآبادیاتی زبان بولنے والوں کے خلاف ایک متبادل نظام کھڑا کیا۔ اس طرح
کے لسانیاتی نفاذ کا مشاہدہ ان مزاحمتی معاشروں میں کیا جا سکتا ہے جو سیاسی اور ثقافتی
نوآبادیاتی دخل اندازی کے خلاف مزاحمت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ قومیں جو یہ مانتی
ہیں کہ جس زمین، ثقافت اور عقیدے کے ہم حامل ہیں ان کی اپنی شناخت ہے اور انہیں ایسا
کرتے رہنا چاہیے یعنی اپنی بولیوں کے ذریعے استعماریت کے خلاف مزاحمت کرتے رہنا چاہیے۔
استعماریت کا مقابلہ لسانی طور
پر تین طریقوں سے کیا جا سکتا ہے۔ اول یہ کہ استعماری طاقتوں کی زبان کو مکمل طور پر
مسترد کر دیا جائے اور صرف وہی زبان استعمال کی جائے جو اپنی ثقافت کی نقوش رکھتی ہو۔
اس کی ایک مثال کینیا کا قلمکار Ngũgĩ
wa Thiong'o ہیں، جس نے اپنی یونیورسٹیوں سے انگریزی کے ایسے شعبوں پر پابندی لگانے
کا فیصلہ کیا تھا، جو ان کے ثقافتی ورثے اور شعور کو کنٹرول کرتے ہیں اور مغربی جدیدیت
کو فروغ دیتے ہیں، اور وہ ہر بات اپنی Gikuyu زبان میں لکھتے تھے۔ مجھے یقین ہے کہ کینیا کی Gikuyuزبان
میں ان کی تحریریں سامراجیت کے خلاف افریقہ اور کینیا کے لوگوں کی جدوجہد کا ایک جزو
لاینفک ہے۔
دوم، استعماریت کی زبان کو ایک
ضروری عالمی تناظر میں استعمال کرتے ہوئے، یہ اس کے اندر لسانی اور موضوعاتی دونوں
لحاظ سے اپنی ثقافت اور زمین کے نشانات قائم کرتا ہے۔ اس کی ایک مثال نائیجیریائی مصنف
چنوا اچیبی ہیں، جنہوں نے انگریزی میں لکھا لیکن شعوری طور پر اپنے ناولوں میں اپنے
قومی محاورات اور استعماریت مخالف موضوعات کا اظہار کیا۔ یہ استعماری زبان کے اندر
ایک متوازی لسانی ثقافت کی تخلیق ہے۔
سوم، نوآبادیاتی زبان کو مکمل طور
پر استعمال کرنے پر مجبور ہوتے ہوئے، اس احساس پر عمل کریں کہ یہ ہماری اپنی زبان اور
ثقافت نہیں ہے۔ اس کی ایک مثال معروف مشرقی دانشور ایڈورڈ سعید کا لسانی نقطہ نظر ہے۔
ایڈورڈ سعید کہتے ہیں کہ جب ہم اسکول میں انگریزی سیکھتے ہیں تو ہم ان کی زبان سیکھتے
ہیں اور جب ہم انگریزی بولتے ہیں تو ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ میری زبان نہیں
ہے۔ (جمال کوچنگڈی، 156-2007:144)33
ان میں عربی ملیالم پہلے طریق کار
کا حصہ ہے۔ عربی ملیالم کے ذریعے میپلاؤں نے ثابت کیا کہ ان کی اپنی شناخت ہے اور وہ
اس کے ذریعے جو چاہیں اظہار کر سکتے ہیں، اور استعماری زبان کو یکسر مسترد کر دیا۔
یہ بات قابل غور ہے کہ مپیلا لٹریچر نے استعماریت مخالف موضوعات کو شائع کیا اور ان
کا رسم الخط بھی مزاحمت کی علامت ثابت ہوا۔
فرقہ وارانہ
ہم آہنگی زبان کے ذریعے پروان چڑھی
ہندوؤں اور مسلمانوں کی مشترکہ
زبان نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مستحکم کرنے میں مدد کی۔ شمالی ہند کے برعکس، جہاں
لسانی علیحدگی پسندی فرقہ وارانہ کشیدگی کی بنیادی وجوہات میں سے ایک تھی، یہاں لسانی
رکاوٹوں کی عدم موجودگی نے برادریوں کو متحد کیا۔ ہندوؤں نے ملیالم کو سنسکرت میں اور
مسلمانوں نے عربی میں لکھا۔ زبان کی مماثلت نے دونوں برادریوں کو ثقافت کا اشتراک کرنے
میں مدد کی۔ دونوں برادریوں کی جانب سے ثقافتی امتزاج کی یہ روانی آج بھی محسوس کی
جاتی ہے۔
نامور ادبی مورخ الور پرمیشرن کے
جمع کردہ تاریخی ریکارڈ میں یہ بتایا گیا ہے کہ ہندو تجارت اور فنون لطیفہ کے لیے عربی
ملیالم کا استعمال کرتے تھے۔ سنسکرت کی ادبی روایات کو مسلمانوں نے مستعار لیا اور
عربی ملیالم میں پیش کیا۔ اگرچہ ملیالی شاعری میں مسلم موضوعات کو 20ویں صدی کے آغاز
سے ہی غیر مسلم شاعروں نے متعارف کرایا تھا، لیکن ملیالی ادب میں مسلمانوں کا داخلہ
دیر سے ہوا ہے کیونکہ مسلم شعراء عربی ملیالم سے لگاؤ رکھتے ہیں۔ سنسکرت کی ادبی روایت
کی تقلید میں ملیالی شاعروں نے مہا کاویام کی تشکیل کی۔ راما چندرا ولاسام، ازاکتھ
پدمنابھ نے لکھا تھا۔ کرپ اور کٹکائیم چیریان مپیلا، سری یشو وجیام نے لکھا۔ لیکن محمدم
ایک طویل عرصے کے بعد ہی لکھا گیا۔ سنسکرت اور ملیالم کے ایک مسلم اسکالر پونکنم سیدو
محمد نے اس مہا کاویام کو اسی سنسکرت زبان میں لکھا ہے اور یہاں شاعر نے بنی نوع انسان
کی کہانی کو اسلامی تناظر میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس میں قرآن کی تفصیل بھی موجود
ہے۔
کیرالا، ہندو مسلم بھائی چارے کی
افزائش گاہ ہے۔ قرون وسطیٰ میں بہت سے ملاح جو صلیبی جنگوں کا انتقام لے کر مسلمانوں
کے ملک کی تلاش میں سفر کر رہے تھے۔ جب 1600 میں کیرالہ آنے والے پرتگالی ایڈمرل کیبرال
نے کوزی کوڈ کی بندرگاہ سے تمام مسلمانوں کو نکالنے کا مطالبہ کیا تو اس نے اس کی مخالفت
کی اور کہا کہ وہ عرب تاجروں کو اپنی رعایا کے طور پر دیکھتے ہیں۔ یہ دوستانہ ماحول
ان مسلمانوں کے لیے باعثِ فخر رہا ہے جو تجارت کے لیے سمندر پار کر آئے تھے۔ بہت سے
لوگوں نے، جو صوفیاء کی تعلیمات سے متاثر ہوئے اور ان سے فیض یاب ہوئے، مذہبی اداروں
کو بہت سے تحفے دیے۔ ہندوؤں کے تعاون سے کئی جگہ چرچ بنائے گئے۔ ہندو بادشاہوں نے کئی
مساجد بھی بنوائیں۔ ملاپورم چرچ ملاپورم کے ہندو حکمران پارنامبی نے بنوایا تھا۔ مندر
اور چرچ کا ایک دوسرے کے ساتھ پایا جانا کیرالہ میں ایک حیرت انگیز نظارہ ہے۔
چلت شاستر مندر کے قریب شیخ کی
مسجد کے احترام کی علامت کے طور پر عید پر جانوروں کی قربانی نہیں کی جاتی ہے۔ مسلم
اراکل خاندان کے بہت سے معمولات ہندو چراکل خاندان سے ملتے جلتے تھے۔ شاہی محل اور
شادی کی روایات مماثلتوں سے بھری ہوئی تھیں۔ پوننی اور کننور کے ساحلی علاقوں میں پائے
جانے والے چرچ تقریباً مندروں کی طرز پر بنائے گئے ہیں۔ جبکہ مسجدیں، جو نقش و نگار
سے بھری ہوئی ہیں، پودوں اور بیلوں سے کندہ ہیں، مندروں میں دیوتاؤں کی تصویریں ہیں۔
شاعر کمبلت گووندن نائر نے مالابار جنگ کے بارے میں پتا پت (جنگی نظم) لکھا ہے۔ اگرچہ
بہت سے لوگوں نے اپنی نفرت کا اظہار کرنے کے لیے ادبی صنف کا سہارا لیا، لیکن وہ حقائق
جو انھوں نے زندگی میں دیکھے انھیں لوگوں نے مسترد کر دیا۔
آرٹ کی شکلیں مذہبی ہم آہنگی کو
برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ مالا کے گانے (Panegyrics) جو کہ مذہبی ہم آہنگی
کی بنیاد ہیں، دونوں برادریوں کے درمیان ہم آہنگی بنائے رکھتے ہیں۔ یہاں تک کہ سلطنتوں
کے درمیان دوستی میں، عربی ملیالم سے متاثر ہو کر فنون کا تبادلہ ہوا۔ یہ بات کہ نواب
کلری کے اہم ممد و معاون تھے، اس گہرے تعلق کی نشاندہی کرتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر
معاشرے کی روشن خیالی اور تہذیب کا اندازہ لگانے میں فنون لطیفہ اور مجسمہ سازی کو
لٹریچر کی ہی طرح اہمیت دی جاتی ہے، اور اسی بنیاد پر ان کے تحفظ کا بھی سوال پیدا
ہوتا ہے۔
مختصر یہ کہ ایسے فنون اور ادبی
روایات جو شناخت کا پیمانہ ہیں ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ آرٹ کی شکلیں اور لسانی
تنوعات مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سلفیوں کی طرف
سے جامع ادبی روایت کی مذمت کی مخالفت کی جانی چاہیے کیونکہ ان میں ملک کو تفرقہ کی
آگ میں جھونکنے کی طاقت موجود ہے۔ اسلام بحیثیت مذہب کے، جدید اصلاح پسندوں کے برعکس،
تکثیری ادبی روایات اور فنون لطیفہ کو مکمل طور پر قبول کرتا ہے۔ اس بنیاد پر عربی
ملیالم کو تاریخی طور پر فرقہ وارانہ بھائی چارے اور مذہبی امتزاج کے مجسمہ ہونے کی
بدولت، خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
URL:
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism